مطالعے کی عادت کی افزائش کے لیےماحول کی بڑی اہمیت ہے۔ اچھا علمی ماحول ،اہل علم کی صحبت اور علمی فضا ایک جاہل آدمی کے اندر بھی علم کی پیاس پیدا کر دیتی ہے۔ جب کہ غیر علمی ماحول اور جہلا ءکی صحبت علم دوستوں کے مزاج کو بھی بگاڑنے کا سبب بنتی ہے۔ ہم تاریخی تذکروں میں پڑھتے ہیں کہ نہ جانے کتنے باکمال لوگ گزرے ہیں جنہوں نے کسی تعلیمی ادارے میں با قاعدہ تعلیم حاصل نہیں کی، لیکن محض ماحول کے اثر سے اور اہل علم کے ساتھ اٹھنے بیٹھنے کے سبب ان کے اندر نہایت نفیس علمی ذوق پیدا ہو گیا۔
ہم اگر اپنے اندر اور اپنے دوستوں کے اندر مطالعے کا شوق اور علمی ذوق کی افزائش چاہتے ہیں ،تو ہمارے لیے ضروری ہے کہ اپنے ارد گرد اچھا علمی ماحول پیدا کرنے کی سنجیدہ کوشش کریں اور اس کے لیے شعوری طور پر خصوصی اقدامات کریں۔
علمی ماحول کی افزائش و نمو میں کئی طرح کے لوگوں کو رول ادا کرنا پڑتا ہے۔ اساتذہ، والدین و سرپرست، دیگر بزرگ، دوست احباب؛یہ سب اپنا رول ادا کرتے ہیں۔ لیکن اس مضمون میں چونکہ ہمارے مخاطب ہمارے طالب علم دوست ہی ہیں، اس لیے ہم ماحول کے صرف اس حصے سے بحث کریں گے،جس کا تعلق تنظیم یا حلقہ ٔاحباب سے ہے۔ ہماری تنظیم یا حلقۂ احباب کا ماحول ایک معیاری تعلیمی ادارے کا ماحول ہونا چاہیے۔ جہاں دوستوں کی محفل میں بے شک ہنسی مذاق بھی ہوتا ہو، پر لطف چھیڑ چھاڑ بھی ہوتی ہو، ملکی سیاست اور مقامی وقتی مسائل پر بھی بات ہوتی ہو، لیکن ان کے ساتھ ساتھ دنیا میں رائج افکار و خیالات پر صحت مند مذاکرات بھی ہوتے ہوں، دنیا بھر کے موضوعات پر باتیں ہوتی ہوں۔ کتابیں، رسالے، مجلات، اعلیٰ علمی مضامین، ویب سائٹس اور معروف دانش وروں کے لیکچرز زیر بحث آتے ہوں ، تقریباً روزانہ کتابوں ، مضامین اور مقالات کا لین دین ہو تا ہو ، پارٹیوں اور تفریحی سرگرمیوں کے ساتھ علمی محفلوں میں شرکت کے منصوبے بنتے ہوں اور جہاں خود ہمارے درمیان بھی علمی محفلوں کو مرکزی حیثیت حاصل ہو۔
اس طرح کے ماحول کی افزائش شعوری کوشش چاہتی ہے اور یہ شعوری کوشش ہماری ذمہ داری ہے۔ اگر ہمارا ماحول علم دوست ہو تو اس میں ہمارے دوستوں کا بھی فائدہ ہے اور ہمارا بھی۔ اگر ہمارے احباب مطالعے کے ذوق سے آراستہ نہیں ہیں، یا صحیح ذوق نہیں رکھتے ، بہت کم پڑھتے ہیں، ان کی گفتگو زیادہ تر فضولیات پر مشتمل ہوتی ہے، تو ہم چاہیں نہ چاہیں ، ہمارے ذوق سلیم پر بتدریج اس کا اثر مرتب ہو کر رہتا ہے۔ آپ اعلیٰ علمی مضامین پڑھ کر جارہے ہیں اور دن بھر آپ کو کرکٹ، ملکی سیاست اور شہر، گلی یا دفتر کے چھوٹے موٹے واقعات اور شکایات کے علاوہ کوئی بلند مضمون سننے کو نہیں مل رہا ہے تو ایسی صورت میں آپ ( خصوصاً طلبہ و نوجوان) زیادہ دنوں تک اپنے نفیس ذوق کی حفاظت نہیں کر پاتے۔ صبح سے شام تک اپنے دوستوں کے ساتھ موضوعات کے نہایت تنگ دائرے میں سفر کرتے کرتے آپ کا ذہن بھی تنگ ہونا شروع ہو جاتا ہے اور اس کے اندر سے علمی دنیا کی لامحدود وسعتوں کا احاطہ کرنے کی صلاحیت بتدریج ختم ہونے لگتی ہے۔ چنانچہ اپنے ارد گرد اچھے اور پاکیزہ علمی ماحول کی نشوو نما صرف آپ کے دوستوں ہی کی نہیں،آپ کی بھی بنیادی ضرورت ہے۔ جن لوگوں کے اندر مطالعے کا ذوق نہیں ہے، ان کی بھی ضرورت ہے، تاکہ ان کے اندر یہ ذوق پید اہو اور جن کے اندر یہ ذوق موجود ہے، ان کی بھی ضرورت ہے، تاکہ یہ ذوق باقی رہے اور اس میں مزید ترقی ہو۔ اس ماحول کی افزائش بنیادی طور پر ان لوگوں کی ذمہ داری ہے جو مطالعے کا شوق اور ذوق رکھتےہیں۔ وہی اس کی اہمیت کو محسوس کر سکتے ہیں، اس کے سلسلے میں کچھ سوچ سکتے ہیں اور کوئی اقدام کر سکتے ہیں۔
مطالعے کی تحریک پیدا کرنےوالےعوامل
مطالعے کی تحریک پیدا کرنے والے کئی عوامل ہیں، ان میں سے بعض عوامل پر آئندہ سطور میں بحث کی جارہی ہے۔ علمی ماحول کی افزائش کے لیے ضروری ہے کہ ان عوامل کو پیدا کرنے پر توجہ دی جائے۔
ضرورت
ان میں سب سے پہلا عامل ضرورت ہے۔ ضرورت ایجاد کی ماں ہے اور ضرورت عمل اور کام کی بھی ماں ہے۔ ضرورت آدمی سے مشکل سے مشکل اور ناگوار سے ناگوار کام بھی کرو الیتی ہے اور ضرورت نہ ہو تو ایک عام آدمی احسن سے احسن کام کی طرف بھی متوجہ نہیں ہوتا۔ یہ انسانی فطرت ہے۔
ہم اپنی روز مرہ کی زندگی میں بھی دیکھتے ہیں کہ ایک ناخواندہ چپراسی بھی اپنی ملازمت کے قوانین وضوابط اور حکومت کے متعلقہ جی آرزوغیرہ سے واقف ہوتا ہے۔ وہ کسی نہ کسی طرح ان کا مطالعہ کرتا ہے یا پڑھوا کر سنتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہوتی ہے کہ یہ معلومات اس کی ضرورت ہوتی ہیں اور ضرورت اسے مجبور کرتی ہے کہ وہ یہ علم حاصل کرے۔
علمی ماحول پیدا کرنے کے لیے پہلی ضرورت یہ ہے کہ مطالعے کو لوگوں کی ضرورت بنادیا جائے۔ اگر مطالعہ ضرورت بن جائے اور اس کا احساس لوگوں کے اندر پیدا ہو جائے تو وہ خود مطالعے کی طرف متوجہ ہوں گے۔ ضرورت پیداکرنے اور اس کا احساس پیدا کرنے کے لیے سب سے اہم محاذ د عوتی کام ہے۔ دعوتی کام کے نتیجے میں خود بخود لوگوں کو مختلف نظریاتی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اور یہ نظریاتی مسائل اور چیلنجز انہیں مطالعے کے لیے مجبور کرتے ہیں۔
زیادہ گہرے مطالعے کے لیے تحریک پیدا کرنے کی غرض سے یہ بھی ضروری ہے کہ دعوتی کام کے دوران لوگوں کو تعلیم یافتہ، ذہین اور دانش ور طبقات سے بھی رابطے کا موقع فراہم کیا جائے۔ ان کی نسبتاً بلند پایہ تنقید یںآپ کو اپنی علمی سطح بلند کرنے پر مجبور کریں گی۔
شہر کی باوقار علمی محفلوں میں شرکت، وہاں نمائندگی، اہل علم کے بھاری بھر کم سوالات کا سامنا، ان سے ربط و تعلق، مختلف موضوعات پر ان سے مذاکرات، یہ سارے کام علمی پیاس پیدا کرتے ہیں۔
دعوتی کام کے علاوہ بھی بے شمار کام ہم کرتے رہتے ہیں۔ ان کاموں کو اگر ایک مخصوص طریقے سے پیش کیا جائے اور معیاری طریقے سے ان کو انجام دینے کی تڑپ پیدا کی جائے تو ہر کام علمی ارتقا کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ مثلاً ہم نے دعوتی مہمات کی تیاری کے لیے علمی تربیت اور اسٹڈی کٹز (study kits) کا ایک سلسلہ شروع کیا تھا۔ اس طرح ہر دعوتی مہم علمی ترقی اور سنجیدہ موضوعات پر کچھ مفید مطالعہ جات مکمل کرنے کا ذریعہ بن رہی ہے۔ اگر ہر یونٹ میں کچھ لوگ صحیح وژن کے ساتھ آگے بڑھیں تو تنظیم کے ہر کام کو وہ مطالعے کے لیے ایک اہم محرک بنا سکتے ہیں۔ تعلیمی ترقی و بیداری مہم ہو رہی ہے تو آپ ایسا ماحول بنادیجیے کہ مسلمانوں کی تعلیمی پس ماندگی، ملک کی تعلیمی صورت حال، تعلیمی مسائل، نظام تعلیم اور تعلیمی پالیسی وغیرہ امور پر تحقیق و مطالعے کا سلسلہ خود بخود شروع ہو جائے۔ لوگ انٹرنیٹ پر بیٹھ کر تعلیمی بیداری و ترقی کے لیے دنیا بھر میں اختیار کیے جارہے نادر طریقوں کی تلاش شروع کر دیں۔ کوئی اہم سیاسی واقعے پیش آگیا تو اس واقعہ کے محرکات و عوامل پر تفصیلی مطالعے کا ماحول بن جائے۔
اس چیز کا انحصار اس بات پر ہے کہ قیادت اور ہمارے حلقے کے پڑھے لکھے لوگ کسی کام کے سلسلے میں کیا وژن دیتے ہیں ؟ اگر ان کا وژن بہت ہلکا پھلکا ہے تو ہلکے پھلکے طریقے سے کام بھی مکمل ہو جائے گا اور اگر وژن میں گہرائی ہے تو لوگوں کو گہرے مطالعے کے لیے مجبور ہونا پڑے گا۔ مثلاً اگر تعلیمی ترقی بیداری مہم کے دوران قائدین و با اثر لوگوں کی جانب سے سطحی اور عوامی باتوں پر اکتفا کر لیا جائے تو گہرے مطالعے کی کوئی ضرورت در پیش نہیں ہوگی، لیکن قائدین سنجیدہ تجزیے کریں اور ایسا تاثر دیں کہ بہت تیاری کے ساتھ کچھ اہم کام کرنے ہیں، تو لوگ بھی سنجیدہ مطالعہ و تحقیق کو ایک ضرورت سمجھیں گے اور اس کی تعمیل کی طرف توجہ بھی دیں گے۔
مطالعے کو ایک ضرورت بنادینے کے لیے یہ بھی ضروری ہے کہ ہمارے اجتماعات، پروگراموں وغیرہ میں ایسے موضوعات کا مستقل احاطہ ہو تا رہے جن کے لیے گہری تیاری اور سنجیدہ مطالعہ ضروری ہو۔ اگر ہم لٹریچر کے عوامی موضوعات پر اکتفا کرتے رہیں تو ہمارے ماحول میں سرسری مطالعے کے ذریعے یا اس کے بغیر بھی ان موضوعات کا احاطہ ہو سکتا ہے، لیکن جدید ترین احوال و مسائل پر مبنی موضوعات متواتر آتے رہیں تو ان کے لیے لازماً سنجیدہ ا ور گہرے مطالعے کی طرف متوجہ ہونا پڑے گا۔
پھر ماحول اس طرح بنے کہ لوگ اپنے اپنے کاموں کو انجام دینے کی خاطر مطالعے کو ناگزیر سمجھیں، مثلاً مقامی صدر منتخب ہوتے ہی ایک شخص مینجمنٹ کی کتابوں کے گہرے مطالعے کو ناگزیر محسوس کرے۔
کوئی تعلیمی مسئلہ پیش آگیا تو آر گنائزر اس پر اسٹینڈ لینے سے قبل متعلقہ قوانین، جی آر اور دیگر متعلقات کے سنجیدہ مطالعے کو ضروری محسوس کرے۔ اس چیز کا انحصار بھی ورک کلچر اور خاص طور پر قائدین کے اند از کار پر ہے۔ اگر وہ سطحی معلومات پر اکتفا کرتے ہوئے آگے بڑھنے کے عادی ہوں تو وہی ماحول بنے گا۔ لیکن اگر وہ ہر مسئلے پر عمل و اقدام سے قبل گہرے مطالعے کی ضرورت و اہمیت تسلیم کرتے ہوں تو اس کے نتیجے میں تنظیم کا ہر فرد اپنے اپنے کاموں کے لیے مطالعے کی ضرورت محسوس کرے گا۔
ٹارگیٹ یا ہدف
عام لوگ دباؤ کے تحت کام کے عادی ہوتے ہیں۔ جب تک کوئی دباؤ نہ ہو، کام کی طویل المیعاد اہمیت و افادیت کو محسوس کرتے ہوئے کام کرنا ہر ایک کے لیے ممکن نہیں ہوتا۔ اگر چہ یہ ایک اچھی صفت نہیں ہے۔ آدمی کو وقتی دباؤ سے زیادہ طویل المیعاد فائدوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے کام کرنا چاہیے۔ لیکن حقیقت یہی ہے کہ یہ ہر آدمی کے بس کی بات نہیں ہوتی۔ امتحان کا دباؤ ایک طالب علم کو اسٹڈی پر مجبور کرتاہے۔ ٹار گیٹس اور ڈیڈلائنز کا دباؤ ایک ملازم یا منتظم کو کام پر مجبور کرتا ہے۔
مطالعے کا ماحول بنانے کے لیے( کم سے کم ابتدا میں) ایک حد تک اس چیز کی بھی ضرورت ہے کہ ایسی چیزیں اختیار کی جائیں جن کے نتیجے میں لوگ مطالعے کے لیے مجبور ہوں۔
اگر چہ اس کا نقصان دہ پہلو یہ ہے کہ خود سے متحرک ہو کر طویل المیعاد مفاد کو پیش نظر رکھتے ہوئے مطالعے کی عادت ( جو کامیابی کے لیے نہایت ضروری اور ناگزیر ہے) پروان نہیں چڑھتی، لیکن اس نقصان کے باوجود بعض اوقات یہ دباؤ پیدا کرنا ناگزیر ہو جاتا ہے۔ مناسب توازن قیادت کی بصیرت پر منحصر ہے۔
یہ دباؤ مختلف طریقوں سے پیدا کیا جاسکتا ہے۔ اسٹڈی سرکلز کا سلسلہ، جس میں ہر شریک کو کتاب پر بحث کرنے کے لیے کتاب پڑھنی پڑے، اجتماعات میں علمی موضوعات پر تقاریر کرانے کا سلسلہ اور تفویضات(Assignments) ؛عام طور پر وہ طریقے ہیں جو ہم اختیار کرتے رہتے ہیں۔ اس کے علاوہ اور بھی بہت سارے طریقے سوچے جاسکتے ہیں۔ بعض مفید طریقے اس مضمون کے اختتام پر درج کیے جارہے ہیں۔ فرد خود اپنے لیے بھی دباؤ کی صورتیں تخلیق کر سکتا ہے۔ اگر آدمی منظم مزاج ہو اور اس کے اندر فیصلہ کرنے کے بعد ڈٹ جانے کی صلاحیت ہو (جو کسی بھی محاذ پر کامیابی کے لیے بنیادی ضرورت ہے ) تو وہ خود اپنی ذاتی منصوبہ بندی اور انفرادی سطح پر ٹار گیٹس اور ڈیڈلائنز کے تعین کے ذریعے مطالعے کی خاطر دباؤ پیدا کر سکتا ہے۔ اس سلسلے میں کچھ مشورے مضمون:’’ تنظیم مطالعہ‘‘ میں دیے جارہے ہیں۔
انعام یا Incentive
یہ بھی مطالعے کے لیے ( اور کسی بھی کام کے لیے ) ایک اہم محرک ہوتا ہے۔ اسکول کے بچوں یا کسی کمپنی کے ملازمین وغیرہ کے لیے مادی انعام کی بھی اہمیت ہوتی ہے، لیکن دوستوں کے حلقے یا تنظیم کے ماحول میں سب سے بڑا انعام ماحول کی جانب سے پذیرائی اور قدرشناسی ہے۔ اگر علمی کاموں کی اہمیت تسلیم کی جائے، اہل علم کی پذیرائی اور ان کی قدر ہو، پڑھنے لکھنے والوں کو ان کے علم کی وجہ سے عزت ملے تو خود بخودلوگوں کے اندر پڑھنے لکھنے کا شوق پیدا ہوتا ہے، لیکن اگر مطالعے کو سرے سے کام ہی نہ سمجھا جائے، اہل علم کی کوئی قدر نہ ہو، بلکہ صرف فعالیت کی قدر ہو، پڑھنے والوں کو اپنی پڑھی ہوئی باتوں کے اظہار کا کوئی موقع ہی نہ ملے، تو یہ ساری کیفیتیں مطالعے کے سلسلے میں ہمت شکنی کا سبب بنتی ہیں۔
رکاوٹیں اور ان کا ازالہ
مطالعے کی خاطر تحریک پیدا کرنے والے عوامل کی نشوونما کے ساتھ ان عوامل کی بیخ کنی بھی ضروری ہے جو مطالعے کی فضا بنانے میں رکاوٹ بنتے ہیں۔ ہمیں ان کا شعور بھی حاصل کرنا چاہیے اور ان کے سدباب کی سنجیدہ کوششیں بھی کرنی چاہیے۔
ضیاع وقت کی عادت اور فضول سرگرمیاں
علمی ماحول کو سب سے زیادہ نقصان اس سے پہنچتا ہے۔ اگر کہیں فضول سرگرمیوں کا ماحول بن جائے تو اچھے خاصے مطالعے کے شوقین بھی وہاں جاکر برباد ہو جاتے ہیں۔ جو لطف انہیں مطالعے میں آتا تھا اس سے زیادہ لطف ان فضولیات میں وہ محسوس کرنے لگتے ہیں، اور دھیرےدھیرے مطالعے کا شوق ختم ہونے لگتا ہے۔
ان فضولیات میں گھنٹوں فضول گپ شپ کرتے بیٹھنے کی عادت، کرکٹ کے میچز دیکھنے کی عادت، ٹیلی ویژن، انٹرنیٹ چیٹ اور ( تنظیم میں ) سرگرمیوں کی غیر متوازن بہتات شامل ہے۔ ہمارے حلقہ ٔاحباب میں ان سب امور کی ہمت شکنی ہونی چاہیے۔
گپ شپ اور ہنسی مذاق کے لیے چلتے پھرتے، اٹھتے بیٹھتے اور ادھر ادھر جاتے آتے گزرنے والے اوقات استعمال میں لائے جانے چاہئیں۔ محض اس کے لیے گھنٹوں فارغ کرنا کسی صورت میں مناسب نہیں ہے۔
ٹیلی ویژن مطالعه، تخلیقی صلاحیت، وژن کی نشو نما، ان سب کے لیے سم قاتل ہے۔ اس پر روزانہ وقت گزار نے کی حوصلہ افزائی نہیں کی جانی چاہیے۔ اس کا استعمال محدود اور ناگزیر صورتوں ہی میں ہونا چاہیے، اور صرف ان ضرورتوں کے لیے ہونا چاہیے جن کی تکمیل اخبارات، کتب، میگزین، انٹرنیٹ اور دیگر ذرائع سے نہیں ہو سکتی۔ کسی ضرورت کے لیے بامقصد اور موضوعاتی چیٹ کے علاوہ، عام طور پر انٹر نیٹ پر چیٹ سیشنز کی بھی حوصلہ افزائی نہیں کی جانی چاہیے۔
مختلف سروے رپورٹوں سے معلوم ہوتا ہے کہ جہاں جہاں مطالعے میں کمی پائی گئی ،وہاں اس کا بنیادی سبب زیادہ تر ٹیلی ویژن، کرکٹ، یا چیٹ؛ ان تینوں میں کوئی عامل پایا گیا۔ ان فضول عادتوں میں سے ایک، جو خاص طور پر ہمارے ملک اور ملت میں عام ہے ، وہ نیند کی کثرت اور زیادہ سونے کی عادت ہے، صبح فجر بعد ، دوپہر میں اور دن کےعلاوہ دیگر اوقات میں سونے کی سختی سے حوصلہ شکنی کی جانی چاہیے۔
نفسیاتی رکاوٹیں
نفسیاتی رکاوٹوں میں سر فہرست مطالعے سے متعلق مختلف غلط تصورات اور احساسات ہیں۔ بعض لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ پڑھنا لکھنا محض عالموں اور دانش وروں کا کام ہے۔ ہر ایک کو اس کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ بالکل غلط تصور ہے۔ پڑھنا لکھنا ہر آدمی کی ضرورت ہے۔ ترقی یافتہ معاشروں میں حجاموں اور مہتروں کے لیے بھی کتابیں موجود ہیں اور انٹرنیٹ پر سائٹس موجود ہیں۔ آپ کسی کمپنی یا محکمے میں تیسرے درجے کی ٹیکنیشین کی بھی سروس کرنا چاہیں تو آپ کو ٹریننگ سے گزرنا پڑے گا اور کتابیں پڑھنی پڑیں گی۔ چنانچہ پڑھنا ہر خواندہ آدمی کی ضرورت ہے۔ دانش وران اور مفکرین زیادہ گہری اور عالمانہ کتابیں پڑھیں گے، تخلیقی طریقے سے سوچیں گے اور نئےعلمی کارنامے انجام دیں گے، جب کہ عام لوگ ہلکی پھلکی اور اوسط درجے کی کتابیں پڑھیں گے۔
بعض لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ پڑھنا ان کے لیے ممکن ہی نہیں ہے اور وہ مطالعہ کر ہی نہیں سکتے۔ حالانکہ یہ بالکل غلط تصور ہے۔ ہمارے حلقۂ احباب میں سنجیدہ کوششوں کے ذریعے ان سب تصورات کا سراسر باطل ہونا روز روشن کی طرح واضح کر دینا چاہیے۔
اس کے علاوہ مختلف لوگ مختلف نفسیاتی الجھنیں محسوس کرتے ہیں۔ بعض لوگ مطالعے سے فوری تھک جاتے ہیں۔ بعض لوگوں کو پڑھنا شروع کرتے ہی نیند آنے لگتی ہے۔ بعض لوگ ایک آدھ گھنٹہ پڑھتے ہی بور ہو جاتے ہیں۔ بعض لوگ پڑھی ہوئی چیزوں کو یاد نہیں رکھ پاتے۔ بعض لوگ سنجیدہ مطالعہ کرتے وقت پڑھے جارہے مواد پر توجہ مرکوز نہیں کر پاتے وغیرہ۔ یہ سب نفسیاتی امراض ہیں۔ مغربی ممالک میں اگر کوئی اس طرح کی کیفیت محسوس کرے تو وہ ڈاکٹر سے رجوع کرتا ہے۔ ہمارے ہاں اسے سرے سے بیماری نہیں سمجھا جاتا، حالاں کہ یہ سب امراض ہیں اور اگر بر وقت توجہ دی جائے تو ان کا علاج ہو سکتا ہے۔
میڈیکل سائنس کی کتابوں میں کئی بیماریوں کے نام ملتے ہیں:
dyslexia lyme desease,scotopic,sensitivity irlen,syndrome یہ اور اس طرح کی کئی بیماریاں ہیں جن کا تعلق مطالعے ہی سے ہے۔ ہمارے جو دوست ان امراض میں مبتلا ہیں انہیں ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔ بیماریاں انسانی زندگی کا جز ہیں اور کسی کو بھی کوئی بھی بیماری ہو سکتی ہے۔ بیماری کے علاج میں ہمیں کوئی شرم نہیں ہونی چاہیے۔
ڈاکٹر سے رجوع کے علاوہ ان سب امراض کے علاج کے لیے ہلکے پھلکے نسخے اور طریقے بھی موجود ہیں۔ ان موضوعات پر کتابیں بھی دستیاب ہیں اور انٹرنیٹ پر بھی بے شمار مواد موجود ہے۔ ان کے مطالعے سے ہم خود بھی مستفید ہو سکتے ہیں اور اپنے دوستوں کو بھی فائدہ پہنچا سکتے ہیں۔
مصروفیت اور تنظیم وقت کا مسئلہ
مطالعے میں ایک بڑی رکاوٹ حد سے زیادہ مصروفیت بھی ہے، بلکہ مصروفیت سے زیادہ تنظیم وقت کا نہ ہونا ہے۔ دنیا میں مصروف ترین لوگ بہت کچھ پڑھتے بھی ہیں اور لکھتے بھی ہیں۔ اس لیے مسئلہ مصروفیت کا نہیں، بلکہ وقت کی تنظیم کا ہوتا ہے۔ اس موضوع پر تفصیل سے’’مطالعے کی تنظیم ‘‘میں گفتگو کی جارہی ہے۔
مطالعے کی غلط عادتیں
بعض لوگ مطالعہ کرتے ہیں، لیکن نہایت غلط طریقے سے ،وہ کسی ایک شعبے پر مرکوز ہو جاتے ہیں۔ دن بھر اخبار پڑھیں گے اور اس کا لفظ لفظ جانیں گے ، یا جس چیز پر نظر پڑ جائے اسے اٹھا ئیں گے اور پڑھنا شروع کر دیں گے، یا کہیں سے دس میں کتا بیں اٹھا کر لائیں گے اور سب پر نظریں دوڑا کر لوٹا دیں گے اور پھر نئی دس بیس کتابیں! اس طرح کی عادتوں کے حامل صبح سے شام تک پڑھتے رہتے ہیں، لیکن ان کا یہ پڑھنانہ ان کے علمی ارتقا کا سبب بنتا ہے نہ اس سے علمی فضا بنانے میں مددملتی ہے۔
اس موضوع پر بھی’’ تنظیم مطالعہ‘‘ میں تفصیل سے بحث کی جائے گی۔
سہولتوں کی کمی
مطالعہ اور علمی ماحول کی نشوو نما میں سہولتوں کی کمی بھی بڑی رکاوٹ ہے۔ کتابیں، خاص طور پر نئے موضوعات پر چھپ رہی علمی کتا ہیں بہت مہنگی ہیں۔ بیرون ملک چھنے والی کتا بیں اور رسالے تو بہت مہنگے ہیں۔ ہر شہر میں اچھی لائبریریاں نہیں ہوتیں۔ انٹرنیٹ کا استعمال بھی بہت زیادہ سستا نہیں ہے۔ ایسی صورت میں غریب طالب علموںکو اپنے ذوق مطالعہ کی نشو و نما کے لیے سامان ہی دست یاب نہیں ہوتا۔
اس مسئلے کا ایک آسان حل یہ ہے کہ قریب کے شہر میں سب لوگ برٹش لائبریری یا کسی بھی بڑی لائبریری کی رکنیت اختیار کر لیں۔ اس کے علاوہ غور کیا جائے تو بہت سے ایسے طریقے اختیار کیے جاسکتے ہیں جن کے ذریعے مہنگی کتابوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ ایسے بعض طریقے اس مضمون کے اختتام پر درج کیے جارہے ہیں۔
مطالعے کے لیے ماحول سازی
مطالعے کے لیے ماحول سازی کی خاطر ضروری ہے کہ ایسے طریقے اختیار کیے جائیں، جن کے نتیجے میں محرکات کو کار فرما بنایا جائے اور رکاوٹوں کا ازالہ کیا جائے۔
اس مقصد کے لیے مذکورہ محرکات اور رکاوٹوں کو سامنے رکھ کر بہت سے طریقے سوچے جاسکتے ہیں۔ کچھ طریقے بطور مثال ذیل میں درج کیے جارہے ہیں:
٭ شہر کی معروف لائبریریوں کے کارڈز انعام میں، باہم تحفتاً تبادلوں کی صورت میں اور دیگر طریقوںسے عام کرنا۔
٭ رسالوں کی خریداری کے تحفوں کی ہمت افزائی کرنا، اور اس رواج کو عام کرنا۔
٭ مصنفین کے ساتھ ان کی کتابوں پر تبادلۂ خیال کے پروگرام رکھنا۔
٭ میری پسندیدہ کتاب کے موضوع پر مشہور لوگوں کے پروگرامز کے سلسلے چلانا۔
٭ بآواز بلند خواندگی کے سیشن اور نظام الاسرہ کا استحکام۔
٭ ریڈنگ پارٹی کا اہتمام، جس میں سب لوگ کسی اتوار کو ایک جگہ جمع ہوں، دن بھر ساتھ رہیں، کھائیں پئیں اور پڑھتے رہیں۔ بعض لوگ انفرادی مطالعہ کریں، بعض لوگ گروپ میں اجتماعی مطالعہ کریں، اچھے اقتباسات ایک دوسرے کو سناتے رہیں۔ شام میں بعض کتابوں پر مباحثہ کریں پھر رخصت ہوں۔ کوئی اہم شخصیت بطور مہمان خصوصی مدعو کی جاسکتی ہے۔
٭ بک فیسٹول، جس میں ہر شخص سے کہا جائے کہ وہ اپنے گھر سے، لائبریری سے، کسی سے مانگ کر، یا کہیں سے بھی پانچ دلچسپ کتابیں لے کر آئے۔ اس طرح سب اپنی اپنی کتابیں ایک جگہ جمع کر دیں اور دن بھر پڑھتے رہیں۔ جس کتاب کو سب سے زیادہ لوگ پسند کریں اس کے لانے والے کو اس کی پسند کی کتاب انعام دی جائے۔
٭ ریڈا تھون (readathon) کا اہتمام: پانچ کتابیں رکھ دی جائیں اور دس گھنٹوں کا وقت متعین کر دیا جائے۔ ہر ایک سے کہا جائے کہ وہ دس گھنٹوں میں جتنا پڑھ سکتا ہے پڑھے اور اس کا خلاصہ لکھے۔ جو سب سے زیادہ پڑھے گا اسے انعام دیا جائے گا۔ وقت اور کتابوں کی تعداد بڑھائی گھٹائی جاسکتی ہے۔
٭ ریڈر آف دی منتھ ایوارڈ کا اہتمام کیا جائے۔
٭ کسی کتاب کا سب لوگ اپنے اپنے گھروں میں مطالعہ کریں اور ایک جگہ جمع ہو کر اس پر کوئز کا مقابلہ کریں۔
٭ روم ڈیکوریشن یعنی لوگوں سے کہا جائے کہ گذشتہ سال میں چھپی ہوئی کتابوں میں سے بہترین تین اقتباسات اپنے روم میں آویزاں کریں۔ ججوں کا ایک پینل ان میں سے بہترین کا انتخاب کرے اور اسے انعام دیا جائے۔
٭ مندرجہ بالا میں سے مختلف طریقوں کو ملا کر چھٹیوں میں سہ روزہ یا ہفت روزہ ریڈنگ کیمپ کا بھی انعقاد کیاجاسکتا ہے۔
٭ بک ریویوز پر مشتمل ماہانہ جرنل کا اجراء، جس کے تحت ہر شخص اپنی پڑھی ہوئی کتاب کا خلاصہ لکھے اور ان کے مجموعے کو کمپیوٹر پر نٹس کی صورت یازیراکس کیے ہوئے مخطوطات کی شکل میں لوگ آپس میں تقسیم کر لیں۔
٭ مختلف موضوعات پر پڑھنے والوں کے الگ الگ گروپ یا فورم بنانا، یا ہفتہ وار کتابی فورم تشکیل دینا مثلاً تنقیحات فورم کے اراکین ہفتہ بھر تنقیحات پڑھتے رہیں اور اس پر گفتگو اور تبادلۂ خیال کرتے رہیں۔ علم جدید کا چیلنج فورم والے اس کتاب پر، Islam the Alternative فورم والے اس پر ہر فورم ہفتہ کے اختتام پر اپنے حاصل مباحثہ کی رپورٹ تیارکریںاور ایک مشترکہ اجلاس میں سب اپنی اپنی رپورٹیں پیش کریں۔
٭ سونے سے قبل مطالعے کی ہمت افزائی کے لیے بیڈ ٹائم ریڈرز کلب کا قیام، جس کے اراکین رات میں ایک دوسرے کو فون کریں اور زیر مطالعہ کتاب پر پانچ منٹ بات کریں۔
٭ ریڈنگ ڈے کا اہتمام کہ اس روز ہر آدمی یہ وعدہ کرے کہ وہ کچھ نہیں کرے گا، بس پڑھے گا۔
٭ کتابوں کی خریداری اور آسان طریقوں سے دستیابی کے لیے کو آپریٹوخریداری اسکیمز، سیونگ اسکیمز، مشترکہ خریداری اسکیمز ، بک کلب وغیرہ کا قیام، رسالوں کی مشتر کہ خریداری۔
٭ نوٹس کی نمائش، جس میں سب لوگ اپنے اپنے نوٹس لے کر آئیں، ان کی نمائش ہو اور کوئی حج بہترین نوٹس کا فیصلہ کرے اور اسے انعام دیا جائے۔
٭ کتب خانوں کی سیر ، جس کے تحت چار یا پانچ دوست کسی قریبی بڑے میٹرو پولیٹن شہر کے کتب خانوں اور بک اسٹورز کی سیر کریں۔
٭ مختلف کاموں کو انجام دینے والوں کے کام پر مبنی(work-based) اسٹڈی گروپس، مثلاً نشر واشاعت والوں کا اسٹڈی گروپ، جس میں پبلسٹی کے طریقوں ، میڈیا ٹیکنیکس ، مختلف ایشوز وغیرہ کا مطالعہ کیا جائے، یا شعبہ ٔتربیت کے لوگوں کا اسٹڈی گروپ، جس کے تحت ہیومن ریسورسیز مینجمنٹ کی اسٹڈی کی جائے وغیرہ۔
٭ نفسیاتی مسائل کے ازالے کے لیے
reading disorders’ medical camp کا اہتمام۔
٭ ریڈنگ پارٹنرز کی تشکیل، جس کے تحت بر سر روز گار احباب اپناریڈنگ بجٹ اپنے طالب علم ساتھیوں کےساتھ شیئر کریں۔
٭ ریڈنگ میتھڈز کے لیے ٹریننگ کیمپ کا انعقاد۔
ان سب طریقوں کے نفاذ کے لیے ضروری ہے کہ مطالعے کا شوق رکھنے والے اور اس کی اہمیت کا شعور رکھنے والے کم سے کم دو یا اس سے زائد لوگ اس عزم کے ساتھ آگے بڑھیں کہ وہ اپنے دوستوں کے حلقہ یا یونٹ میں اچھا علمی ماحول پیدا کر کے رہیں گے اور وہ ہمت ہارے بغیر مستقل اس مقصد کے لیے جد وجہد اور بر وقت پیش قدمی کرتے رہیں۔ اگر ان کا عزم پختہ ہو اور اس مضمون کی رہنمائی کے مطابق ماحول کی تبدیلی کے لیے مستقل مزاجی کے ساتھ کوشش کرتے رہیں تو مطلوب علمی فضا پیدا ہو کر رہے گی۔
٭ ٭ ٭


اس ماہ کے ھادیہ ای میگزین کا سب سے بہترین مضمون میرے لیے۔
مطالعہ سازی کے ماحول کے لیے خاندانی و تحریکی گروپس پر عمل کی پوری کوشش کرینگے۔
ان شاء اللہ۔
جزاک اللہ خیر۔