مارچ ۲۰۲۴
قاری کی رائے

السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ
امید کرتی ہوں بخیر و عافیت ہوں گی۔
الحمد للہ میں مومنہ عفاف طیباؔتی ایک مرتبہ پھر ماہنامہ ھادیہ ای میگزین کا شمارہ پڑھ کر مستفید ہوئی۔ ہر ماہ کی طرح اس مرتبہ بھی ھادیہ کے مضامین اپنی دل کشی اور جاذبیت کے ساتھ ساتھ انتہائی اہم معلومات فراہم کرنے میں کامیاب رہے۔ مضامین کے متعلق تبصرہ کرنے سے پہلے کور پیج کا تذکرہ نہ کرنا نا انصافی ہوگی۔ فروری کے مہینے میں ہونےوالی عالمی بے حیائیوں کے تدارک کے لیے عکسِ ھادیہ کا یہ حصہ انتہائی اہم ہے۔ عزیزہ امۃ الحسیب صاحبہ نے خصوصا ًجو مسلم معاشرے کے حالات کا ذکر کیا، نوجوان بہنوں کے لیےایک مفید تحریر ہے۔ مزید یہ کہ ’’حجاب کے شرعی تقاضے‘‘ (از: ڈاکٹر فاطمہ تنویر صاحبہ ) گویا گذشتہ تحریر کا اختتامی پہلو معلوم ہوا۔ مزید اسی ضمن میں نامحرم سے دوستی کے متعلق سوالات کا محترم ڈاکٹر رضی الاسلام ندوی صاحب کے جوابات سے بہت سے شکوک و شبہات کا ازالہ ہوا۔ یہ سوالات یقینا سوشل میڈیا استعمال کرنے والے ہر مسلمان کے ذہن میں آتے ہیں، جن کے اطمینان بخش جوابات ہمیں مولانا محترم کی طرف سے موصول ہوئے۔
اس کے علاوہ ڈاکٹر خان مبشرہ فردوس صاحبہ کا مضمون ’’ موبائل نہیں، مجھے پلے گراؤنڈ چاہیے‘‘ وقت کی اہم ضرورت معلوم ہوا۔ میں بحیثیت ایک معلمہ، بچوں کی نفسیات و ذہانت سے متعلق اس قسم کے مضامین کا بہت دل چسپی و دل جمعی سے مطالعہ کرتی ہوں۔یقینا ًاس موبائل اور انٹرنیٹ کے دور میں غیر شعوری طور پر ہم نے اپنے بچوں کو ان تمام فوائد سے محروم کر دیا ہے، جو ایک کھیل کا میدان انھیں فراہم کرتا تھا، یا جو فوائد ہم نے اپنے بچپن میں موبائل سے دور رہ کر حاصل کیے، مثلاً: ذہنی و جسمانی تازگی ، خود اعتمادی اور ٹیم بلڈنگ وغیرہ۔ اس کے علاوہ Artificial intelligence ( مصنوعی ذہانت ) کی آخری قسط بھی میں نے بہت دلچسپی سے پڑھی ۔
ان تمام کے علاوہ بھی بہت سے مضامین و شعری تحریریں پڑھ کر بہت استفادہ ہوا۔
اللہ رب العزت سے دعا گو ہوں کہ وہ تمام مصنفین و ادارۂ ھادیہ کے منتظمین کو اس کی بھرپور جزا عطا فرمائے۔
آمین۔

وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
بہن مومنہ عفاف!
آپ کا مراسلہ پڑھ کر مسرت ہوئی کہ آپ ھادیہ ای میگزین کی مستقل قاری ہیں۔ھادیہ کے مضامین کا تفصیل سے اور دل چسپی سے مطالعہ کرتی ہیں۔ یہ جان کر خوشی ہوئی کہ آپ معلمہ ہیں، اور بچوں کے نفسیات سے متعلق مضامین آپ کے لیے کارآمد ہوتے ہیں۔
ہماری یہ مسلسل کوشش ہوتی ہے کہ ہم قارئین کی ضروریات کی تکمیل کرتے رہیں۔
والسلام

– چیف ایڈیٹر ھادیہ ای میگزین

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مارچ ۲۰۲۴