مارچ ۲۰۲۴
ایکوسسٹم

فرینز کافکا کا ناول میٹا مورفیسس پڑھتے ہوئے کچھ مثالیں بہترین لگیں۔ اس ناول میں کافکا نے سمسا نامی ایک لڑکے کے جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ جب وہ ایک کاکروچ میں تبدیل ہوتا ہے تو گھر والوں کا رویہ بھی تبدیل ہوجاتا ہے۔ مطلب آپ کے نزدیک انسانی جان کی قدر بھی اسی وقت ہے، جب وہ آپ کو فائدہ پہنچا سکتی ہو۔ کافکا کے ناول کی تھیم میں انسانی قدریں روبہ زوال ہیں، استعماریت ماڈرن ازم نے کیسے انسانی قدروں کو پامال کیا ہے ؟بالکل اسی مفہوم کی مثال کے لیے Good Eating: The Short Life of Krill نامی کتاب میںLilley,Matt,Tavis نامی مصنفین نے شمالی بحر اوقیانوس میں کم ہوتی بلیو وہیل مچھلی کی مثال پیش کی ہے کہ شمالی بحر اوقیانوس اور شمالی بحرالکاہل کی نیلی وہیل مچھلیاں تقریباً 90 فٹ لمبی ہوتی ہیں،اس مچھلی کی لمبائی 110 فٹ تک ہوتی ہے۔
شمالی بحر اوقیانوس میں یہ بہت افراط سے پائی جاتی تھی، چوں کہ یہ حجم میں بہت بڑی ہے اور اطراف و اکناف کی بستیوں میں بڑے پیمانے پر تجارت مچھلیوں کے کاروبار سے جڑی ہے، اس کا شکار تیزی سے ہونے لگا اور انسان نے بحری سفر میں ترقی کر لی۔بڑے بڑے جہاز دوڑائے جانے لگے، جہاز ان سے ٹکراتے اور یہ مرجاتی۔بے تحاشا تجارتی پیمانے پر شکار اور جہاز کے ٹکراؤ نے ان کی تعداد کو شدید متاثر کیا ۔
’’ دی شارٹ لائف آف کرلز‘‘ میں مصنف نے مثال دیتا ہوئے لکھا:
’’ نیلی وہیل مچھلیوں کی آبادی سمٹنے لگی،وہیل جیسی بڑی جسامت کی مچھلیاں جب کم ہوئیں تو جھینگے سے بھی چھوٹی جسامت کے کرلز کی تعداد بھی سمندر میں سمٹنے لگی۔کیوں؟ 1960 ءتک یہ معمہ تھا۔اس کے بعد عام مچھلیاں بھی کم ہونا شروع ہوگئیں۔اب انسان کو فکر ہوئی،وہیل مچھلیوں کے شکار پر پابندی لگ گئی۔‘‘
سب سے بڑی مخلوق کے ساتھ اس چھوٹی مخلوق کا معدوم ہونا پھر سمجھ میں آنا شروع ہوگیا۔وہیل بہت کھانا کھاتی تھی اور اسی قدر فاضل مادہ اپنے پیٹ سے خارج کرتی تھی، مواد خارج بھی کرتی،اس کھاد سے سمندر کی تیرتے آبی نباتات کی افزائش ہوتی،یہ نباتات کرلز کھاتے،ان کرلز کو مچھلیاں کھاتیں،یعنی ایک وہیل کی کمی نے سمندر کا Echo system ایکو سسٹم بگاڑ دیا۔سمندر میں غذائی قلت نے بسیرا کیا ،جہاں سمندر انسانی کی غذا کی ذمہ داری اٹھارہا تھا، اب اس کے ڈیرے پر بھوک کا بسیرا تھا ۔
زندگی کے ہر شعبے میں ایک ایکوسسٹم ہوتا ہے۔ پوری انسانی آبادی ایک دوسرے کی مدد کی مرہون منت ہے، ایک دوسرے کی ذات تعاون ورہ نمائی اور ضرورت کی تکمیل کے لیے لازم و ملزوم ہے ۔
کچھ لوگ بالکل ایسے ہی اپنی زندگی کا ایکو سسٹم بگاڑ لیتے ہیں۔اکثر گفتگو کے دوران والدین پریشان نظر آتے ہیں کہ میرے دو بچے ہیں ،لیکن ان میں احساس ذمہ داری نہیں ، ایثار و قربانی بالکل نہیں ، رشتوں میں مزاجی ہم آہنگی نہیں ، خود غرضی ، مفاد پرستی و مادہ پرستی کا بسیرا ہے۔ آخر کیا ہوا جو پہلے کی نسبت نظام خود بگڑ گیا ہے ؟ غلطی کہاں ہورہی ہے ؟نہ سکون ہے نہ اطمینان،وقت کیوں روٹھ گیا آخر؟ کرلز کی پہیلی کی طرح یہ بھی ایک پہیلی بن جاتی ہے۔
مثلاً گھر کے نظام میں بچوں کی آبادی ایک دوسرے کا تعاون کرتی ہے۔ بچے پانچ چھ ہوتے تو انھیںایک سکتی دوسرے کا درد ہم دردی ، محبت ، ایثار و قربانی فطرت خود بخود سکھاتی تھی۔ مختلف تجربات سے گزرتے تھے ،ایک دوسرے کا تعاون لیتے اور تعاون کرنے کا مزاج پیدا ہوتا ، ضرورتوں کی تکمیل کے لیے ایک ایکوسسٹم کام کیا کرتا تھا۔
پھر انسانی ترقی کا راز ہی آبادی کی کمی کو سمجھ لیاگیا اور گھروں میں والدین نے بھی مادی زندگی کی ترقی کے لیے بچوں کی تعداد میں کمی کوہی مسائل کا حل جان لیا۔جانے ان جانے میں ہم نے مادی مفاد کے پیش نظر اعتدال کی راہ چھوڑ کر اس ایکو سسٹم کو برباد کیا ہے ۔اب ہم نے اپنی مادہ پرستی کی تقویت کےلیے بچوں کی تعداد کو کم کیا ۔

تین طرح کا خسارہ ہاتھ آیا :

(1) اپنے وجود کا نظام بگڑ گیا اور بیماریاں لاحق ہوئیں ۔اپنے وجود کا نیچرل نظام خواتین نے بھی ڈسٹرب کیا اور بیماریوں کو سنبھالتے ہوئے اب ہاسپیٹلزکے اخراجات کو لگائے زندگی گزار رہی ہیں ۔
(2) بچوں کا تربیت کا نظام درہم برہم ہوا ۔تربیت کے نظام پر یہ اثر ہوا کہ والدین شاکی ہیں کہ بچے دو ہیں ،ہر ضرورت کی تکمیل زبان سے نکلنے سے پہلے پوری ہوتی ہے، پھر بھی بچوں میں احساس ذمہ داری نہیں ، بڑوں کا پاس و لحاظ نہیں،بچے بڑے ہوتے ہی والدین مظلوم بن جاتے ہیں، اور بچوں کی نظر میں ظالم ٹھہرتے ہیں ۔
(3) آئیڈیل زندگی نے انسان کو بزنس اور تجارت کی راہ چھوڑ کر ملازم بننے پر مجبور کیا۔ تجارت کے لیے افرادی قوت درکار ہے، جو انسان نے خود اپنے ہاتھوں ختم کردی اور احساس بھی نہیں کہ کیسے اپنا نظام برباد کیا ۔
(4) سب سے بڑا نقصان اس سفاکی کا ہے کہ بچے روکنے کے لیے جو انسان اپنی ذات کے ساتھ کرتا ہے پھر وہی انسان بوڑھے والدین کو بوجھ سمجھتا ہے ،جو سب سے بڑا نقصان ہے کہ انسان کی ذات سے اس کا انسانی وصف چھن جائے، مطلب اس میں انسانی ذات کی قدر ، تکریم ہی ختم ہوجائے۔
کسی کو اس میں اپنا ظلم سمجھ میں نہیں آتا، البتہ مظلوم سب ہی خود کو سمجھتے ہیں۔
نیلی وہیل کی تعداد آج بھی کم ہے،لیکن کم از کم انسانوں نے پہیلی ضرور بوجھ لی ہے،آپ کایکو سسٹم بھی اگر بگڑ گیا ہے تو آپ بھی اپنی پہیلی میں اپنی جمع تفریق کا حساب چیک کریں۔اس سسٹم میں ایسی کون سی تفریق ہوئی کہ جمع سب ہاتھ سے دبی ریت کی طرح نکلتا چلا گیا۔
وقت ملے تو فرینز کافکا کا ناول Metamorphosis ضرور پڑھیں ۔بات شاید سمجھنے میں آسانی ہو کہ خود کو ماڈرن ازم کے حوالے کرنے سے انسانی قدریں روبہ زوال ہورہی ہیں۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مارچ ۲۰۲۴