جون ۲۰۲۳
قید سے آزادی (چھٹی قسط)

گیٹ پورا کھل گیا۔ نووارد کو دیکھ کر علیزہ کو حیرت کا جھٹکا لگا۔سحرش بھی چونک کر اٹھ کھڑی ہوئی۔ وہ شریا(Shreya)تھی۔ اور گیٹ سے اندر آکر کھڑی ہوگئی تھی۔ سرخ لباس میں ملبوس۔ سنہرے بالوں کی چوٹی بنائی ہوئی تھی۔ مانگ میں مٹا مٹا سندور تھا۔ اس کا ایک نگاہ میں جائزہ لینے کے بعد علیزہ نے ڈر کر سحرش کو دیکھا۔ اس کی بھی ایسی ہی کیفیت تھی۔

’’تم… تم میرے گھر کیوں آئی ہو؟‘‘علیزہ نے کڑے تیوروں سے اس سے پوچھا۔

’’مجھے تم سے بات کرنی ہے علیزہ۔‘‘

’’لیکن مجھے تم سے کوئی بات نہیں کرنی۔ بہتر ہوگا تم یہاں سے چلی جاؤ۔‘‘

’’پلیز علیزہ! میری بات سن لو۔‘‘

’’فریا! مجھے تمھاری کوئی بات نہیں سننی۔ تم ابھی کے ابھی میرے گھر سے نکل جاؤ۔ نکلو باہر۔‘‘ اسے اور کچھ سمجھ میں نہیں آیا تو اس نے کہنی سے پکڑ کر اسے باہر نکالنا چاہا۔

’’علیزہ! کون ہے بیٹا؟کیا عمیمہ آگئی؟‘‘ راحیلہ بیل سن کر بیرونی دروازے پر آکھڑی ہوئی تھیں۔ ان کی نظر شریا پر پڑی تو وہ بھی متحیر سی تیزی سے وہاں تک آئیں۔

’’آنٹی! میں علیزہ سے بات کرنے آئی ہوں۔ مجھے پلیز اندر آنے دیں۔ میں ریکویسٹ کرتی ہوں۔‘‘ راحیلہ خاموشی سے سوچنے لگیں۔

’’آنٹی! ایک انسان کی حیثیت سے ہی مجھے اندر آنے دیں۔‘‘

’’ٹھیک ہے۔ لیکن جلدی کرو جو بات کرنی ہے۔‘‘اس کا لہجہ دیکھ کر راحیلہ نے اسے اندر آنے دیا، اور انھیں لان میں چھوڑ کروہ اندر چلی گئیں۔جیسے ہی وہ تینوں بیٹھیں، عمیمہ بھی گیٹ سے اندر داخل ہوکر ان کے پاس آگئی۔ اس کی آنکھیں سرخ متورم تھیں۔

’’تم روئی ہو؟‘‘ سحرش نے اس کے آتے ہی پوچھا۔ وہ پہلے تو سحرش کو یہاں دیکھ کر چونکی، پھر دعوت یاد آئی۔

’’تم کیوں روئی ہو؟‘‘ عمیمہ نے بھی جواباً سوال کیا۔ سحرش نے نگاہیں پھیر لیں۔ عمیمہ کی نگاہ فریا پر پڑی تو وہ بھی حیران رہ گئی۔ علیزہ نے انکھوں سے اشارہ کیا۔

’’کیا ہوا؟ سب خیریت ہے؟تم کیوں روئی ہو؟‘‘ علیزہ نے بغور اسے دیکھا۔

’’تم لوگوں نے انسٹا پر میری پکچرز دیکھی ہیں؟‘‘

’’کون سی پکچرز؟‘‘علیزہ نے جھٹ ساموبائل کھول کر دیکھا۔ سحرش بھی اس کے موبائل کی اسکرین پر جھانکنے لگی۔

’’یہ سب کیا ہے؟ کس نے کیا یہ؟‘‘ اس کی ایڈٹ کی ہوئی بے ہودہ پکچرز دیکھ کر علیزہ نے اپنے منہ پر ہاتھ رکھ لیا۔

’’کمنٹس تو دیکھو لوگوں کے۔‘‘سحرش بھی اتنی ہی حیرت سے اسے دیکھنے لگی۔

’’میں نے اس کو اپنا دوست سمجھا۔ اور اس نے میرے ساتھ ایسا کیا۔‘‘ عمیمہ رودی۔

’’کس نے؟‘‘

’’ارحم نے۔ میرے بھروسے اور اعتماد کو ٹھیس پہنچائی ہے اس نے۔ برباد کردیا ہے مجھے۔میں نے اس کا کیا بگاڑا تھا؟‘‘وہ ہتھیلیوں میں چہرہ چھپائے پھوٹ پھوٹ کر رونے لگی۔

’’میں نے تو اسے اپنا دوست سمجھا تھا۔‘‘

’’کس نے کہا تھا تمھیں اس کو دوست سمجھنے؟ میں نے کہا تھا؟ سحرش نے کہا تھا؟ یا تمھارے پیرنٹس نے کہا تھا؟یہ تمھارا اپنا فیصلہ تھا ناں، اب بھگتو۔‘‘ علیزہ کو غصہ آگیا۔

’’علیزہ!ریلیکس۔‘‘ سحرش نے اسے ریلیکس ہونے کو کہا۔

’’نہیں، آج مجھے بولنے دو سحرش، آج جتنا غصہ مجھے آرہا ہے ناں، اس سے پہلے کبھی نہیں آیا۔ آج تمھاری فوٹوز، عمیمہ رئیس کی فوٹوز وائرل ہوئی ہیں۔ یہ میرے اور سحرش، ہم دونوں کے لیے ذلت اور رسوائی کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔ مجھے تمھاری فرینڈ ہونے پر افسوس ہے عمیمہ! کاش میں نے اسی وقت تمھیں چھوڑ دیا ہوتا!‘‘ وہ غصے سے بے قابو ہوکر کہہ رہی تھی۔اس کے چہرے پر خوف بھی رقم تھا۔ رسوائی کا خوف۔

’’میں نے غلط کیا کِیا یار؟ کیا میں کسی سے دوستی نہیں کرسکتی؟ دھوکا تو اس نے مجھے دیا ہے۔‘‘ اس نے ہتھیلیوں سے چہرہ اٹھا کر کہا۔

’’اس نے کوئی دھوکا نہیں دیا۔ تم نے خود سے اسے اپنا دوست سمجھ لیا تھا۔ اس نے کہا تھا کہ وہ تمھارا دوست ہے؟ کوئی لڑکا کسی لڑکی کا دوست نہیں ہوتا عمیمہ! ہو ہی نہیں سکتا۔‘‘ علیزہ نے اپنی بات پر زور دیتے ہوئے کہا۔ ’’اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:

’’اور اے نبیؐ! مومن عورتوں سے کہہ دو کہ اپنی نظریں بچا کر رکھیں، اور اپنی شرمگاہوں کی حفاظت کریں اور اپنا بناؤ سنگھار نہ دکھائیں بجز اس کے جو خود ظاہر ہوجائے، اور اپنے سینوں پر اپنی اوڑھنیوں کے آنچل ڈالے رہیں۔ وہ اپنا بناؤ سنگھار نہ ظاہر کریں مگر اِن لوگوں کے سامنے:شوہر، شوہروں کے بیٹے، بھائی، بھائیوں کے بیٹے، بہنوں کے بیٹے، اپنے میل جول کی عورتیں، اپنے لونڈی غلام، وہ زیر دست مرد جو کسی اور قسم کی غرض نہ رکھتے ہوں، اور وہ بچے جو عورتوں کی پوشیدہ باتوں سے ابھی واقف نہ ہوئے ہوں۔ وہ اپنے پاؤں زمین پر مارتی ہوئی نہ چلا کریں کہ جو زینت انھوں نے چھپا رکھی ہو اس کا لوگوں کو علم ہوجائے۔‘‘

اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے لڑکیوں کے لیے تمام احکام واضح طور پر بتادیے ہیں، تاکہ تم دھوکے میں نہ پڑو۔ ساتھ ہی اللہ تعالیٰ نے ان لوگوں کی پوری لسٹ ہمیں تھما دی ہے جو ہمارے ’محرم‘ ہیں۔ جو ہمارے ’دوست‘ ہوسکتے ہیں۔ اتنی کھلی کھلی نصیحت آجانے کے بعد بھی تم یہ رویہ اپناؤگی تو سوائے خسارے کے کچھ نہیں ملے گا۔ تم نے غیر مرد کو دوست بنایا، ہوگیا ناں نقصان۔‘‘ علیزہ بلند آواز میں کہہ رہی تھی۔

’’تم اور تم جیسی لڑکیاں،چاہے وہ کرسٹینا ہو عمیمہ ہو یا پونم ہو، تم سب مغربی تہذیب کا شکار ہوکر، مغربی طور طریقے اپنا رہی ہو۔ اور معاشرے کو آلودہ کررہی ہو۔ عریانیت و فحاشی عام ہوچکی ہے۔ یہ کہہ کر یہ Liberation (آزادی) ہے۔ ماڈرن ازم اور لبرل ازم کے نام پر حجاب کو بے رخی اور لعنت قرار دے رہے ہیں۔‘‘ علیزہ عمیمہ کو دیکھ کر کہہ رہی تھی۔

’’تم نے اللہ کے حکم کوترک کیا، اللہ کے فیصلوں کی خلاف ورزی کروگی تو منہ کے بل گروگی۔‘‘اس نے انگلی اٹھا کر اس سے کہا۔ بولتے بولتے وہ رک گئی۔ عمیمہ ہنوز رورہی تھی۔ شرم سے یا غلطی کے احساس سے، علیزہ فیصلہ نہیں کرپائی۔

’’عمیمہ! روؤ مت۔‘‘سحرش نے اسے چپ کرانے کی کوشش کی۔چند لمحے یونہی گزر گئے۔فریا نے کھنکار کر انھیں اپنی جانب متوجہ کرنا چاہا۔ علیزہ نے چونک کے اسے دیکھا۔ وہ تو اسے بھول ہی چکی تھی۔ اسے عمیمہ پر اتنا غصہ آگیا تھا کہ وہ شریا کی موجودگی کو بھول گئی تھی۔ اس نے بھی اپنی موجودگی یاد نہیں دلائی تھی۔

’’فریا! تم کیا کہنے آئی تھیں؟‘‘ علیزہ نے آہستگی سے اس سے پوچھا۔سحرش اور عمیمہ بھی اس کی جانب متوجہ ہوگئیں۔

’’تمھیں پتہ ہے فریا؟ تم بھی بھٹک گئی ہو۔ تم نے جو راہ اختیار کی، جو خوف مجھے عمیمہ کے تعلق سے تھا، جو خیال اس کے تعلق سے میرے ذہن میں امڈ رہا تھا، اسے تم نے عملی جامہ پہنایا۔‘‘علیزہ نے نرمی سے مدھم آواز میں کہا۔

’’یہ جو مسلمان لڑکیاں مرتد ہورہی ہیں، یہ محض اتفاقی واقعات نہیں ہیں،بلکہ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ہے۔ اور عنقریب ہر مسلمان لڑکی اس منصوبےکی بھینٹ چڑھ جائے گی، سوائے ان کے جن کا ایمان پختہ اور شعوری ہو۔‘‘

’’کیسا منصوبہ؟ تم ہمیں ڈرا کیوں رہی ہو؟‘‘ سحرش نے لرز کر پوچھا۔

’’میں ڈرا نہیں رہی۔ حقیقیت بتا رہی ہوں۔ میڈیا کی رپورٹ سے معلوم ہوتا ہے کہ ’وشو ہندو پریشد‘اور اس سے وابستہ تنظیمیں ’ہندو جاگرن منچ‘ اور ’بجرنگ دَل‘ وغیرہ ایک مہم چلا رہی ہیں:’’بہو لاؤ، بیٹی بچاؤ۔‘‘

’’بہو لاؤ، بیٹی بچاؤ؟’‘‘عمیمہ اور سحرش نے یک آواز ہوکر استفہامیہ اسے دیکھا۔

’’ہاں۔ ہندو انتہا پسندوں کا خود مفروضہ نظریہ’’لَو جِہاد‘‘، ہندوتوا وادی شرپسندوں کا مسلمانوں پر الزام ہے کہ…‘‘ وہ ٹھہری اور پھر گویا ہوئی۔

’’لیکن تمام ہندو ایسے نہیں ہیں۔ میں صرف ان ہندوؤں کی بات کررہی ہوں جو ہندوتوا وادی فاشسٹ ہیں۔ ورنہ تو ہندو اور مسلمان اس ملک میں ساتھ ساتھ، مل جل کررہتے ہیں۔ ایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں۔ تاریخ میں ہندوؤں اور مسلمانوں کے بھائی چارہ کے کئی قصے درج ہیں۔ تاریخ کے اوراق ہندوؤں اور مسلمانوں کی رواداری کے واقعات سے بھرے پڑے ہیں۔ مرکزی مکتبہ اسلامی پبلشرز، دہلی سے شائع شدہ ڈاکٹر محمد احمد فلاحی کی تصنیف کردہ ’’ہندو مسلم تعلقات کی خوشگوار یادیں‘‘نامی کتاب کی ایک عبارت ہے:

’’معروف مؤرخ امیرعلی لکھتے ہیں کہ اُن دنوں ہندوؤں اور مسلمانوں کے مابین کوئی تلخ اختلافات موجود نہیں تھے۔ وہ اخوت و محبت سے ایک دوسرے کے ساتھ پیش آتے تھے۔ نماز کے اوقات میں مسجدوں کے آگے باجا بجانے یا بقرعید کے موقع پر قربانی کی گایوں اور بچھڑوں کی وجہ سے کی جانے والی اشتعال انگیز باتیں،اور ان کی وجہ سے ہونے والے جھگڑوں کا ان دنوں کوئی وجود نہیں تھا۔ اس وقت تک دونوں قوموں کو ایک دوسرے سے جدا کرنے والا’’ فرقہ وارانہ نمائندگی‘‘ کا مسئلہ چھڑانہیں تھا۔ ‘‘ علیزہ نے ان تینوں کو ایک کتاب کی عبارت سنائی۔

’’ہمارے آباء و اجداد ایک دوسرے کی خوشیوں اور غموں میں شریک رہتے تھے۔ ہم سب وطنی بھائی ہیں۔ اور اس سے بڑھ کر اولاد آدم (علیہ السلام) ہونے کے ناطے ہم سب ایک دوسرے کے بھائی ہیں۔‘‘ علیزہ نے ان پر اپنی بات واضح کردی۔

’’لیکن آج یہ تمام بھائی چارہ و رواداری کے مظاہرے مفقود ہیں۔ ہندوتوا وادی فاشسٹ، وطن عزیز میں ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان نفرت کے بیج بو رہے ہیں۔ کچھ انتہا پسند ہندو جو شر پسند ہیں، انھوں نے مسلمانوں پر ’’لَو جہاد‘‘کا الزام دھرا ہے۔ وہ یوں کہتے ہیں کہ مسلمان لڑکے ہندو لڑکیوں کو مسلمان بنانے کے لیے انھیں اپنی جھوٹی محبت کے جال میں پھانس رہے ہیں۔حالانکہ یہ صحیح نہیں ہے۔یہ سب خود ساختہ باتیں ہیں۔ ’’اسلاموفوبک نظریہ ٔسازش‘‘ ہے۔ ہندو توا وادی فاشسٹ نظریہ کے حامی اس کے موجد ہیں۔ اور اب کہا جارہا ہے کہ وشو ہندو پریشد کا مسلمان لڑکیوں کے لیے بچھایا گیا جال’’بہو لاؤ بیٹی بچاؤ‘‘ہے۔‘‘ علیزہ نے توقف کیا۔

’’میڈیا کی رپورٹس سے معلوم ہوتا ہے کہ ’’بہو لاؤ بیٹی بچاؤ مہم‘‘ جس میں مسلمان لڑکیوں کو ہندو لڑکے اپنی جھوٹی محبت کے جال میں پھنسا رہے ہیں۔ وہ لڑکے مسلم لڑکیوں کو بیش قیمت تحائف دے کر اپنی جانب مائل کر رہے ہیں۔ اس جھوٹی محبت میں پھانسنے کے بعد ان کا ’’شُدھی کرن‘‘کیا جا رہا ہے۔ انھیں اتنا فریب دیا جا رہا ہے کہ وہ خود اپنی مرضی سے مذہب تبدیل کرنے پر تیار ہو جائیں۔ انھیں ہندو بنا کر، ان سے شادی رچاکر انھیں پوری طرح تحفط دیا جا رہا ہے۔ ’’بہو لاؤ، بیٹی بچاؤ‘‘ یعنی مسلم لڑکی کو ہندو بنا کر لاؤ اور غیر مسلم لڑکی کو مسلم لڑکے سے شادی کرنے سے بچاؤ۔‘‘ علیزہ کے کہنے پر سحرش نے خوفزدہ ہوکر اسے دیکھا۔

’’ تم سرچ کرسکتی ہو۔ مشہور ای پیپرہندوستان ٹائمز (Hindustan Times) میں اس نیوز کو دیکھ سکتی ہو۔ جسے 1 دسمبر 2017 ءکو اپ ڈیٹ کیا گیا تھا۔ اسی طرح دی انڈین ایکسپریس(The Indian Express) اورنو بھارت ٹائمز (Navbharat Times) میں بھی تم اس نیوز کو دیکھ سکتی ہو۔ ‘‘

  ’’یہ مہم 2014 سن عیسوی میں شروع کی گئی تھی۔ لیکن پھر کہا جاتا ہے کہ مسلمانوں نے پارلیمنٹ میں اس مہم کی پرزور مخالفت کی، جس کے سبب کچھ عرصے کے لیے اسے ملتوی کردیا گیا تھا۔ اب پھر سے یہ شروع کیا گیا ہے۔ اسے ’’جوابی لَو جِہاد‘‘ بھی کہا جارہا ہے۔ اور یہ بھی کہا جارہا ہے کہ یہ ہندوتوا وادی شرپسندوں کا ایجنڈا ہے، جس کا مقصد اقلیتوں کو جسمانی، ذہنی، اور اخلاقی طور پر ہراساں کرنا اور خوف و دہشت میں مبتلا رکھنا ہے۔ اس سازش کا شکار کئی مسلم لڑکیاں ہورہی ہیں۔ ہم میں سے بھی ایک لڑکی ہوگئی ہے۔ فریا۔ عنقریب دیگر لڑکیاں بھی ہوجائیں گی۔‘‘ علیزہ نے میز کی سطح پر ہاتھ رکھ کر کہا۔

’’کیسی باتیں کررہی ہو علیزہ؟‘‘سحرش نے جھرجھری لی۔

’’ بتایا جاتا ہے کہ خصوصاً ان کا ٹارگٹ کالج کی اسٹوڈنٹس ہیں۔ مجھے عمیمہ کی طرف سے یہی خوف تھا کہ کہیں عمیمہ اس سازش کا شکار نہ ہوجائے۔‘‘عمیمہ نے سر اٹھا کر آنسو صاف کیے۔

’’لیکن فریا نے اسے غلط ثابت کردیا۔ فریا کے بارے میں تو میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ…اس سے اس طرح کی توقع نہیں تھی۔ پھر بھی… فریا کا ایمان بہت ہی کمزور تھا۔ مکڑی کے جالے جتنا کمزور۔‘‘

’’تم لوگ غلط سمجھ رہی ہو۔ مجھے کیوں الزام دے رہی ہو؟‘‘ فریا نے ان تینوں کو باری باری دیکھا۔

’’تم نہیں جانتیں میں یہ قدم اٹھانے پر کیوں مجبور ہوگئی۔‘‘فریا نے تلخی سے کہا۔

’’کیوں ہوگئیں؟‘‘عمیمہ نے پوچھا۔

’’تم جاننا چاہتی ہو؟ سنو پھر۔‘‘ فریا نے اسے گھورتے ہوئے کہا۔

’’میں جس گھر میں پیدا ہوئی، وہاں مجھے بچپن سے لے کر آج تک کبھی یہ احساس نہیں ہوا کہ میں اس گھر کی فرد ہوں۔ بے شک سب مجھ سے بہت محبت کرتے تھے۔ لیکن مجھ پر ہر طرح کی پابندی تھی۔ گھر سے باہر نکلنے کی پابندی، موبائل رکھنے کی پابندی، کسی کے گھر جانے کی پابندی، پابندیاں ہی پابندیاں۔ مجھے قید کرکے رکھا گیا تھا۔ میں کبھی کالج کا منہ بھی نہ دیکھتی اگر میری امی کی خواہش نہ ہوتی کہ میں ڈاکٹر بنوں۔ ہمارے گھر میں میرے تایا کی حکومت تھی۔ انھوں نے میرے تایا کو خوب منا کر راضی کرلیا تھا، کہ میں کالج جاسکتی ہوں۔ ورنہ دسویں کے بعد یا تو مجھے گھر بٹھا دیا جاتا، یا میری کہیں ایسے ہی کسی گھر میں شادی کردی جاتی۔ کالج بھی میرے بھیا وقت کی پابندی کے ساتھ مجھے پک اینڈ ڈراپ کرتے۔ یہاں تک کہ مجھے پڑوس میں جانے کی بھی اجازت نہیں تھی۔ محلے میں بھی میری کوئی فرینڈ نہیں تھی۔میں اکثر رویا کرتی تھی کہ میری ہی عمر کی دوسری لڑکیاں کتنی آزادی سے گھومتی پھرتی ہیں۔ موبائل میں گیم بھی کھیلتی ہیں، انٹرٹین بھی کرتی ہیں۔ اور میں گھر میں قید رہتی ہوں۔ تم لوگ سوچو، اگر تمھارے ساتھ بھی یہی سب کچھ ہو تو تم کیا کروگی؟‘‘اس نے استفہامیہ نظروں سے انھیں دیکھا۔

’’کالج کی لڑکیوں کے سامنے مجھے اپنا آپ بہت کمزور لگتا۔ میں کلاس میں تم تینوں سے بھی بہت کم بات کرتی۔ میں احساس کمتری کا شکار تھی۔‘‘ فریا نے کہا۔

’’تم پر پابندیاں تھیں تو یہ کچھ غلط نہیں تھا، یہ سب تمھاری پروٹیکشن کے لیے تھا۔موبائل استعمال نہیں کرنے دینا کوئی ظلم نہیں ہے۔ موبائل استعمال نہ کرکے تم مر نہیں گئیں۔ تمھارے ساتھ کچھ غلط نہیں ہوا۔‘‘علیزہ نے کہا۔

’’تم اس لڑکے سے کیسے ملیں؟‘‘سحرش نے اس سے پوچھا۔

’’ایک دن اتفاق سے تم تینوں کالج نہیں آئی تھیں۔‘‘ اس نے ان تینوں کو دیکھا۔

’’میں اکیلی بنچ پر بیٹھی ہوئی تھی، کہ مجھے اپنے برابر والی سیٹ پر کسی کے بیٹھنے کا احساس ہوا۔ میں نے مڑ کر دیکھا۔ وہ امر کانت تھا۔‘‘

’’ہیلو!‘‘اس نے کہا تھا۔ میں نے بھی جواباً ہیلو کہہ دیا۔ اور واپس گردن پھیر لی۔

’’آپ کا شُبھ نام کیا ہے؟‘‘ وہ مجھ سے بات کرنے کی کوشش کررہا تھا۔ اپنے بھائیوں کے علاوہ میں پہلی بار کسی لڑکے کے ساتھ بیٹھی تھی۔ میں نے اسے اپنا نام بتا دیا۔

’’آج فرینڈ شپ ڈے ہے۔ کیا آپ میری فرینڈ بننا پسند کریں گی؟‘‘ امر کانت نے مجھ سے پوچھا تھا۔ مجھے اس کے اس سوال سے بہت زیادہ حیرت ہوئی تھی۔

’’میں آپ کو اپنی فرینڈ بنانا چاہتا ہوں۔‘‘

’’مجھ میں ایسا کیا ہے جو آپ مجھے فرینڈ بنانا چاہتے ہیں؟‘‘میرے سوال کے جواب میں اس نے میری تعریفوں کے انبار لگا دیے تھے۔ میں بہت خوش ہوگئی تھی۔ اور اسی خوشی میں بنا کچھ سوچے سمجھے میں نے اس سے فرینڈ شپ بینڈ لے لیا تھا۔ پھر جب بھی تم لوگ غیر حاضر رہتیں، یا مجھ سے دور کہیں مصروف رہتیں، وہ مجھے اکیلا پاکر میرے پاس چلا آتا۔ میری تعریفیں کرتا۔ مجھ سے باتیں کرتا۔ اس نے مجھے احساس دلایا تھا کہ لڑکی کو بھی آزادی کا حق ہے۔ وہ قید میں رہ کر نہیں جی سکتی۔اس سے دوستی میں مَیں مذہب کا فرق تک بھول چکی تھی۔ ایک دن وہ میرے پاس آیا۔ وہ بہت خوش تھا۔ اسے خوش دیکھ کر میں بھی مسکرادی۔

’’فریا! پرسوں میرا برتھ ڈے ہے۔ اور میں چاہتا ہوں کہ سب سے پہلے تم مجھے وش کرو۔ مجھے رات 12 بجے فون کرنا۔‘‘ وہ بہت ایکسائٹمنٹ میں مجھے اپنا نمبر دے رہا تھا۔

’’لیکن میرے پاس تو موبائل نہیں ہے۔ میں نے یہ کہا تو وہ مایوس ہو کر وہاں سے چلا گیا۔اگلے دن میں تم لوگوں کے ساتھ بیٹھی تھی، تب اس نے اشارے سے مجھے بلایا۔ میں تم لوگوں سے بہانہ کر کے اس کے پاس چلی گئی۔ اس نے مجھے نیا آئی فون گفٹ کیا۔ میں نے بہت انکار کیا لیکن وہ ضد کر کے مجھے آئی فون دے گیا،تا کہ میں رات بارہ بجے کال کر کے اسے وِش کرسکوں۔ میں نے وش کیا۔ چند دنوں میں ہی میں نے آئی فون استعمال کرنا سیکھ لیا۔میں منٹوں اس سے فون پر باتیں کرتی۔اس نے مجھے بتایا کہ لڑکیوں کو جو حقوق اسلام نے نہیں دیے، وہ ہندو مذہب نے دیے ہیں۔ ہندو مذہب کی خواتین کتنی آزادی سے زندگی گزارتی ہیں۔ اسلام کے بالمقابل ہندو مذہب میں عورتوں پر پابندیاں نہیں ہیں۔ امر کانت نے مجھے پروپوز کیا۔ میرے پاس انکار کی صرف ایک وجہ تھی، اور وہ تھی میرا مذہب۔ لیکن ایسا مذہب کس کام کا جس میں رہ کر ہمیشہ ایک بے سکونی اور احساس کمتری کا شکار رہیں؟میں نے فوری اس کا پروپوزل ایکسپٹ کرلیا۔ میں نے اپنی فیملی سے یہ بات چھپائے رکھی۔ انھیں میں نے امر کانت کے دیے گئے گفٹس کی بھنک بھی نہ پڑنے دی۔امر کانت نے شادی کا شُبھ مہورت مجھے بتا دیاتھا۔ مجھے گھر والوں کی بے عزتی کی کوئی پرواہ نہیں تھی۔ جس دن جے پرکاش سر کا وزٹ ہمارے کالج میں ہوا، اس دن ہماری شادی ہونی تھی۔ میں علیزہ سے گھر جانے کا بہانہ کرکے وہاں سے چلی گئی۔ اسی دن ہماری شادی ہوگئی۔ میں اور امرکانت ایک ساتھ بہت خوش تھے۔ اس کی فیملی نے میرا اتنا پرجوش ویلکم کیا تھا کہ مجھے احساس ہی نہیں ہوا کہ میں ان کے ساتھ غیر ہوں۔ انھوں نے مجھے بہت اپنائیت دی۔ بہت پیار دیا۔ وہ مجھے فنکشنز میں، سیاسی پارٹیز میں، ہر جگہ ساتھ لے جاتے۔ ابو کی طرف سے امر کانت کو کالز آنے لگی تھیں۔ وہ اسے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے تھے۔ لیکن امر کانت کا حوصلہ اتنا عظیم تھا کہ اس نے کبھی ان کی بری باتوں کا برا نہیں مانا۔ الٹا ابو کو اور میری فیملی کو مل جل کر رہنے کی بات کرتا۔ میرے دل میں امرکانت کی قدر بڑھتی ہی جاتی تھی۔ یہ تھی اس کی اچھائی، جس کی بدولت مجھے اپنے مذہب کو ترک کرنا آسان ہوگیا تھا۔‘‘ وہ عمیمہ کو دیکھ کر کہہ رہی تھی۔

’’لیکن…‘‘علیزہ کو اس کی باتوں میں کوئی دلچسپی نہیں تھی۔

’’تم میرے گھر کس لیے آئی ہو؟‘‘اس نے تلخ ہوکر فریا سے پوچھا۔

’’تم سے ایک فیور چاہیے تھا مجھے۔‘‘

’’کیسا فیور؟‘‘ علیزہ نے آنکھوں کی پلکیں سکیڑ کر اسے دیکھا۔

’’آج رات کے لیے میں تمھارے گھر میں پناہ چاہتی ہوں۔‘‘

’’کیوں؟‘‘ علیزہ نے چونک کے اسے دیکھا۔ سحرش اور عمیمہ کی آنکھوں میں بھی سوال تھے۔

’’امر کانت نے مجھ سے اپنا مطلب نکال کر مجھے دھوکا دیا ہے۔ اس دھوکے کا ادراک بھی مجھے نہ ہوتا اگر میں عقل سے کام نہ لیتی۔ میں نے اس سے اختلاف کرنے کی کوشش کی، تو وہ مجھ پر ظلم کرنے لگا۔ میری پشت پر چونکہ کوئی نہیں تھا، میری فیملی بھی نہیں، وہ اسی بات کا فائدہ اٹھا رہا ہے۔ اب وہ مجھے بہت تکلیف دیتا ہے۔ اس نے دھوکا دیا ہے مجھے۔‘‘

’’اور اب تم اس کے مذہب کو چھوڑ دینا چاہتی ہوگی؟‘‘عمیمہ نے طنز سے کہا۔

’’میں فی الحال مذہب کو نہیں چھوڑ رہی، لیکن امر کانت کو چھوڑ رہی ہوں۔ اب میں اس کے ساتھ نہیں رہ سکتی۔ میں کہیں بھی رہ لوں گی، کچھ کر لوں گی۔ رہائش کا بندوبست ہونے تک، بس آج کی رات میں کسی محفوظ جگہ پر رہنا چاہتی ہوں۔ سڑک پر رہ نہیں سکتی، اس لیے۔ تمھارے علاوہ میرے پاس کوئی آپشن نہیں ہے۔‘‘اس کی باتیں سن کر انھیں اس کا ذہنی توازن برقرار نہ ہونے کا شبہ ہوا۔

’’تم پاگل تو نہیں ہوگئیں۔‘‘سحرش نے اس کو بغور دیکھتے ہوئے پوچھا۔

فریا نے جواب نہیں دیا۔ علیزہ چند لمحے اسے دیکھتی رہی۔ پھر اس نے سحرش اور عمیمہ کو دیکھا۔ وہ دونوں آنکھوں ہی آنکھوں میں اسے اشارہ کررہی تھیں کہ وہ فریا کو اپنے گھر میں نہ رکھے۔

’’تم فریا! کل بھی غلط تھیں، آج بھی غلط ہو، اور جو کرنے جارہی ہو، وہ بھی غلط ہے۔ کیونکہ…اب مجھے عقل آگئی ہے، اب میں کچھ غلط نہیں کررہی۔ میں تو…‘‘ وہ تیزی سے کہنے لگی تھی۔

’’میری بات ابھی ختم نہیں ہوئی۔‘‘علیزہ نے اپنی بات کاٹے جانے پر درشتی سے کہا۔

’’اب تم میری بات غور سے سنو!تم غلطیوں پر غلطیاں کرتی جارہی ہو۔ گناہوں کی دلدل میں پھنس چکی ہو۔‘‘علیزہ نے کرسی پر آگے ہوکر بات کا آغاز کیا۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

جون ۲۰۲۳