اللہ تعالیٰ نے اس عظیم اور حسین کائنات کو اعتدال پر قائم کیا ہے۔ کائنات میں جو رعنائی و کشش نظر آتی ہے، وہ اس کے اعتدال اور توازن ہی کی وجہ سے ہے۔جسے خود خالق کائنات نے ان الفاظ میں اظہار کیا ہے:
’’تم رحمان کی تخلیق میں کسی طرح کی کوئی بے اعتدالی نہیں پاؤگے۔‘‘(سورۃالملک )
اعتدال کا مطلب دو مقابل یا متضاد پہلو ؤں کے درمیان توازن قائم کرنا اور دونوں پہلوؤں کے ساتھ انصاف کرنا۔انصاف اور توازن سے مل کر ہی اعتدال وجود میں آتاہے،اور یہی اسلامی شریعت کی خصوصیت ہے۔
اسلام نے مسلمانوں کی ذاتی زندگی سے متعلق بہت سی ہدایات دی ہیں، جن کا مقصد ان کے جسمانی و نفسیاتی معاملات کو منظم کرکے انہیں صحیح بنیاد پر استوار کرنا ہے۔یہ ہدایات عبادات کے ساتھ ساتھ کھانے پینے ، رہنے سہنے اور لباس اور زندگی کی خواہشات و معاملات وغیرہ سے متعلق بھی ہیں، جن کی پیروی کرکے انسان نہ تباہ کن رہبانیت میں غرق ہوتا ہے، نہ بے لگام مادہ پرستی میں۔ ان اسلامی ہدایات پر بندوں کو عمل کرنا بھی آسان ہے۔
کھانے پینے میں اعتدال
’’کھاؤ پیو اور حد سے تجاؤز نہ کرو۔ اللہ حد سے بڑھنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔‘‘(الاعراف،آیت : 31)
ایک روایت کے مطابق رسول اللہ ﷺ فرماتے ہیں:
’’حد سے زیادہ شکم پروری دین کے لیے بھی تباہ کن ہے ، بیماری بھی لاتی ہے اور عبادت گزاری کے سلسلے میں سستی میں مبتلا کرتی ہے۔‘‘
کھانے کی مقدار میں کمی صرف زہد یا بغیر کسی مقصد کے تخفیف کرنے سے حاصل نہیں ہوتی بلکہ صحیح طریقہ یہ ہےکہ بندہ بڑے مقاصد کے حصول میں لگے۔ اس طرح لہو و لعب و لذت پرستی سے اس کی توجہ پھر جائےگی۔
مشہورعرب طبیب حارث بن کلدہ کا قول ہے کہ انسانوں اور جانوروں کو ہلاک کرنے والی چیز ایک کھانے کے ہضم ہونے سے پہلے دوسرا کھانا ہے۔
امام احمد رحمۃ اللہ علیہ سے پوچھا گیا : ’’کیا پیٹ بھر کھانے سے آدمی اپنے دل میں رقت محسوس کر سکتا ہے؟‘‘
انھوں نے جواب دیا :’’ میرے خیال میں نہیں۔‘‘
رسول اللہ نے کم کھانے اور باقی کھانا دوسروں کو کھلانے کی ترغیب دی ہے۔بہتر یہی ہےکہ مومن ایک تہائی پیٹ کھائے ، ایک تہائی پانی کے لیے رکھے اور ایک تہائی پیٹ ہوا کے لیے خالی رکھے۔جسم کو توانائی اور نشوونما کےلیے نیز امراض وغیرہ کی مزاحمت کے لیے جتنی چیزوں کی ضرورت ہو انہیں مہیا کرانا چاہیے۔البتہ مسلم معاشروں میں لذت پرستیوں اور مختلف مواقع پر کی جانے والی دعوتوں میں اسراف کی اصلاح کی ضرورت ہے، کیونکہ جو لوگ مسابقت کے لیے دعوتیں کرتے ہیں ان کی دعوتیں قبول کرنے تک کی ممانعت ہے۔لباس زینت و جمال پسندیدہ چیز ہے ۔لباس کے تعلق سے اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے۔’’ اے بنی آدم ! ہم نے تم پر لباس اتارا ہے جو تمہاری ستر پوشی کرے اور زینت ہو اور تقوی کا لباس ہی بہتر ہے۔‘‘(الاعراف : 26)
لباس کے معاملے میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت یہ تھی کہ آپ کسی خاص وضع قطع کے کپڑے کے پابند نہ تھے، بلکہ ہر وہ کپڑا جو ستر کو پوری طرح ڈھانک سکے ،آپﷺ نے استعمال فرمایا۔آپﷺ نے اچھے سے اچھے کپڑے بھی پہنے ہیں ،اور معمولی سے معمولی بھی یہاں تک کہ پیوند لگے کپڑے بھی پہنے ہیں۔ جو لوگ تقوی کے خیال سے اچھے کپڑے اور اچھے کھانے کو منع کرتے ہیں ،یا موٹے جھوٹے کپڑوں کو غرور کی وجہ سے ناپسند کرتے ہیں، دونوں کا رویہ نبی کریم کی سنت کے خلاف ہے۔
حضورﷺ ہمیشہ درمیانی راستہ اختیار فرماتے تھے۔ایک صحابیؓ نے دریافت کیا :
’’یارسول اللہ ! میں ہمیشہ یہ چاہتا ہوں کہ میرا لباس اچھا ہو، میرا جوتا اچھا ہو ، کیا یہ بھی غرور ہے؟ ‘‘
آپ ﷺ نے وضاحت فرمائی:’’ نہیں۔ اللہ جمیل ہے اور جمال کو پسند کرتا ہے۔ حق کو ٹھکرانا اور دوسروں کو حقیر سمجھنا غرور ہے۔‘‘
ایک شخص رسول اللہﷺ کے پاس آیا۔ وہ گھٹیا کپڑے پہنے ہوئے تھا۔ آپ ﷺ نے دریافت کیا : ’’تمھارے پاس مال ہے ؟‘‘
اس نے کہا:’’ ہاں، ہر قسم کا مال ہے۔‘‘
آپ ﷺ نے فرمایا: ’’جب اللہ تعالیٰ نے تمھیں مال دے رکھا ہے تو اس کی نعمت کا اثر تم پر نظر آنا چاہیے۔‘‘ ( نسائی)
زہد و تقشف
جس وقت قرون اولیٰ کے مسلمان دنیا کی دو عظیم سلطنتوں روم و فارس سے ٹکرائے تھے، تو وہ کامیابی کے زیادہ حقدار تھے،کیونکہ وہ اس وقت رائج میدانوں اور ہتھیاروں میں ان کے برابر تھے، لیکن حق پر ایمان اور اللہ کی تائید و نصرت میں ان سے کہیں برتر تھے۔اس کے بعد انحطاط کا دور شروع ہوا اور مسلمان عام زندگی کے دھارے سے کٹتے گئے اور انھوں نے یہ سمجھ لیا کہ دنیا کے فتنوں پر قابو پانے کا ذریعہ یہ ہےکہ دنیا ہی ترک کردو۔محنت مشقت سے کنارہ کش ہوجاؤ۔انہیں قرآن کی یہ تعلیم یاد نہیں رہی:
’’اے نبی ! ان سے کہو ، کس نے اللہ کی اس زینت کو حرام کردیا ہے جسے اللہ نے اپنے بندوں کے لیے نکالا تھا اور کس نے خدا کی بخشی ہوئی پاک چیزیں ممنوع کردیں؟ کہو یہ ساری چیزیں دنیا کی زندگی میں بھی ایمان لانے والوں کے لیے نہیں، اور قیامت کے روز تو خالصۃًانہی کے لیے ہوں گی۔‘‘( الاعراف،آیت: 32)
رسول اکرمﷺ کا فرمان ہے :
’’دنیا بہترین سواری ہے ، اس پر چلو تو وہ تمھیں آخرت تک پہنچادےگی۔‘‘
فقر و لاچاری سے نہ اسلام کی کوئی خدمت ہوسکتی ہے نہ اسے طاقت مل سکتی ہے ،
اور نہ اس کی تعلیمات کو فروغ حاصل ہو سکتا ہے۔مال و دولت کو دین کی خدمت کے لیے حاصل کرنا چاہیے۔اصل مسئلہ مال و دولت کی فراوانی کا نہیں بلکہ یہ ہےکہ اسے کیسے حاصل کیا جائے اور کیسے خرچ کیا جائے؟زہد و تقشف یعنی ترک دنیا کو غلط سمت میں لے جانا بھی دین اسلام میں مذموم ہے۔
جس طرح چائے کے عناصر یعنی دودھ شکر اور پتی کے مناسب تناسب و مقدار سے ہی اچھی چائے بن سکتی ہے ،اسی طرح کائنات میں توازن وتناسب کے بغیر حسن نہیں پیدا ہوسکتا ہے۔فطرت نے اسی طرح بندوں کے اعمال کا حسن بھی اعتدال میں رکھا ہے۔ انفرادی معاملہ ہو یا اجتماعی معاملہ اعتدال لازم ہے، تاکہ رشتوں میں حسن برقرار رہے۔معاشرہ میں بہت سے ایسے لوگ ملتے ہیں جو صرف اپنی ذات میں گم رہتے ہیں۔ان کو دوسروں کی خوشی اور غم ، نفع و نقصان سے کوئی مطلب نہیں ہوتا، اور نہ معاشرہ میں فسق و فجور اور منکرات کی اصلاح کی طرف متوجہ ہوتے ہیں۔ان کا رویہ غیر معتدل اور معاشرہ کے لیے بھی مضر ہے۔اللہ تعالیٰ ایسے لوگوں کو تنبیہ کرتاہے۔دوسری طرف بعض لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جو دوسروں کے مسائل میں بے جا مداخلت کی حد تک دلچسپی لیتے ہیں۔ دوسروں کی اصلاح کے لیے اپنی حدوں سے تجاوز کرجاتے ہیں۔یہ رویہ بھی معتدل اور پر امن ماحول کے لیے موزوں نہیں۔
قرآن ایسے لوگوں کو نصیحت کرتا ہے : ’’اے ایمان والو ! اپنی فکر کرو ، کسی دوسرے کی گمراہی سے تمھارا کچھ نہیں بگڑے گا اگر تم خود راہ راست پر ہو۔‘‘ عدل پر مبنی ان اسلامی تعلیمات کا مقصد یہ ہےکہ انسان نہ تو خود پرست ہو جائے اور نہ دوسروں کے پیچھے اس طرح پڑجاے کہ خود سے غافل ہوجائےاوردوسروں کی نجی زندگی میں مداخلت کرے ، بلکہ اعتدال پر قائم رہے جو خالق کائنات کو مطلوب و محبوب ہے۔
٭ ٭ ٭
جس وقت قرون اولیٰ کے مسلمان دنیا کی دو عظیم سلطنتوں روم و فارس سے ٹکرائے تھے، تو وہ کامیابی کے زیادہ حقدار تھے،کیونکہ وہ اس وقت رائج میدانوں اور ہتھیاروں میں ان کے برابر تھے، لیکن حق پر ایمان اور اللہ کی تائید و نصرت میں ان سے کہیں برتر تھے۔اس کے بعد انحطاط کا دور شروع ہوا اور مسلمان عام زندگی کے دھارے سے کٹتے گئے اور انھوں نے یہ سمجھ لیا کہ دنیا کے فتنوں پر قابو پانے کا ذریعہ یہ ہےکہ دنیا ہی ترک کردو۔محنت مشقت سے کنارہ کش ہوجاؤ۔انہیں قرآن کی یہ تعلیم یاد نہیں رہی:
’’اے نبی ! ان سے کہو ، کس نے اللہ کی اس زینت کو حرام کردیا ہے جسے اللہ نے اپنے بندوں کے لیے نکالا تھا اور کس نے خدا کی بخشی ہوئی پاک چیزیں ممنوع کردیں؟ کہو یہ ساری چیزیں دنیا کی زندگی میں بھی ایمان لانے والوں کے لیے نہیں، اور قیامت کے روز تو خالصۃًانہی کے لیے ہوں گی۔‘‘
( الاعراف،آیت: 32)


Balanced life”.well explained “