23 جولائی (رات)
’’صارم بیٹا! مجھے تم سے بات کرنی ہے۔ تم تھوڑی دیر رک جاؤ۔‘‘اقبال اور شاہدہ باورچی خانے اور بیٹھک کے وسطی کھلے حصے میں بیٹھے چائے پیتے ہوئے کسی موضوع پر گفتگو کررہے تھے۔ تب انھوں نے دیکھا کہ ان کا بیٹا صارم کہیں جانے کے لیے تیار اپنے کمرے سے نکل رہا ہے۔ اقبال نے گھڑی دیکھی۔ رات کے سات بج رہے تھے۔ یہ صارم کا معمول تھا۔ وہ روزانہ اس مخصوص وقت پر گھر سے باہر جاتا تھا۔صارم اپنے کمرے سے نکل رہا تھا تب اسے اپنے بابا کی آواز سنائی دی۔
’’جی بابا! جلدی کریں جو بات کرنی ہے۔ مجھے دیر ہو رہی ہے۔ دوستوں کے ساتھ جانا ہے۔‘‘صارم نے رک کر کہا۔
’’اندر چلتے ہیں تمھارے کمرے میں ۔‘‘ اقبال نے چائے کا خالی کپ شاہدہ کو تھماکر اٹھتے ہوئے کہا۔
’’یہیں بات کریں بابا! مجھے پہلے ہی دیر ہورہی ہے۔‘‘ صارم نے گھڑی دیکھتے ہوئے رکھائی سے کہا۔
’’تھوڑی ہی دیر کی بات ہے بیٹا! اندر چلو۔‘‘بابا کے کہنے پر وہ واپس کمرے میں آگیا۔ دونوں ایک دوسرے کے بالمقابل کرسیوں پر بیٹھ گئے۔
’’بیٹاصارم!میں ایک غریب خاندان سے تعلق رکھتا ہوں۔ میں جب سترہ سال کا تھا، میرے بابا کو دل کا دورہ پڑا تھا۔ میری ماں،دونوں بہنوں اور چھوٹے بھائی کے سر سے سہارا اٹھ گیا تھا۔ تب سب کی توقعات مجھ سے وابستہ تھیں۔ مجھے بغیر ڈگری کے کہیں نوکری بھی نہیں مل سکتی تھی،لیکن ایسے میں میں نے آدھا دن مزدوری کرکے آدھا دن پڑھائی کرنا شروع کیا۔بابا کئی لوگوں کے مقروض تھے۔ ان کے انتقال کے بعد قرض داروں نے پریشان کرنا شروع کر دیا تھا۔ میں نے دن رات محنت کرکے تعلیم حاصل کی،پیسہ کمایا۔ قرض ادا کیا، دونوں بہنوں کی شادیاں کیں اس کے بعد کہیں جاکر میں نوکری کے قابل ہوا۔ پھر میں نے نوکری کرکے اپنے بھائی کو اچھی تعلیم دلائی۔ حالات اتنے بہتر تو نہیں ہوئے تھے،لیکن خراب بھی نہیں رہے تھے۔ ٹھیک تھے۔ ‘‘بابا نے رک کر اسے دیکھا۔ صارم بڑے ضبط سے سن رہا تھا۔
’’میں نے قرضوں کی ادائیگی کے لیے گھر فروخت کردیا تھا،اور کرایہ پر رہنے لگا تھا۔ تمھاری پیدائش کے بعد ہم نے گھر بنایا، یہ تو تم جانتے ہی ہو۔‘‘ توقف کے بعد وہ پھر گویا ہوئے۔
’’تم سوچ رہے ہوگے میں یہ کہانی تمھیں کیوں سنا رہا ہوں؟ بیٹا !میں زندگی میں آنے والے حالات بتا رہا ہوں۔ زندگی میں پریشانیاں اطلاع دے کر نہیں آتیں۔ حادثات اچانک رونما ہوجاتے ہیں، اور زندگی ایک نیا موڑ لے لیتی ہے، وہ موڑ اتنا بھیانک لگنے لگتا ہے کہ ہمیں زندگی سے خوف آنے لگتا ہے۔‘‘ بابا نرمی سے کہہ رہے تھے۔
’’تم اپنی زندگی میں بہت خوش ہو‘ بہت آسودہ حال زندگی گزار رہے ہو، لیکن کبھی تم نے سوچا ہے؟ اگر خدا نخواستہ مجھے کچھ ہوجاتا ہے،پھر تم کیا کروگے؟ہمارے حالات الحمد للہ بہت اچھے ہیں،لیکن حالات بدلنے میں وقت نہیں لگتا۔ ‘‘انھوں نے رک کر اس کے چہرے کے اتار چڑھاؤ دیکھے۔
’’تم چوبیس سال کے ہو، میں چاہتا ہوں کہ تم خود اپنے پیروں پر کھڑے ہوجاؤ۔ تعلیم بھی جاری رکھو، اورکوئی کاروبار بھی شروع کرو۔‘‘
’’مجھے اپنی یہی زندگی بہت اچھی لگتی ہے بابا! میں دوستوں کے ساتھ سیر و تفریح کرتے ہوئے زندگی گزارنا چاہتا ہوں،اور آپ پلیز مجھے بزنس کے بارے میں نہ کہیں،اور بزنس کے لیے لاکھوں روپے کی ضرورت ہوتی ہے۔‘‘اس نے بے زاری سے کہا۔
’’بزنس کے لیے جذبہ اور لگن کی ضرورت ہوتی ہے بیٹا!‘‘ بابا نے اسے سمجھانے والے انداز میں کہا۔
’’ویسے بھی مجھے نہیں کرنا بزنس یا جاب وغیرہ۔‘‘
’’اس طرح سڑکوں کی خاک چھان کر تم اپنے آپ کو برباد کرنا چاہتے ہو؟‘‘اس نے اپنے باپ کے لہجے میں سختی محسوس کی۔
’’یہ میری بربادی نہیں ہے۔ یہ انجوائے منٹ ہے۔‘‘بابا نے اس کی بات پر کوئی توجہ نہیں دی۔
’’میرا کاروبار ہوتا تو میں تمھیں اسی کو سنبھالنے کو کہتا،لیکن ابھی یہ ممکن نہیں ہے۔ میں تمھیں کوئی کاروبار شروع کرکے دیتا ہوں، اسے سنبھالویا تمھارا دل چاہے تو کہیں جاب کرلو۔ یوں تم کچھ مصروف بھی ہوجاؤگے۔‘‘انھوں نے اس کے جملے کو نظر انداز کرتے ہوئے کہا۔
’’آپ کو میرا اپنی زندگی میں خوش رہنا اچھا نہیں لگ رہا کیا؟‘‘صارم نے یک دم ان کی بات کاٹ دی۔
’’نہیں بیٹا! تمھاری خوشی میں میری خوشی ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ…‘‘ وہ نرمی سے کہہ رہے تھے کہ صارم نے پھر ان کی بات کاٹی۔
’’ایسا ہی ہے،آپ یہ کیوں نہیں کہتے کہ مجھ پر خرچ کرتے ہوئے تنگ آچکے ہیں۔ٹھیک ہی کہتے ہیں آپ، میں چوبیس سال آپ کا پیسہ کھاتا رہا۔‘‘اس بار اس کی آواز کچھ بلند تھی۔ وہ عادتاً تلخ ہوگیا تھا۔
’’صارم…‘‘ انھوں نے کچھ کہنا چاہا۔ اس کی آواز سن کر اس کی امی،بہن عائشہ اور چھوٹا بھائی علی اندر آئے تھے۔
’’اس کا یہ مطلب نہیں کہ آپ میری پر سکون زندگی کو خود پیروں پر کھڑے ہوکر اجیرن کرنے کے خواب دیکھیں۔‘‘
’’کیا ہواصارم؟ کیوں غصہ ہورہے ہو میری جان؟‘‘اس کی امی نے آگے بڑھ کر اس کے کندھے پر ہاتھ رکھا۔
’’یہ چاہتے ہیں کہ میں بزنس شروع کروں، بلکہ آپ بھی ان کے ساتھ اس طرح کی خواہشات پالنے میں ان کی مدد کررہی ہوں گی۔ صحیح کہہ رہا ہوں ناں۔‘‘
’’صارم! آہستہ آواز میں بات کرو۔‘‘ بابا نے اسے ڈپٹا۔
’’آپ اسے ڈانٹیں تو نہیں۔ ‘‘ امی آگے بڑھ آئیں۔
’’کیا مطلب ہے؟ ڈانٹوں نہیں؟ تمھاری انہیں طرف داریوں کی وجہ سے آج یہ اتنا بد تمیز ہوگیا ہے۔ اسے لحاظ نہیں کہ یہ اپنے ماں باپ سے بات کررہا ہے۔آج تک میں نے کبھی اس سے اس معاملے میں سختی نہیں برتی۔ ایک دفعہ دسویں میں فیل ہوگیا، بارہویں کسی طرح مکمل کرلی، آج اس کی تعلیمی صورت حال کیا ہے؟ کبھی بیٹھ کر پڑھتا ہوا نہیں دیکھا میں نے اسے۔ کالج بھی برائے نام جاتا ہے یہ۔اس طرح کہیں جاب نہیں ملے گی اسے۔ صرف ڈگری سے کچھ نہیں ہوتا، اعلیٰ اخلاق آدمی کو انسان بناتے ہیں۔ اس طرح لوگوں کے گھروں کے چبوتروں پر بیٹھنے سے عزت نہیں ملتی۔ عزت خود محنت سے کمانی ہوتی ہے۔ زندگی میں کوئی مقام پانے کے لیے محنت کرنی ہوتی ہے، اعلیٰ تعلیم کی ضرورت ہوتی ہے۔مجھے دیکھ لو، آج اچھی جاب کرتا ہوں، جہاں سے گزرتا ہوں لوگ عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔کیوں بیٹا؟ اس لیے کہ میری نظروں میں دوسروں کے لیے عزت ہے۔ ہم کسی کی عزت کریں گے تو دنیا ہماری عزت کرے گی۔ تم اپنے والدین کی عزت نہیں کرتے، تو دنیا سے کس بات کی توقع رکھتے ہو؟ ‘‘انھوں نے افسوس بھری نگاہوں سے اسے دیکھا۔
’’افسوس ہے مجھے اس بات کا کہ میری نرمی کا فائدہ اٹھا کرمیری اولاد میرے مقابل آ کھڑی ہے،اور تم کہہ رہی ہو میں اسے ڈانٹوں نہیں۔پہلے ہی بہت شہہ دے رکھی ہے میں نے اسے۔ اگر میں مرگیا، پھر تم لوگوں کا کیا ہوگا؟ بتاؤ۔ ‘‘ ان کی آواز بلند ہوگئی تھی۔
’’آپ کیا چاہتے ہیں؟ میں آگے تعلیم حاصل نہ کروں؟‘‘
’’تعلیم ضرور جاری رکھو بیٹا! بس اپنی دیگر سرگرمیوں کو تھوڑا کم کرو۔ تم ہی خود سوچو، کالج سے آنے کے ایک گھنٹے بعد سے شام پانچ بجے تک تم باہر ہی رہتے ہو۔ پانچ بجے گھر واپس آتے ہو۔ موبائل پر مصروف ہوجاتے ہو۔ نہ جانے کیا کرتے رہتے ہو اس موبائل پہ۔ پھرسات بجے نکل کر تم رات گیارہ بجے گھر لوٹتے ہو۔ کتنا وقت تمھارا دوستوں کے ساتھ ضائع ہورہا ہے تمھیں اندازہ ہے؟ تم کیا سمجھتے ہو؟ تم پرکوئی روک ٹوک نہیں کرتا تو کیا میں تمھاری سرگرمیوں سے ناواقف ہوں؟‘‘
’’آپ کے خیال میں میرا دوستوں کے ساتھ وقت گزارنا بھی وقت کا ضیاع ہے؟‘‘ اس نے حیرت کا اظہار کیا۔
’’نہیں بیٹا! تم میری بات سمجھے نہیں۔ تم دوستوں کے ساتھ وقت گزارتے ہو،بہت اچھی بات ہے، لیکن لمٹ بھی تو کوئی چیز ہے۔ اور زندگی میں دوست ہونے بھی چاہئیں۔ لیکن کیا وہ سب کوئی کام ہی نہیں کرتے؟ وہ بھی تو کچھ نہ کچھ کرتے ہوں گے،اور پھر تمھاری فیملی بھی تو ہے۔ ٹھیک ہے مجھے چھوڑ دو، تمھاری امی ہیں ، انھیں تمھاری ضرورت ہے۔تمھاری بہن ہے،تمھارابھائی ہے، انھیں بھی تو کچھ وقت دو۔‘‘
’’مجھے نہیں لگتا انھیں میری اتنی ضرورت ہے۔ امی کے پاس ان کا دوسرا بیٹا ہوتا ہے۔ جو چند گھنٹوں کے علاوہ وہ سارا وقت انھیں کے ساتھ گزارتا ہے۔ عائشہ کو بڑے بھائی کی جگہ چھوٹا بھائی کمپنی دیتا ہے۔ آپ شام تک آفس میں ہوتے ہیں۔ رہا علی،تو اس کے پاس آپ سب لوگ ہوتے ہیں،اپنے دوستوں سے بھی ملتا ہے وہ۔میری کمی تو پوری ہوجاتی ہے۔‘‘ اس نے لاپرواہی سے کندھے اچکائے۔ بابا اسے دیکھتے رہے۔
’’تم اپنے دوستوں کو دیکھو وہ کوئی بھی اس طرح بے کار نہیں ۔‘‘ ان کی بات پوری ہونے سے پہلے ہی صارم نے بلند آواز میں کہنا شروع کیا۔
’’فار گاڈ سیک! آپ مجھے میرے ہی دوستوں سے کمپیئر کررہے ہیں۔ آپ انھیں نہیں جانتے۔ آپ کو مجھ سے یہی شکایت ہے ناں،فکر نہ کریں،میں آپ کا پورا پیسہ لوٹا دوں گا جو آپ نے مجھ پر خرچ کیا۔ ایک ایک روپیہ لوٹا دوں گا۔‘‘ وہ غصے سے پھنکارتے ہوئے اپنی جگہ سے اٹھ کھڑا ہوا۔
’’صارم! بد تمیزی مت کرو۔‘‘ امی نے اسے تیز آواز میں ڈانٹا۔
’’آپ لوگ مجھے مصروف کرنا چاہتے ہیں ، آپ کو میری آزادی اچھی نہیں لگ رہی۔ فکر نہ کریں بابا! میں لوٹا دوں گا۔‘‘
’’صارم…‘‘
’’آپ درمیان میں مت بولیں۔‘‘وہ توسارے ادب آداب پہلے ہی بالائے طاق رکھ چکا تھا،سو اپنی ماں سے بھی بلند آواز میں کہا۔
’’آپ کو مسئلہ نہیں ہونا چاہیے۔‘‘انگلی اٹھا کر کہتا وہ باہر نکل گیا۔ اس کے بابا ساکت بیٹھے رہ گئے۔
٭ ٭ ٭
24 جولائی (شام)
علی اپنی امی کے ساتھ صحن میں بیٹھا تھا۔ موسم سہانا تھا۔ ٹھنڈی ہوائیں چل رہی تھیں۔ عائشہ صحن میں درخت سے بندھے جھولے پر بیٹھی ہوئی تھی۔ علی اپنی امی اور عائشہ کے ساتھ باتیں کررہا تھا۔ وہ کافی دیر تک باتیں کرتے رہے۔ پھر اچانک کالے بادل آسمان پر بسیرا کرنے لگے۔موسم خراب ہونے لگا۔
’’امی! چلیں اندر چلتے ہیں۔‘‘ علی نے اپنی ماں سے کہا۔
’’علی بیٹا! تمھارے بابا ابھی تک نہیں آئے، موسم خراب ہوتا جارہا ہے، بارش شروع ہوگی۔ وہ کہیں پھنس ہی نہ جائیں۔ صارم بھی ابھی تک نہیں آیا۔اسے تو آجانا چاہیے تھا۔‘‘
’’امی! بھائی اپنے کسی دوست کے گھر دعوت میں گئے ہوئے ہیں۔ میرے پوچھنے پر بتایا تھا انھوں نے مجھے۔‘‘علی نے انھیں اطلاع دے کر صارم کی طرف سے بے فکر ہونے کو کہا۔ پھر اس نے عائشہ کے کہنے پر اپنی امی کے سیل فون سے بابا کو کال کی۔ فون آف آرہا تھا۔ اس نے ان کے دوست(کولیگ)کو بھی کال کی۔ لیکن معلوم ہوا کہ بابا کے دوست آج چھٹی پر تھے۔ کافی دیر وہ انتظار کرتے رہے۔ایک گھنٹہ گزر گیا۔ موسم خراب ہوتا جارہا تھا۔ لیکن اس کے بابا ابھی تک نہیں آئے تھے۔
٭ ٭ ٭
24 جولائی (دوپہر)
صارم چھوٹے چھوٹے قدم اٹھاتا گھر میں داخل ہوا۔ وہ اپنی ہی دھن میں کمرے کی طرف جارہا تھا کہ امی کی آواز آئی۔
’’صارم! ادھر آؤ بیٹا!‘‘ وہ جھولے میں بیٹھی سبزی کاٹ رہی تھیں۔ اس نے مڑ کر انھیں دیکھا۔
امی نے آسمانی رنگ کے سوٹ کا دوپٹہ سر پہ لے رکھا تھا۔وہ ادھیڑ عمر کی باوقارخاتون تھیں۔ سادہ اور مہربان۔صارم کالج سے تھکا ہارا واپس آیا تھا۔ رات میں بابا اور ان کے ساتھ ہوئی کسی بات کے آثار اس کے چہرے پر نظر نہیں آرہے تھے۔ جیسے وہ سب کچھ بھول گیا ہو۔وہ امی کے پاس گیا۔
’’بیٹھو!‘‘ امی نے اس کو بیٹھنے کے لیے کہا تو وہ بیگ وہیں رکھ کے ان کے ساتھ بیٹھ گیا۔انھوں نے سبزیوں کی پلیٹ ایک طرف رکھ دی۔
’’ تھک گئے ہو؟‘‘ان کے سوال پر اس نے اثبات میں سر ہلایا، اور بے ساختہ سر ان کی گود میں رکھ لیا۔امی آہستہ آہستہ اس کے بالوں میں انگلیاں چلانے لگیں۔
’’ صارم!کیسا رہا آج نئی کلاس کا پہلا دن؟‘‘
’’اچھا تھا۔‘‘ اس کا زیادہ بات کرنے کو دل نہیں چاہ رہا تھا۔
’’چائے لاؤں تمھارے لیے؟ ادرک والی؟‘‘
’’ہوں۔‘‘ کہہ کر وہ اٹھا نہیں۔ آنکھیں موندے لیٹا رہا۔ کتنے دنوں بعد وہ امی کی گود میں سر رکھ کے سویا تھا۔کتنا اچھا احساس تھا۔
’’مجھے کتنی خوشی ہورہی ہے تمھیں اپنے پاس بیٹھا دیکھ کر،تم اندازہ نہیں کر سکتے۔ ‘‘وہ واقعی خوش نظر آرہی تھیں۔
’’تم تو بیٹھ کر بات ہی نہیں کرتے ہو بیٹا!تمھارے بابا صحیح کہتے ہیں تمھیں فیملی کو بھی ٹائم دینا چاہیے۔‘‘ انھوں نے نرمی سے کہا۔
اس بات پرصارم کا حلق تک کڑوا ہوگیا،لیکن اس نے آنکھیں نہیں کھولیں۔ انگلیوں کی مساج سے اسے راحت کا احساس ہورہا تھا۔
’’علی کو دیکھو!اپنی پڑھائی کرتا ہے، دوستوں کے ساتھ بھی جاتا ہے،گھر پر بھی ٹائم دیتا ہے۔ ‘‘
’’علی علی علی… علی کی رٹ لگا رکھی ہے آپ لوگوں نے۔ وہی آپ کا بیٹا ہے۔ میں نہیں ہوں ناں۔ بابا بھی اسی کا کہتے ہیں۔‘‘ اس نے لیٹے لیٹے چڑ کر کہا۔
’’جتنا پیارا ہمیں علی ہے ،اتنی ہی عائشہ ہے اور اتنے ہی تم ہو۔ تمھارے بابا اس لیے کہتے ہیں کہ تم اتنا زیادہ وقت باہر گزارتے ہو،کہیں تمھیں کوئی غلط عادت نہ لگ جائے۔‘‘ امی نے سمجھاتے ہوئے کہا۔
’’لیکن اس میں تمھاری کوئی غلطی نہیں ہے بیٹا! میں تمھیں الزام نہیں دے رہی۔ یہ کالج کی ٹائمنگ ہی ایسی ہے۔ آدھا دن اسی میں نکل جاتا ہے، اور پھر چند گھنٹے ہوتے ہیں تمھارے پاس دوستوں کے ساتھ گزارنے کے لیے۔ تفریح کی بھی تو ضرورت ہوتی ہے ناں اس عمر میں۔‘‘
’’ سر میں درد ہورہا ہے امی!‘‘صارم اس ٹاپک پر بات نہیں کرنا چاہتا تھا، اس نے بیزاری سے کہا۔
’’کیوں؟ خیریت تو ہے؟ سر میں کیوں درد ہورہا ہے؟‘‘امی نے اس کے بات کرنے کے انداز کو نظر اندازکر کے تشویش سے پوچھا۔
’’ ایسے ہی، موسم کا اثر ہے شاید۔‘‘
’’ ہاں، بارش میں بھی بھیگے ہوگے ناں تم۔‘‘ امی نے سر دباتے ہوئے کہا۔
’’اچھا چلو منہ ہاتھ دھو لو۔ میں کھانا لگاتی ہوں، پھر چائے بھی پی لینا۔‘‘وہ سبزیوں کی پلیٹ اور اس کا بیگ لیے اٹھ کر اندر چلی گئیں۔ صارم وہیں لیٹا رہا۔چند منٹوں بعد وہ اٹھ کرکمرے میں گیا۔ امی نے کھانا لگا دیا تھا۔اس نے کھانا کھایا اور اوپن ایریا کی طرف گیا، جہاں عائشہ اور علی تھے۔ عائشہ اپنی کتابیں کھولے بیٹھی، موبائل پر نیٹ سرچنگ کررہی تھی اور علی فاصلے پر بیٹھا پیپرز جوڑ رہا تھا۔ ساتھ ساتھ وہ دونوں باتیں بھی کررہے تھے۔صارم خالی کرسی پر بیٹھ گیا۔
’’تم کیا کر رہے ہو؟‘‘ اس نے فائلز کے صفحے پلٹتے علی کو تیز آواز میں مخاطب کیا۔
’’میں؟میں فائل دیکھ رہا ہوں۔‘‘علی نے معصومیت سے کہا۔
علی جانتا تھا رات کی گفتگو کے بعد سے صارم بھائی کا موڈ ٹھیک نہیں ہے۔عائشہ خاموش بیٹھی دونوں کو دیکھنے لگی۔رات بابا کے ساتھ ہونے والی گفتگو کا اس کے چہرے پر کوئی اثر نظر نہیں آرہا تھا۔صارم ایسا ہی تھا۔ دوسروں کو پریشان کرکے خود سکون سے رہنے والا۔ بابا صارم سے ہمیشہ ہی اس کی ایکٹیوٹیز کے بارے میں بات کرتے رہتے تھے۔ اسے جاب یا کاروبار شروع کرنے کے بارے میں بھی کہتے رہتے تھے، لیکن اتنی سیریس گفتگو پہلی بار ان دونوں کے درمیان ہوئی تھی۔ صارم کی نیچر سب کو پتہ تھی۔ وہ بہت لاپروا ہ اور لاابالی قسم کا تھا۔ گھر میں امی بابا، عائشہ اورعلی کے ساتھ بھی اس کا رویہ ویسا ہی رہتا۔ بابا کی غیرموجودگی میں توکبھی کبھی امی کے ساتھ بد تمیزی بھی کرتا، البتہ بابا کے سامنے اس کی ایسا کرنے کی ہمت نہیں ہوتی ۔ وہ بابا سے خائف رہتا تھا،لیکن رات تو اس کا انداز ہی مختلف تھا۔ عائشہ ہمیشہ اس سے خائف رہتی تھی، کیو نکہ وہ اسے بھی کبھی کبھار جھڑک دیا کرتا۔ پہلے وہ اس سے بہت باتیں کیا کرتا تھا۔ کسی زمانے میں ان دونوں کی بہت دوستی ہوا کرتی تھی، لیکن وقت کے ساتھ ساتھ اس میں کمی آتی گئی۔ اس کی وجہ صارم کے باہر کی نئی سرگرمیاں تھیں۔ اب عائشہ کی علی کے ساتھ دوستی تھی، لیکن ابھی بھی اسے امید تھی کہ صارم اپنی اس دوستی کو کبھی نہ کبھی مس کرے گا، کیونکہ وہ خود اس وقت کو بہت مس کرتی تھی۔ کبھی تو وہ رو بھی دیتی تھی۔ آخر وہ اس کی چھوٹی بہن تھی۔
’’دکھاؤ ذرا!‘‘صارم کو تجسس ہوا۔ علی نے فائل اس کی طرف بڑھا دی۔ اس نے صفحے پلٹتے ہوئے علی کو دیکھا۔ اور اندر لگے ڈاکیومنٹس سے متعلق استفسار کیا۔
’’میں جاب کرنا چاہتا ہوں۔‘‘
’’علی !یہ تمھیں اچانک جاب کا خیال کیسے آگیا؟ تم جاب نہیں کرسکتے۔امی بابا تمھیں جاب نہیں کرنے دیں گے،اور آخر تمھیں جاب کی ضرورت ہی کیا ہے؟‘‘عائشہ نے اس سے کہا تھا۔
’’کیوں نہیں کرنے دیں گے؟ عائشہ باجی! میں بچہ نہیں ہوں۔ میرے ایچ ایس سی کا رزلٹ آگیا ہے، اور اب آگے میں تعلیم کے ساتھ جاب کر سکتا ہوں۔‘‘
’’ایچ ایس سی کا رزلٹ آگیاہے تو کیا ہوا؟ اتنی سی عمر میں کون کرتا ہے جاب؟ تم اپنی اسٹڈیز پر توجہ دو۔‘‘
’’یعنی بابا کی خواہش تم پوری کرنا چاہ رہے ہو؟‘‘ صارم نے طنزیہ مسکراہٹ کے ساتھ پوچھا۔
’’تو پھر تم وہ بزنس کیوں نہیں کرتے جو بابا مجھے کرنے کے لیے کہہ رہے ہیں؟‘‘
’’میرا بزنس والا ٹمپرامنٹ نہیں ہے بھائی۔ میں جاب میں خود کو کمفرٹیبل فیل کروں گا۔ میں نے کچھ جابز دیکھی ہیں۔ آپ بتائیں میں کس کا انتخاب کروں؟ مجھے لگتا ہے فی الحال میں آن لائن ٹیوٹر کی جاب کر سکوں گا۔ پھر میری ڈگری مکمل ہوجائے گی تو کوئی بہترین جاب مل سکتی ہے۔ آپ بھی رہنمائی کریں۔‘‘اس نے بڑے احترام کے ساتھ اپنے بڑے بھائی سے کہا۔
’’میرا خیال ہے تمھیں بابا زیادہ اچھے طریقے سے گائیڈ کریں گے۔ ‘‘ اس نے فائل علی کی طرف بڑھا دی۔
انکار واضح تھا۔علی نے بے دلی سے فائل پکڑی۔
بابا کی خواہش نہیں ہے علی کہ تم جاب کرو۔‘‘ عائشہ نے سختی سے کہا۔
’’وہ تو صارم بھائی کے لیے کہہ رہے تھے۔‘‘اس نے مدھم آواز میں کہتے ہوئے صارم کی طرف اشارہ کیا اور سر جھکا لیا۔ صارم نے ایک نظر اس کے جھکے سر پہ ڈالی۔
’’تمھیں کبھی بھی جاب نہیں کرنے دینا چاہیں گے وہ۔ صرف میرے ہی لیے ہے یہ سب کچھ۔‘‘ صارم بڑبڑایا۔
’’ویسے بھی تم اس عمر میں کہاں جاب کرتے خوار ہوتے رہوگے؟ چند سال بعد کرلینا۔ابھی تمھاری انجوائے کرنے کی عمر ہے۔ جسٹ انجوائے۔ ‘‘صارم نے اپنی طرف سے مفید مشورے سے اسے نوازا۔عائشہ نے چائے کا کپ صارم کو تھمایا اور خود باہر نکل گئی۔
’’بھائی! امی بابا آپ کے معاملے میں بہت سیریس ہیں۔آپ کے لیے بہت فکر مند رہتے ہیں وہ۔‘‘تھوڑی دیر بعد علی نے کہا۔
’’میں نے تو نہیں کہا انھیں فکر مند ہونے یا سیریس ہونے کو۔‘‘
’’وہ صرف یہ چاہتے ہیں کہ آپ اپنے پیروں پر کھڑے ہوجائیں۔ چاہے کسی طرح کے حالات ہوں،آپ ان کا مقابلہ کر سکیں۔‘‘وہ نرمی سے کہہ رہا تھا۔ صارم کو خاموش پاکر علی نے بات جاری رکھی۔
’’وہ آپ کے لیے کہتے ہیں بھائی! انھیں آپ کے پیسوں کی ضرورت نہیں ہے،وہ خود کمارہے ہیں۔‘‘
’’اچھا؟ وہ خود کمارہے ہیں، اور میری ضروریات پوری کررہے ہیں۔ میں جانتا ہوں۔ تمھیں جتانے کی ضرورت نہیں ہے۔اور تم بہت بولنے لگ گئے؟ مجھے درس دینے کی تمھیں ضرورت نہیں ہے۔ سمجھے؟ آئندہ خیال رکھنا۔یاد رکھو! میں تم سے بڑا ہوں۔‘‘اس نے علی کو ڈانٹ دیا۔
’’میں جتا نہیں رہا،آپ کو بتا رہا ہوں کہ وہ کب تک کریں گے؟ ایک نہ ایک دن تو تھک ہی جائیں گے ،کام انھیں نہیں تھکائے گا تو عمر تھکائے گی۔ پھر ہمارا کیا ہوگا؟سوچا ہے؟ابھی عائشہ باجی کی شادی بھی ہونی ہے۔ بابا اور امی کو بھی ہمارے سہارے کی ایک نہ ایک دن تو ضرورت پڑے گی ہی۔ پھر کون انھیں سہارا دے گا؟ ہمیں ہی کچھ کرنا ہوگا ناں! تو کیا یہ بہتر نہیں کہ ہم پہلے سے یہ سب کریں۔‘‘وہ تحمل سے کہہ رہا تھا۔لگ ہی نہیں رہا تھا کہ وہ اس کا ’چھوٹا‘ بھائی ہے۔صارم پر کوئی اثر نہیں ہورہا تھا۔ وہ چپ چاپ کھڑکی سے باہر دیکھتا ہوا چائے پی رہا تھا۔
’’آپ امی سے بد تمیزی سے پیش آتے ہیں۔ کبھی سوچا آپ نے وہ کیا محسوس کرتی ہوں گی؟‘‘ پہلی بار علی کے اس جملے پرصارم نے گردن گھما کر اسے دیکھا۔بپھر اس نے خالی کپ رکھا اور اٹھ کھڑا ہوا۔
’’بہت شکریہ مجھے اتنی لمبی تقریر سنانے کا۔‘‘اس نے علی کو دیکھا۔
’’تم واقعی تقریری صلاحیت رکھتے ہو۔‘‘اتنا کہہ کر وہ چلا گیا۔ علی کو اس سے ایسی کسی بات کی توقع نہیں تھی۔ وہ اسے جاتا دیکھتا رہا۔
٭ ٭ ٭
24 جولائی (شام)
’’بیٹا ! میرے دل میں عجیب عجیب وسوسے آرہے ہیں۔صبح بھی تمھارے بابا کوئی بات کیے بغیر غصے میں آفس چلے گئے تھے۔‘‘
’’امی! میں جاکر دیکھتا ہوں۔ آپ فکر نہ کریں۔ آپ عائشہ باجی کے ساتھ اندر ہی رہیں۔ دروازہ لاک کردیں۔ میں ابھی آتا ہوں۔‘‘
’’علی بیٹا! سنبھل کر جانا۔‘‘ پیچھے سے اس کی امی نے پکارا۔
علی نے اپنی سائیکل گیٹ سے باہر نکالی۔ اس کا دل چاہا کہ صارم جلد آجائے تو وہ بائیک لے کر تیزی سے جاسکتا تھا،کیونکہ بائیک تو صارم ہی استعمال کیا کرتا تھا۔ وہ سائیکل چلا لیتا تھا۔بادل گرجنا شروع ہوئے تھے۔ بجلیاں آسمان پر آنکھ مچولی کھیلنے لگی تھیں۔ علی نے پیڈل زور سے گھمایا۔وہ اپنے بابا کے آفس کی طرف جارہا تھا۔ آدھے راستے میں تھا تب بوندا باندی شروع ہوگئی۔ اس نے تیز تیز پیڈل گھماتے ہوئے آفس تک کا سفر طے کیا۔آفس میں اس کے بابا نہیں تھے۔ پوچھنے پر پتہ چلا کہ وہ آفس سے بہت دیر پہلے ہی نکل چکے ہیں۔علی نے اندازہ لگایا کہ وہ پیدل ہوں گے تو زیادہ دور نہیں گئے ہوں گے۔ ایسے موسم میں رکشہ ملنا تو مشکل ہی تھی۔ اس نے سائیکل موڑلی۔اور تیزی سے آگے بڑھا۔ اب وہ مین روڈ پر ایک کارنر سے سڑک پر نظریں دوڑاتے ہوئے سائیکل چلا رہا تھا۔بالآخر تھوڑی دوری پر ہی اسے اپنے بابا نظر آگئے۔ وہ سڑک کی دوسری طرف تھے۔اس نے سکون کا سانس لیا۔ وہ سائیکل ان کی طرف لے جاہی رہا تھا کہ اچانک بجلی زور سے کڑکی اور اور اگلے ہی لمحے اس کا سکون بھک سے اڑ گیا۔
٭ ٭ ٭


0 Comments