تمام تعریفیں اللہ رب العزت کے لیے ہیں،جس نے ایسا حسین عالم تخلیق فرمایا ،آدم خاکی کو مقام خلافت و نیابت سے نوازا، اور آدم کی اولاد کو تمام کائنات میں میں سب سے بڑھ کر ’’اشرف المخلوقات ‘‘کا درجہ دیا اور ہدایت سے سرفراز کیا۔ پیغمبروں کا سلسلہ جاری فرمایا ،جنھوں نے انسانوں کی بہترین رہنمائی فرمائی اور اللہ تعالی نے اپنے آخری پیغمبر حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو رحمۃ اللعالمین اور محسن انسانیت معبوث فرمایا۔
ہم جتنا بھی شکر ادا کریں، کم ہے، اس رب العزت کا کہ اس نے ہمیں بے شمار نعمتوں سے نوازا ،ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمیں رمضان میسر ہوا۔ شعبان کا چاند طلوع ہوتے ہی رمضان کی خوشبو آنے لگتی ہے۔ دل میں خوشی کے جذبات امنڈنے لگتے ہیں، کیونکہ اس معزز مہمان کی آمد آمدہے جو سب کے لیے ہے،رحمتوں ،برکتوں اور سعادتوں کے خزانے لیے آ رہا ہے۔ اپنے پورے پورے جوش و خروش کے ساتھ تیاری شروع کر دینی چاہیے اور پوری محبت سے رمضان کو خوش آمدید کہنا چاہیے ،اور ہمیں جو بھی نیکی کے مواقع ملیں، ان سے خوب خوب فائدہ اٹھائیں ۔یہ مہینہ بھی ایسا ہے، جس کی تیاری جتنی ممکن ہو،کرنی چاہیے۔ کیونکہ ہر گزرنے والے دن ہمیں اپنے انجام سے قریب کر رہا ہے۔
حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم شعبان ہی سے رمضان المبارک کی تیاری کرتے اور صحابۂ کرام کو ترغیب دیا کرتے تھے،اور فرماتے کہ لوگو! تم پر ایک بہت عظمت و برکت کا مہینہ سایہ فگن ہونے والا ہے، یہ وہ مہینہ ہےجس میں ایک رات ہزار مہینوں سے بہتر ہے ،خدا نے اس مہینے کے روزے فرض قرار دیئے ہیں اور قیام لیل یعنی تراویح کو مسنون قرار دیا ہے۔ جو شخص اس مہینے میں دل کی خوشی سے بطور خود کوئی ایک نیک کام کرے گا، وہ دوسرے مہینوں کے فرض کے برابر اجر پائے گا ،اور اور جو شخص کس اس مہینے میں ایک فرض ادا کرے گا، خدا اس کو دوسرے مہینوں کے ستر فرضوں کے برابر ثواب عطاکرےگا ،ان شاءاللہ ۔
اس مہینے کو قرآن پاک سے خصوصی مناسبت ہے، قرآن پاک اسی مہینے میں نازل ہوا اور دوسری آسمانی کتابیں بھی اسی مہینے میں نازل ہوئیں۔ لہٰذا، قرآن مجید پڑھنے اور سننے کا اس مہینے میں خصوصی اہتمام کیجیے۔ ہم دیکھیں گے کہ عبادت کی اصل روح کیا ہوتی ہے ؟عبادت کی اصل روح اللہ تعالی کی خوشنودی حاصل کرنا ہے ،اور اس کو خوش کرنے کے لیے ظاہر ہے وہی کام کرنا، جو اس کو پسند ہے۔
دیکھیے!کیسے اللہ تعالی نے ہماری تربیت کا اس ماہ میں انتظام کیا۔ اس نے کتاب نازل کی، پھر نبی بھیجا ،تاکہ وہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی قیادت میں وحی الٰہی کو دنیا کے سامنے پیش کرسکیں اور اس کی بنیاد پر ایک نظام کو جاری وساری کر سکیں۔ وہ جماعت مسلمانوں کی جماعت ہے، اور قرآن مجید کی روشنی میں اس جماعت کی تشکیل اور تربیت اور تزکیہ کے لیے ایک ماہ کے روزے فرض قرار دیئے گئے۔ اسی طرح اللہ نے جو انسان کی ہدایت کا پروگرام مرتب کیا ،اس میں قرآن اور روزے کا بڑا اہم رول ہے ۔ماہ رمضان میں قیام اللیل اور تراویح کے ذریعے تلاوت کلام پاک کی کثرت، افراد کی ذہنی و فکری تربیت کا کام کرتا ہے، اور روزہ جفا کشی ،بہادری اور اعلیٰ اخلاق و کردار پیدا کرتا ہے ۔
رمضان المبارک میں یہ دو اعمال ایسے ہیں کہ بندہ اگر انھیں ایمان اور احتساب کے ساتھ ساتھ کرے تو اللہ تبارک و تعالی ٰاس کے گناہ معاف کر دیتے ہیں۔ روزہ اور قرآن کے ساتھ ساتھ ہمارےلیےعلم اور تقوی بھی ضروری ہے، تاکہ لوگوں کو صحیح طور پر مدلل انداز میں جان سکیںکہ ہدایت کہاں ہے اور گمراہی کہا ں، ان باتوں کی رہنمائی کے لیے قرآن نازل کیا گیا۔ روزے کا مقصد تقوی ٰکی صفت پیدا کرنا اور بڑھانا ہے۔ یہ دو عبادات ایسی ہیں جو بروز قیامت امت کی سفارش کریں گی۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
روزہ اور قرآن قیامت کے دن بندے کی سفارش کریں گے۔روزہ کہے گا اے میرے رب ! میں نے اسے دن میں کھانے پینے اور شہوت کے کام سے روکے رکھا تھا ، لہٰذا اس کے بارے میں میری شفاعت قبول فرما ، قرآن کہے گا اے رب ! ہم نے اسے رات میں سونے سے روکے رکھا تھا ، لہٰذا اس کے بارے میں میری سفارش قبول فرما ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : اللہ تعالیٰ ان دونوں کی سفارش قبول فرمالے گا۔( مسند احمد: 2/176)
اللہ سے دعا کیجیےکہ اللہ ہمیں اس ماہ مبارک میں اس لائق بنا دے کہ یہ دونوں عبادات ہماری شفاعت کرنے والی بن جائیں ۔
روزے سے ہماری سیرت کی تعمیر ہوتی ہے۔ یہ بات کسی تعارف کی محتاج نہیں کہ سیرت و کردار کی تعمیر ایک محنت طلب کام ہے ۔انسان اپنے ماحول اور خاندان یا دوستوں کے زیر اثر بہت سی باتوں کو عادت بنا لیتا ہے۔ جو شخص جھوٹ کا عادی ہو، اسے اس سے بچنے کے لیے پہلے اپنی جھوٹ کی عادت کو چھوڑنا ہو گا، سچ کو اختیار کر نا ہوگا اور ظاہر ہے ایک یا دو دن میں یہ نہیں ہو سکتا۔ اسی لیے خالق انسان نے انسانوں کی صلاحیتوں کو جانتے ہوئے ایک ماہ کا نظام تربیت (ٹریننگ کورس) تجویز فرمایا ،تاکہ اس ماہ میں ایک مسلمان اپنی سیرت کی تعمیر صحیح خطوط پر کر سکے۔
نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ روزہ ڈھال ہے۔(نسائی: 2233)
جب روزہ ہو توروزہ دار اپنی زبان سے فحش بات نہ نکالے ،گویا روزے کا پہلا اثر ایک مسلمان کی سیرت پر ہونا چاہیے کہ اس کی زبان سے اور ہاتھ سے اہل ایمان محفوظ رہیں، وہ اپنی زبان سے بھلی اور سچی بات کہے، غیبت اور زبان درازی سے خود کو کو روکے اور دوسروں کے ساتھ معاملات میں عدل اور سچائی کا رویہ اختیار کرے۔
انسانوں کے ساتھ معاملات میں اخلاقی رویہ اختیار کرنے پر اصرار یہ ظاہر کرتا ہے کہ تقوی انفرادی اصلاح سے زیادہ اجتماعی امور میں اصلاح سے تعلق رکھتا ہے، گویا تقویٰ انفرادی تزکیہ تو ہےہی، لیکن اس طرح کے معاملات میں تقویٰ صحیح کردار اور رویے کا بھی نام ہے۔ اصل میں روزہ ایک باشعور ،ذمہ دار اور درد مند شخصیت کی تعمیر کرنا چاہتا ہے۔
آج ہم ذرا اپنے گریبان میں جھانکیں کہ ہمارے رول ماڈل کون ہیں ؟اور ہمارے بچوں کے رول ماڈل کون ہیں؟ قرآن پاک رمضان میں نازل ہوا،تو کیا ہم اسے صرف رمضان میں صبح و شام ہی پڑھیں گے ؟نہیں ،بلکہ قرآن پاک سے ہمارا تعلق یہ ہونا چاہیے کہ اس کی آیات ہماری یادداشت کا حصہ بن جائیں؛ اس کی تعلیمات ہمارے اعمال میں ڈھل جائیں، ہمارے معاملات میں نظر آئیں اور ہم ان میں شامل ہو جائیں جن کے بارے میں قرآن کریم خود یہ بات فرماتا ہے کہ:
’’ فلاح پا گئے وہ لوگ ۔‘‘
ہماری سیرت اورہمارے کردار میں رب کی اطاعت اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ہر عمل اور ہدایت کی پیروی کا جذبہ موجود ہونا چاہیے۔اللہ پاک ہمیں عمل کی توفیق عطا فرمائے۔
٭٭٭
میڈیا جسے جمہوریت کا چوتھا ستون کہا جاتا ہے، زبان و بیان آزادیٔ اظہار کا مرکزمانا جاتا ہے، حقائق کو کھول کر رکھ دینے اور سچائی سے پردہ اٹھا کر لوگوں کی آنکھیں کھول دینے کا دم خم رکھنے والا میڈیا آج خاموش ہے۔ اس کی جگہ ایک ایسا میڈیا ہمارے سامنے ہے، جس کے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں اور زبان گونگی ہو چکی ہے، جو سچائی اور حقیقت سے آنکھیں بند کر کےایسی راہ پر گامزن ہے جہاں حکمران، سیاستدان اور کارپوریٹ ہاؤس کے پاورفل لوگوں نے اس کے ہاتھ جکڑ کررکھ دیے ہیں۔


0 Comments