اپریل ۲۰۲۳
درس حدیث
زمرہ : النور

یقیناً حلال واضح ہے اور حرام بھی واضح ہے۔ ابو عبداللہ بن نعمان بن بشیرؓ سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں ،میں نے رسول الله صلى الله عليه وسلم کو فرماتےہوئے سنا: ’’یقیناً حلال واضح ہے اور حرام بھی واضح ہے ۔ان دونوں کے درمیان کچھ مشتبہ چیزیں ہیں ،چنانچہ جو شخص شبہ سے بچ گیا اس نے اپنے دین اور آبرو کو محفوظ کر لیا، اور جو شبہ والی چیزوں میں پڑ گیا وہ حرام میں پڑ جائے گا ۔اس کی مثال اس چرواہے کی ہے، جو کسی محفوظ چراگاہ کے ارد گرد چراتا ہے، تو قریب کے جانور اس چراگاہ میں سے بھی چر لیں ۔سنو ہر بادشاہ کی ایک محفوظ چراگاہ ہوتی ہے۔ (جس میں کسی کو داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے۔ )آگاہ رہو اللہ کی چراگاہ اس کی حرام کردہ چیزیں ہیں۔سنو  جسم کے اندر گوشت پوست کا ایک ٹکڑا ہے ۔جب وہ درست ہوتا ہے ،تو سارا جسم درست رہتا ہے ،اور جب وہ بگڑ جاتا ہے، تو سارا جسم بگڑ جاتا ہے ۔
جان لو وہ دل ہے ۔‘‘(صحیح بخاری : 52،صحیح مسلم : 1599 )
مذکورہ حدیث سورہ آل عمران کی آیت نمبر 7 کی تشریح ہے ۔اللہ کا فرمان ہے:

هُوَ الَّذِي أَنزَلَ عَلَيْكَ الْكِتَابَ مِنْهُ آيَاتٌ مُّحْكَمَاتٌ هُنَّ أُمُّ الْكِتَابِ وَأُخَرُ مُتَشَابِهَاتٌ ۖ فَأَمَّا الَّذِينَ فِي قُلُوبِهِمْ زَيْغٌ فَيَتَّبِعُونَ مَا تَشَابَهَ مِنْهُ ابْتِغَاءَ الْفِتْنَةِ وَابْتِغَاءَ تَأْوِيلِهِ ۗ وَمَا يَعْلَمُ تَأْوِيلَهُ إِلَّا اللَّـهُ ۗ وَالرَّاسِخُونَ فِي الْعِلْمِ يَقُولُونَ آمَنَّا بِهِ كُلٌّ مِّنْ عِندِ رَبِّنَا ۗ وَمَا يَذَّكَّرُ إِلَّا أُولُو الْأَلْبَابِ ﴿سورہ آل عمران 7﴾

(وہی خدا ہے جس نے یہ کتاب تم پر نازل کی ہے۔ اس کتاب میں دو طرح کی آیات ہیں : ایک محکمات جو کتاب کی اصل بنیاد ہیں اور دوسری متشابہات ۔جن لوگوں کے دلوں میں ٹیڑھ ہے وہ فتنے کی تلاش میں ہمیشہ متشابہات ہی کے پیچھے پڑے رہتے ہیں ،اور ان کو معنی پہنانے کی کوشش کیا کرتے ہیں ،حالانکہ ان کاحقیقی مفہوم اللہ کے سوا کوئی نہیں جانتا ۔برخلاف ان لوگوں کے جو علم میں پختہ کار ہیں ،وہ کہتے ہیں کہ ہمارا ان پر ایمان ہے، یہ سب ہمارے رب ہی کی طرف سے ہیں ۔) (سورہ آل عمران)
حلال واضح ہے اور حرام واضح ہے، یعنی وہ چیزیں جن میں کسی قسم کا اشتباہ نہیں ہوتا ،جن کا حرام یا حلال ہونا نص سے ثابت ہوتا ہے ۔جن کامعنی و مفہوم اس قدر واضح ہوتا ہے کہ اس میں کسی بحث اور اجتہاد کی گنجائش نہیں ہوتی ،اور نہ ہی ان سے کوئی دوسرا مطلب لیا جا سکتاہے ،اور یہی چیزیں انسان کی ہدایت کے لیے کافی ہیں ۔قرآن نے ان کو ام الکتاب کے الفاظ سے تعبیر کیا ہے، یعنی جو دین کی اصل بنیاد ہیں ۔ان ہی میں عقائد ،عبادات ، اخلاق، فرائض اور اوامرو نواہی کے احکام بیان ہوئے ہیں ۔اللہ کا فرمان ہے:

قُلْ هُوَ ٱللَّهُ أَحَدٌ ٠ٱللَّهُ ٱلصَّمَدُ ٠لَمْ يَلِدْ وَلَمْ يُولَدْ ٠وَلَمْ يَكُن لَّهُۥ كُفُوًا أَحَدٌۢ ٠

(اے نبی  کہہ دیجیے کہ اللہ ایک ہے، وہ بے نیاز ہے ۔اس کی کوئی اولاد نہیں اور نہ وہ کسی کی اولاد ہے ۔اس کاکوئی ہمسر نہیں
(سورہ اخلاص،پارہ نمبر: 30)
ان آیات میں اللہ کی وحدانیت اور یگانگت کا تصور نہایت جامع اور واضح انداز میں پیش کیا گیا ہے ۔اسی طرح معاشرتی اخلاق کے احکام جیسے بدگمانی ، تجسس ،غیبت وغیرہ کے احکام سورہ حجرات آیت نمبر: 11,12 میں وضاحت کے ساتھ بیان کیے گئےہیں ۔حلال و حرام سے متعلق احکام دیے گئے ہیں ۔

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِنَّمَا الْخَمْرُ وَالْمَيْسِرُ وَالْأَنصَابُ وَالْأَزْلَامُ رِجْسٌ مِّنْ عَمَلِ الشَّيْطَانِ فَاجْتَنِبُوهُ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُونَ

(اے ایمان والو یہ شراب اور جوا اور یہ آستانے اور پانسے؛ یہ سب گندے شیطانی کام ہیں ۔ان سے پرہیز کرو، امید ہے کہ تمہیں فلاح نصیب ہو۔(سورہ مائدہ: 90)

وَلَا تَقْرَبُوا الزِّنَا ۖ إِنَّهُ كَانَ فَاحِشَةً وَسَاءَ سَبِيلًا.

(اور زنا کے قریب بھی نا جاؤ، بے شک یہ بڑی بے حیائی اور بہت برا راستہ ہے۔) (سورہ بنی اسرائیل : 32)
کون سا کھانا ہمارے لیے حلال ہے اور کیاحرام ہے، اس کی تفصیل بھی سور ہ مائدہ میں بیان کی گئی ہے ۔
’’تم پر حرام کیا گیا مردار ،خون ، سور کاگوشت ،وہ جانور جو خدا کے سوا کسی اور کے نام پر ذبح کیا گیا ہو ،وہ جو گلا گھٹ کر یا چوٹ کھا کر یا بلندی سے گر کر یا ٹکر کھا کر مرا ہو، یا جسے کسی درندے نے پھاڑ ا ہو؛ سوائے اس کے جسے تم نے زندہ پاکر ذبح کر لیا۔اور وہ جو کسی آستانے پر ذبح کیا گیا ہو ۔نیز تمہارے لیےیہ بھی ناجائز ہےکہ پانسوں کے ذریعے اپنی قسمت معلوم کرو ۔‘‘
(سورہ مائدہ : 3)
حرام سے بچنے کی تاکید کے ساتھ حلال وطیب رزق کی وضاحت کے ساتھ اس کے لیے جدوجہد کا حکم دیا گیا۔

وَكُلُوْا مِمَّا رَزَقَكُمُ اللّٰهُ حَلٰلًا طَيِّبًا ۠وَّاتَّقُوا اللّٰهَ الَّذِيْٓ اَنْتُمْ بِه مُؤْمِنُوْنَ 

(جو کچھ حلال و طیب رزق اللہ نے تم کو دیا ہے، اسے کھاؤ پیو اور اس خدا کی نافرمانی سے بچو جس پر تم ایمان لاتے ہو۔) (سورہ مائدہ : 88)
یایھا الذین آمنوا کلوامن طیبات ما رزقناکم واشکروا للہ ان کنتم ایاہ تعبدون٠
(اے لوگو جو ایمان لائے ہو، اگر تم حقیقت میں اللہ ہی کی بندگی کرنے والے ہو تو جو پاک چیزیں ہم نے تمھیںبخشی ہیں، انھیں بے تکلف کھاؤ اور اللہ کا شکر ادا کرو ۔(سورہ بقرہ: 172)
ابو سعید خدری ؓسے روایت ہےکہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’ جو شخص پاکیزہ یعنی حلال کھائےاور سنت کے مطابق عمل کرے اور لوگ اس کے شر سے محفوظ رہیں تو وہ جنت میں داخل ہوگا۔‘‘( ترمذی : 2528)
ابو ہریرہؓ سے روایت ہےکہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’ منہ میں خاک ڈالنا اس سے بہتر ہےکہ کوئی شخص حرام مال اپنے منہ میں ڈالے ۔‘‘
( شعب الایمان : 5379)
رافع بن خدیجؓ سے مروی ہے، فرماتے ہیں ،رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سوال کیا گیا کہ کون سی کمائی سب سے اچھی ہے؟ آپ نے فرمایا کہ آدمی جو کمائی اپنے ہاتھ سے کرے ،اور ہر وہ خرید و فروخت جو دھوکہ اور خیانت سے پاک ہو، اور از روئے شرع مقبول ہو ۔(مسند احمد: 17265)
معلوم ہوا کہ پاک رزق ،پاکیزہ طریقے سے کمانے کے ساتھ مشروط ہے ۔ہر وہ مال جودھوکہ ،بے ایمانی چوری اور ڈاکے سے حاصل کی جائے۔ اس کا کھانا حرام ہے ۔اگرچہ وہ چیز بذات خود پاک ہو۔ حلال و حرام کے درمیان کچھ شبہ والی چیزیں ہیں، یعنی وہ آیات جن کے مفہوم میں اشتباہ کی گنجائش ہے،جن کا مفہوم انسانی دسترس سے بالا ہوتا ہے۔ظاہراً جو چیزیں انسان کے حواس سے ماوراء ہیں، جوانسانی علم کی گرفت میں نہ کبھی آئی ہیں نہ آسکتی ہیں ،جن کو انسان نے نہ کبھی دیکھا نہ چھوا ۔ ان کےلیے انسانی زبان میں ایسے الفاظ کی تعیین مشکل ہے، جو اس کی تسلی بخش اور واضح تشریح کر سکیں ۔جیسے:

 الرحمن علی العرش استوی.
، ید اللہ فوق ایدیھم.

اب اس بات کے پیچھے پڑنا کہ اللہ کا عرش کیسا ہے ، اس کاہاتھ کیسا ہے ، وہ کس طرح عرش پر بیٹھا ہے ۔ان آیات کے مفہوم کو متعین کرنے کی جتنی زیادہ کوشش کی جائے گی، اتنے ہی زیادہ اشتباہات و احتمالات سے سابقہ پیش آئےگا ۔
اسی لیےامام مالک رحمۃ اللہ علیہ فرمایا کرتے تھے:’’ عرش معلوم ہے، تفصیل مجہول ہے، اس پر ایمان لانا فرض ہے اور اس کے تئیں سوال کرنا بدعت ہے۔‘‘
جنت اور دوزخ کے بارے میں جو آیات اور احادیث ہیں ،ان کا مقصد ہرگز یہ نہیں کہ انسان وہاں کے احوال کی نامعلوم تفصیل میں کھو کر اصل مقصد کو نظرانداز کردے ۔اصل مقصد یہ ہےکہ لوگوں میں دوزخ اور اس کے عذاب کا خوف پیدا ہو اور وہ برائیوں سے بچیں ، جنت اور اس کی بہاروں کا اور لذتوں کا شوق پیدا ہو، تاکہ وہ اچھے اعمال کریں۔اس کے بارے میں یہ ملحوظ رکھنا چاہیے کہ ان دونوں جگہوں کی اصل حقیقت کا علم وہاں پہنچ کر اور مشاہدے سے ہی ہو سکتا ہے ۔
حضرت انس رضی اللہ عنہ سے منقول ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم راستے سے گزر رہے تھے ،وہاں آپ نے کھجور کا دانہ پڑا دیکھا تو ارشاد فرمایا:
’’ اگر مجھے اس کھجور کے بارے میں صدقہ کا خوف نہ ہوتا تو میں اسے کھا لیتا ۔‘‘رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے صدقہ کے شبہ کی وجہ سے کھجور نہیں کھائی ۔(صحیح بخاری: 2431)
حضرت ابو بکرؓ کے بارے میں بخاری شریف میں آتا ہےکہ ان کے ایک غلام نے کھانے کی کوئی چیز ان کی خدمت میں پیش کی ۔آپ نے اس چیز میں سے کچھ کھا لیا ۔اس کےبعد غلام نے بتایا کہ یہ چیز مجھے کہانت کے پیسوں سے حاصل ہوئی تھی ۔اسلام کے دور سے پہلے دور جاہلیت میں میں نے اپنے آپ کوکاہن ظاہر کر کے کچھ بتلایا تھا ۔ صدیق اکبرؓ کو جب یہ معلوم ہوا تو انھوں نے فوراً حلق میں انگلی ڈال کر قے کر دی کہ یہ چیز تو مشتبہ ہوگئی۔حرام چیزوں کو ممنوعہ چراگاہ کے ساتھ تشبیہ دی گئی ہے ۔جس طرح کوئی حاکم کسی خاص چراگاہ کو دوسروں کے لیے ممنوع کر دیتا ہے، جس کے نتیجے میں لوگوں کے لیے ضروری ہو جاتا ہے کہ وہ اپنے جانوروں کو ممنوعہ چراگاہ سے دور رکھیں ۔اسی طرح جو چیز شریعت نے حرام قرار دی ہیں، وہ لوگوں کے لیے ممنوع ہیں کہ ان کے ارتکاب سے پرہیز واجب ہے ۔مشتبہ چیزوں میں مبتلا ہونے کو ممنوعہ چراگاہ کی مینڈ سے تشبیہ دی گئی ہے، جس طرح چرواہے کے لیے ضروری ہےکہ وہ اپنے جانوروں کو ممنوعہ چراگاہ سے دور رکھ کر چرائے، تاکہ اس کےجانور ممنوعہ چراگاہ میں نہ گھس جائیں ۔اگر وہ اپنے جانورں کو ممنوعہ چراگاہ کی مینڈ پر چرائے گا، تو پھر اس بات کا ہر وقت احتمال رہے گا کہ اس کے جانور ممنوعہ چراگاہ میں گھس جائیں گے، جس کے نتیجے میں اسے مجرم قرار دیا جائے گا ۔اسی لیے مسلمانوں کو چاہیےکہ و ہ مشتبہ چیزوں سے دور رہیں، تاکہ حرام چیزوں میں مبتلا نہ ہوجائیں۔ اللہ کا ممنوعہ علاقہ حرام چیزیں ہیں، جن میں مبتلا ہونا لوگوں کے لیے ممنوع ہے ۔
دل کی درستگی پر سارے جسم کی درستگی کا انحصار ہے ۔اگرچہ جسم کےتمام اعضاء کی اہمیت اپنی جگہ مسلم ہے ۔جس طرح گھڑی کا ہر پرزہ اہمیت کا حامل ہوتا ہے، لیکن اگر گھڑی میں بیٹری نہ ہو تو گھڑی کا ہر پرزہ بیکار ہے۔ٹھیک یہی اہمیت انسانی جسم میں دل کی ہے ۔ حدیث میں کہا گیا ہےکہ جب کوئی انسان گناہ کرتا ہے، تو اس کے دل پر ایک سیاہ نقطہ بن جاتاہے ۔جب دوسری بار گناہ کرتا ہے، تو دوسرا سیاہ نقطہ بن جاتا ہے، یہاں تک کہ اس کا دل سیاہ ہو جاتا ہے ۔نتیجۃً بھلائی کی بات اس پہ اثر انداز نہیں ہوتی ۔(الدر المنثور، ص446)
اسی طرح ایک حدیث میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے سینے کی طرف تین مرتبہ اشارہ کرکے فرمایا :

 التقوی ھاھنا . (تقوی یہاں ہے۔)

 حدیث کی ابتداء میں حلال وحرام اور مشتبہات کا ذکر ہے، اور آخر میں دل کا ذکر ہے ۔اس ترتیب سے معلوم ہوتا ہےکہ انسان تمام حرام کاموں سے بچے۔حلال چیزوں پر اکتفاء کرے، اور مشتبہ چیزوں سے اپنے آپ کو دور رکھے ،تاکہ ہمارا دل ایمان کی روشنی سے منور ہوسکے۔اللہ ہمارا حامی و ناصر ہو ۔

٭٭٭

ویڈیو :

آڈیو:

 جنت اور دوزخ کے بارے میں جو آیات اور احادیث ہیں ،ان کا مقصد ہرگز یہ نہیں کہ انسان وہاں کے احوال کی نامعلوم تفصیل میں کھو کر اصل مقصد کو نظرانداز کردے ۔اصل مقصد یہ ہےکہ لوگوں میں دوزخ اور اس کے عذاب کا خوف پیدا ہو اور وہ برائیوں سے بچیں ، جنت اور اس کی بہاروں کا اور لذتوں کا شوق پیدا ہو، تاکہ وہ اچھے اعمال کریں۔اس کے بارے میں یہ ملحوظ رکھنا چاہیے کہ ان دونوں جگہوں کی اصل حقیقت کا علم وہاں پہنچ کر اور مشاہدے سے ہی ہو سکتا ہے ۔

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے