اپریل ۲۰۲۴

السلام علیکم و رحمۃ،برکاتہ!
رب تعالیٰ سے قوی امید ہے کہ آپ سب بخیر ہوں گے۔
آج اس جدید تکنیکی دور میں مطالعہ کی اہمیت سے لوگوں کو واقف کروانا ہر باشعور قاری کی ذمہ داری ہے۔ چوں کہ مجھے ذوقِ مطالعہ وراثت میں ملا ہے،اس لیے میری کوشش ہوتی ہے کہ اپنے عزیزوں کو بھی ان کتابوں اور میگزین کا مطالعہ کرواؤں ،جن سے میں نے فیض اٹھایا۔ کچھ یہی معاملہ ھادیہ ای میگزین کے تعلق سے رہا۔ میری ایک ساتھی نے مجھے ھادیہ سے متعارف کروایا اور ھادیہ کو پڑھنے کے بعد دل مطمئن ہوگیا کہ الحمدللہ تکنیکی دور میں،تکنیک کا اس قدر بحسن و خوبی برتا جانا کہ خواتین کے اس میگزین کو گھر بیٹھے ہی مطلوبہ قارئین تک پہنچایا جارہا ہے، واقعی قابلِ ستائش ہے۔
بہر حال، ھادیہ کا مارچ کا شمارہ زیر مطالعہ رہا، جو کافی خاص تھا۔ مجھے معلوم ہوا کہ اس میگزین نے غیر معمولی کامیابی کے ساتھ تین سال مکمل کرلیے ہیں، تو بے اختیار دل جھوم اٹھا اور دعائیں دیں۔’’ اعلیٰ تعلیم کے حصول کا شعور‘‘، اس اہم عنوان پر ڈاکٹر مبشرہ با جی نے جو لکھا ہے ،وہ سراہے جانے کے قابل ہے۔ یہ درست ہے کہ خواتین کی سماجی فعالیت سے کئی ایک میدان آج خالی ہیں۔ دروس کا جو سلسلہ ہے، وہ میگزین کی ایک منفرد خاصیت معلوم ہوا، عموماً جو میگزین میں نے پڑھے، ان میں اتنی سیر حاصل معلومات ،خصوصاً درس حدیث و قرآن کے تعلق سے نہیں ملیں۔ ’’مسلم خواتین کے فعال کردار کے متقاضی میدان‘‘ پر امۃ الحسیب حنا صاحبہ نے جو کچھ قلم بند کیا وہ اپنے آپ میں ہی تبدیلی کی طرف ایک قدم ہے۔ اس کے بعد سید سعادت اللہ حسینی صاحب کی تحریر جو’’ تکثیری سماج‘‘ کے عنوان سے تھی، وہ اتحاد پر یک جا ہونے کے لیے اکساتی ہے۔ اس کے بعد میں’’ جہیز‘‘ کے موضوع پر مضمون پڑھ کر سوچنے لگی کہ کیا کوئی عنوان رہ گیا ہے جس پر ھادیہ نے رہنمائی نہ کی ہو؟
واقعی یہ میگزین ایک عمدہ کاوش ہے۔ رمضان و روزے کے تعلق سے میگزین میں جو خصوصی تحاریر شائع ہوئی تھیں، انھیں میں نے خوب ڈوب کر پڑھا۔ ایک اور چیز کہ ھادیہ خود تو ایک بہترین میگزین ہے ہی ،لیکن وہ قارئین تک عمدہ کتابوں کا تعارف کروانے میں بھی پیچھے نہیں ہے، اسے میں نے گوشۂ مطالعہ کے باعث جانا، جس میں بالخصوص میں نے اپنی عزیزہ انشاء کا فلسطینی کتابچے پر سیر حاصل تبصرہ پڑھا اور ابھی اگلا ہدف کتابچہ خریدنا ہے۔
یوں تو میگزین کی باریکیوں کو میں نے نہیں لکھا ہے، ورنہ تمام ہی موضوعات پر تفصیل سے رائے دوں تو ضخیم حاصلِ مطالعہ تیار ہوسکتا ہے۔ مختصراً میں نے ان موضوعات کو بتانے کی کوشش کی ہے جو میگزین کی تعریف کرنے پر مجبور کردیں گے۔ ھادیہ نے مجھے واقعی حیرت میں ڈال دیا، جب زمرہ صحت وصلاح زیر مطالعہ آیا۔ واللہ یہ میگزین اتنا بہترین ہے۔ خدا کرے خوب ترقی کرے۔ کوئی میدان ایسا نہیں جہاں ھادیہ نے اپنی رہ نمائی نہ فراہم کی ہو۔ ایک اور مضمون جو بہت پسند آیا وہ زمرہ بولتی تصویریں میں تھا، مدیحہ عنبر صاحبہ نے خودکشی کے بڑھتے رجحان پر شیریں انداز میں ضرب کاری لگائی ہے، بہت بہترین مضمون لکھا ہے۔ ایک اور چیز جو ھادیہ کو دوسرے میگزین سے الگ کرتی ہے وہ یہ کہ اس میں مخصوص موضوعات پر آڈیو ویڈیو موجود ہے۔’’ اولاد کا مستقبل آپ کےہاتھ‘‘ میں اور’’ بہنیں پوچھتی ہیں‘‘ یہ دونوں زمرہ جات غفلت سے بیدار کروانے کے لیے جاری کیے گئے ہیں۔ کل ملا کر پورا میگزین جس کا مطالعہ میرے لیے بے حد مفید رہا اور اس نے مجھے مسحور کردیا‌۔ ارادہ کیا ہے کہ ہر ماہ کے میگزین کا مطالعہ لازمی کیا کروں گی۔
خدا تعالیٰ سے دعا ہے کہ ھادیہ ترقی کے منازل طے کرتا جائے اور اسی طرح قاری کے دلوں میں اپنی چھاپ چھوڑ دے۔
جزاکم اللہ خیراً کثیرا

عزیزی جویریہ !
سلام ورحمت
سچ کہوں تو میگزین کے مدیر کے لیے سب سے اہم مراسلے پڑھنا ہے۔ یہی گویا کہ حاصل الحصول ہے۔ آپ کا مراسلہ پڑھ کر بھی دل خوش ہوا کہ آپ نے پوری توجہ سے میگزین پڑھا بھی اور تفصیل سے مضامین کی نشان دہی بھی کی ہے ۔
اللہ سے دعا کریں کہ ٹیم ھادیہ کا انہماک بڑھتا رہے اور یہ میگزین روز افزوں ترقی کرے ۔آپ جیسے قدرشناس قاری ہی ہمارے لیے سرمایہ ہیں ۔
والسلام

– چیف ایڈیٹر ھادیہ ای میگزین

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اپریل ۲۰۲۴