اپریل ۲۰۲۴
اے وقت !ذرا تھم جا یہ کیسی روانی ہے؟

موسم گرما میں راتوں کو چلنے والی ہوائیں ٹھنڈی پڑ چکی تھیں، یہ آخری آیام تھے، ایّام معدودات۔
مساجد کی رونقیں، نمازیوں کی صفیں،روزوںکے ثواب، نیکیوں کا موسم،مغفرت کی چاہتیں، قرآن مجید کے صفحات، سب اپنی عروج پر تھے۔
امام صاحب اور وہ تمام جن کا قرآن سے گہرا تعلق ہوتاہے، ان دنوں الگ ہی کیفیت سے گزر رہے ہوتےہیں،امام صاحب تلاوت شروع کرتے ہیں:

اِنَّ الَّذِيۡنَ اٰمَنُوۡا وَعَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ لَهُمۡ جَنّٰتٌ تَجۡرِىۡ مِنۡ تَحۡتِهَا الۡاَنۡهٰرُ ؕ ذٰلِكَ الۡفَوۡزُ الۡكَبِيۡرُؕ

(جو لوگ ایمان لائے اور جنھوں نے نیک عمل کیے، یقیناً اُن کے لیے جنت کے باغ ہیں، جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی، یہ ہے بڑی کامیابی۔)
اطمینان بھری آیت۔

اِنَّ بَطۡشَ رَبِّكَ لَشَدِيۡدٌ

(درحقیقت تمہارے رب کی پکڑ بڑی سخت ہے۔)
آواز رندھنے لگتی ہے۔

اِنَّهٗ هُوَ يُبۡدِئُ وَيُعِيۡدُ‌

(وہی پہلی بار پیدا کرتا ہے اور وہی دوبارہ پیدا کرے گا۔)
ایمان بالغیب سے آنکھیں بھر آتی ہیں۔

وَهُوَ الۡغَفُوۡرُ الۡوَدُوۡدُۙ

(اور وہ بخشنے والا ہے، محبت کرنے والا ہے۔)
ضبط ٹوٹ جاتا ہے، اللہ کی محبت کا احساس غالب آجاتا ہے، آنسوؤں کی جھڑی اقبال کا شعر گنگناتی ہے:

دل میں ہو سوز محبت کا وہ چھوٹا سا شرر
نور سے جس کے ملے راز حقیقت کی خبر

نمازیوں کے آنسو بہنے لگتے ہیں۔

ذُو الۡعَرۡشِ الۡمَجِيۡدُ فَعَّالٌ لِّمَا يُرِيۡدُ

(عرش کا مالک ہے، بزرگ و برتر ہےاور جو کچھ چاہے کر ڈالنے والا ہے۔)
خوف خدا سے الفاظ بمشکل ادا ہو پاتے ہیں، آنسو بہنے لگتے ہیں، یہ سب خودبخود ہوتا ہے،گردش ایّام کو روکا نہیں جا سکتا، وقت کا استعمال بہتر کیا جاسکتا ہے مگر اب کیا حاصل؟
چلا جا رہا ہے وہ مہینہ جس کے متعلق حضرت جبرئیل علیہ السلام نے دعا کی کہ ہلاک ہوجائے وہ شخص جس کو رمضان کا مہینہ ملے اور وہ اپنی بخشش نہ کرواسکے، جس پر حضرت محمد ﷺ نے آمین کہا تھا۔
مغفرت کروانے کی یہی آرزو لیے تو اس مہینے میں داخل ہوئے تھے، اس کا حق ادا کرنے میں جو کوتاہی رہی اس کا رنج اور اس جیسے بہت سے احساسات کے ساتھ، آج آخری ایام میں کھڑے ہیں،کیا پایا کیا کمایا؟کچھ بھی نہیں، یا کچھ زیادہ نہیں۔‎

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اپریل ۲۰۲۴