اسلم نے دسویں کا امتحان دے دیا،پڑھائی اور سخت محنت کی ،رات دن کی مصروفیت سے کچھ دن کے لیے فراغت حاصل ہوگئی۔اب بے فکری کے ڈیڑھ ماہ میسر ہیں، لیکن ان فارغ اوقات میں بھی اسلم کا چہرہ انتہائی متفکر اور تناؤ سے پر نظر آتا ہے۔گھر والوں اور رشتہ داروں کے درمیان جب بھی نتائج کا تذکرہ اور اس کے بعد کی پلاننگ کے بارے میں پوچھا جاتا ہے، تو اسلم کا موڈ ہی بدل جاتا ہے، چڑچڑاپن اور انتہائی stressکی کیفیت اس کے چہرے سے ظاہر ہوتی ہے ، بات کا رخ بدلنے اور محفل سے کنارہ کش ہونے کی کوشش کرتا ہے۔
چھٹیوں کے یہ فارغ اوقات بچوں کو دست یاب وہ قیمتی ایام ہوتے ہیں،جب وہ ان بے فکری کے لمحات کا لطف لے سکتے ہیں ،ان کو صحت بخش تفریح اور تعمیری کاز میں استعمال کرسکتے ہیں۔چھپی ہوئی صلاحیتوں کو کھوجنے اور ڈیولپ کرنے کا یہ سنہرا موقع ہوتا ہے،لیکن اسلم اور اس جیسے طلبہ کی ایک بڑی تعداد (خصوصاً 10اور10+2کےطلبہ)ان فارغ اوقات میں بھی امتحان اور نتائج کے ہی خیالوں میں رہتی ہے، ان کورات دن بس رزلٹ کی فکر کھائے جاتی ہے ،وہ مستقل تناؤ اور stressکی کیفیت میں مبتلا رہتے ہیں۔
تناؤ پیدا کرنے والے عوامل
اسکول اور کوچنگز کا تناؤ پیدا کرنے والا ماحول
اسکول اور کوچنگ کلاسز کا صرف چند مخصوص سبجیکٹس کو خصوصی اہمیت دینے کا ماحول اور اسی میںا سکور کرنے پر زور، بچوں کو اپنے غیر دل چسپ مضامین کے تحت پڑھنے پر مجبور کردیتا ہے۔ رجحان اور دل چسپی کےخلاف کسی اور مضمون میں پڑھنا خاصا دشوار ہوتا ہے ،ناپسندیدہ مضمون میں پڑھائی اور محنت ہی کافی تناؤ پیدا کرنے والا عمل ہے۔پھر طلبہ کے درمیان سخت مقابلےکا چلن ، کچھ نمبرات سے رینک چلے جانے کے خدشات بچوں کو مستقل تناؤ کا شکار بنادیتے ہیں۔
والدین کی توقعات
طلبہ میں stressپیدا کرنے کا ایک اہم سبب والدین کی توقعات ہیں،والدین بچوں کی استطاعت سے بڑھ کر توقعات وابستہ کرلیتے ہیں۔ بچوں کی ذہنی صلاحیت، تعلیمی حالت اور دل چسپی سے صرف نظر کرتے ہوئے ان سے مسلسل تقاضہ ہوتا ہےکہ ان کےمنتخب شدہ مضامین میں طے شدہ مارکز لازماًحاصل کریں۔ دوسرے طلبہ سے compare ، گھر کے دیگر ممبران سے تقابل ،بڑی بڑی توقعات کا مستقل اظہار، عار دلانا اوران جیسے رویے بچوں میں سخت دباؤ پیدا کرتے ہیں۔اس پر مزید رشتہ داروں اور دوست احباب کا بار بار رزلٹ کے متعلق استفسار ، مقابلےکے دن بدن سخت ہونے پر تبصرےتناؤ میں مزید اضافے کاسبب بنتے ہیں۔
غیر حقیقت پسندانہ فیصلے
انجینیئر اور ڈاکٹر بننے کی دوڑ میں اپنے فطری رجحان سے مختلف مضامین کا انتخاب ،اس کوسمجھنے اور پڑھنے میں دشواری پیدا کرتا ہے، نتیجۃً حسب خواہش رزلٹ نہ آنے کا اندیشہ ،یہ طالب علم کا اپنے آپ پر خود سے لادا ہوا دباؤ ہوتا ہے ،جو شدید تناؤ کا باعث بنتا ہے۔
اندرونی کم زوریاں
بیرونی عوامل کے علاوہ طلبہ کے اندرونی کم زوریاں بھی رزلٹ سے متعلق stressپیدا کرنے کا سبب ہوسکتی ہیں، جیسے غیر منظم پڑھائی ، محنت سے جی چرانا ، وقت کا غیر مؤثر استعمال، حصول علم کے تئیں غیر سنجیدگی (کلاسز بنک کرنا،دوستوں کے ساتھ وقت کا ضیاع ، موبائل انٹرنیٹ کا بے جا استعمال ) نتیجۃً امتحان میں خراب کارکردگی، پھر رزلٹ اچھا نہیں آنے کا اندیشہ تناؤ پیدا کرتا ہے۔
توکل علی اللہ کی کمی ، بے یقینی مایوسی ،پست ہمتی مستقبل کے اندیشے ،منفی سوچ ، بے شمار مواقع اور اپنی کئی اعلیٰ صلاحیتوں سے صرف نظر ، یہ کم زوریاں بچے کو تناؤ کا شکار بنانے کا اہم سبب ہیں۔یہ مستقل تناؤ کی حالت کئی نفسیاتی اور طبعی عوارض کا موجب بن سکتی ہے۔
عوارض
نتائج کا خوف بچوں کو مردم بیزار بنادیتا ہے، رزلٹ کے متعلق سوالات سے بچنے کے لیے وہ لوگوں سے ملنے سے کتراتے ہیں، زیادہ لوگوں کے اجتماع سے بھاگتے ہیں، رشتہ داروں سے دوری بنائے رکھتے ہیں؛ ایسے بچوں کا تنہائی پسندی کا مزاج بننے لگتا ہے۔
نتیجۃً اچھی محفلوں اور تربیتی مجلسوں میں جانے اور سیکھنے کا موقع گنوادیتے ہیں۔تعطیلات کے فارغ اوقات کئی علمی و قابل شخصیات سے ملنے
اور تربیت حاصل کرنے کےمواقع فراہم کرتے ہیں، لیکن یہ بچے ان مواقع سے استفادہ کرنے سے محروم رہتے ہیں۔
رشتہ داروں سے میل ملاپ ،اجتماعی تفریحات، خاندان کے بڑوں اور بزرگوں سے ربط، ان کی خدمت نیز ان سے سیکھنے سے بھی کتراتے ہیں کہ کہیں کوئی رزلٹ کے متعلق پوچھ نہ لے۔
نتائج کا خوف بچوں کو ڈپریشن اور بے آرامی کے مرض میں مبتلا کردیتا ہے،جس کی وجہ سے ایسے بچوں کے چہروں پرہر وقت مایوسی اور پژ مردگی چھائی رہتی ہے۔
ڈپریشن بچوں میں کئی طبی مسائل بھی پیدا کرتا ہے، جیسے زیادہ پسینہ آنا، گھبراہٹ، سانس لینے میں تکلیف، دل کی دھڑکن کا بڑھنا وغیرہ۔
اپنے پسندیدہ مشاغل ،جن میں لطف لیا جاسکتا ہے ان میں بھی عدم دل چسپی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
جب یہ مرض انتہائی شکل اختیار کرلے تو طلبہ خودکشی کی طرف مائل ہوتے ہیں۔
نتائج کے خوف سے کیسے بچا جائے؟
پر امید رہیں !
اسلام مایوسی اور ناامیدی کو سخت ناپسند کرتا ہے۔پیپرز اچھے لکھےگئے ہوں تو اللہ سے اچھی امید رکھیں کہ وہ بہترین کامیابی بخشے گا،ا گر پیپرز اچھے نہیں لکھےجا سکے ہوں تب بھی ایک مومن کو ناامیدی زیب نہیں دیتی ،مایوسی تو کفر ہے اور ایمان تو امید کا نام ہے۔ نتائج کے انتظار کے دوران ہی اپنا وسیع نقطۂ نظر بنالیں کہ یہ امتحانات محض چند سبجکٹس کی کارکردگی بتلاتے ہیں، آپ کی تمام صلاحتیوں او رذہنی قابلیتوں کو صرف اس ا یک امتحان سے نہیں جانچا جاسکتا،آپ اپنی کئی چھپی صلاحیتوں کو کھوج کر بروئے کار لاسکتے ہیں، دیگر کئی میدان آپ کی نمایاں کارکردگی کےمنتظر ہیں۔ تعلیم کا مقصد محض کمانا نہیں ہے (کمایا بھی جاسکتاہے جو ضمنی مقصد ہے ) علم انسانیت کے نفع کےلیے ہے،تاکہ لوگوں کے کام آکر خدا کو راضی کرسکیں اور جو بھی علم نافع ہو ،دل چسپ ہو حاصل کیا جاسکتا ہے۔
منفی سوچ سے نکلیں عزم پیدا کریں !
خود ملامتی سے بچیں اور خود سے محبت کریں۔ اپنی بے شمار صلاحیتوں پر نظر ڈالیں اور شکر گزاری و اعتماد کے جذبات کا اظہار کریں۔ناکام ہو بھی جائیں تو راستے مسدود نہیں ہیں، بلکہ مواقع کی دنیا بہت وسیع ہے، اس احساس کو زندہ رکھیں۔ناکامیاں بڑی کامیابیوں کا پہلا زینہ ہوتی ہیں۔
گرتے ہیں شہسوار ہی میدان جنگ میں
وہ طفل کیا گرے جو گھٹنوں کے بل چلے
اس تصور کے ساتھ ناکامیوں سے سیکھنے، احتساب کرنے اور نئی جست لگانے کا عزم کریں۔
والدین کی ذمہ داری
والدین بچے کے رجحان کو چیک کرکے اس کے مطابق تعلیم دلوانے کا اہتمام کریں ۔(شہروں میں aptitude test کے سینٹرز قائم ہیں وہاں سے بچے کا تعلیمی رجحان معلوم کیا جاسکتاہے )
عمومی مزاج کے بہاؤ میں بہہ کر خدارا زبردستی اپنی پسند کا مضمون بچے کے سر نہ تھوپیں ،تعلیم کا مقصد ماں باپ اور بچوں دونوں کے سامنے واضح رہے۔
مناسب اسٹریم منتخب کرنے کے بعد تعلیم کے دوران بچے کی مستقل حوصلہ افزائی کرتے رہیں۔ کاہلی اور وقت کے ضیاع سے بچائیں ،دوسرے بچوں سے تقابل نہ کریں، بلکہ اس کو اعتماد دلوائیں کہ وہ اہل ترین ہے۔ وقت کے صحیح استعمال اور محنت سے بہترین کامیابی حاصل کرسکتا ہے۔ہرقدم پر مکمل سپورٹ کو یقینی بنائیں۔
امتحان کے بعد نتائج کی فکر سے خود بھی آزاد رہیں، بچے کو بھی آزاد رکھیں،تعطیلات کے خو ب صورت لمحات رزلٹ کی فکر، اس پر تبصرہ اور سوالات کی نذر نہ ہونے دیں۔
گھروالوں اور رشتہ داروں کو بھی اس موضوع پر ڈسکشن سے احتیاط کرنا چاہیے۔ بچوں کو والدین یہ اطمینان دلائیں کہ آپ کی لاپراواہی اور کاہلی قابل قبول نہیں، لیکن کوشش کے بعد کے نتائج جو بھی ہوں وہ قبول ہوں گے۔بچوں کو ڈانٹنے اور سختی کرنے سے احتراز کریں۔
توکل اور یقین کا شیوہ اپنائیں ۔بچوں میں بھی خدا پر توکل کو پروان چڑھائیں۔ یہ تصور واضح رہے کہ ہم نے ایکزام دے دیا یعنی اپنے حصے کا اپنے اختیار کا کام کرلیا ہے، اب نتائج خدا کے سپرد، اس کے فیصلے پہ راضی بہ رضا رہنا چاہیے، نتائج ہماری کوشش کے مطابق ہی آئیں گے۔
یہ پیش نظر رہے کہ دنیا میں نتائج بدلے جاسکتے ہیں، احتساب اور مزید کوشش کا چانس باقی رہتا ہے (حتمی اور آخری فیصلے قیامت کے دن ہوں گے)یہاں اچھے یا برے، دونوں قسم کے نتائج کے بعد مواقع اور امکانات کی وسیع دنیا موجود ہے۔
٭ ٭ ٭
والدین بچوں کی استطاعت سے بڑھ کر توقعات وابستہ کرلیتے ہیں۔ بچوں کی ذہنی صلاحیت، تعلیمی حالت اور دل چسپی سے صرف نظر کرتے ہوئے ان سے مسلسل تقاضہ ہوتا ہےکہ ان کےمنتخب شدہ مضامین میں طے شدہ مارکز لازماًحاصل کریں۔ دوسرے طلبہ سے compare ، گھر کے دیگر ممبران سے تقابل ،بڑی بڑی توقعات کا مستقل اظہار، عار دلانا اوران جیسے رویے بچوں میں سخت دباؤ پیدا کرتے ہیں۔


0 Comments