مارچ ۲۰۲۳

اچھی صحت، خدا کی نعمت

اللہ تعالیٰ نے انسان کو ان گنت نعمتوں سے نوازا ہے، ہم میں سے ہر شخص اللہ کی دی ہوئی نعمتوں کی بدولت ہی چلتا پھرتا رہتا ہے، اللہ تعالیٰ نے ہی ہمیں دیکھنے اور سننے کی نعمت سے نوازا جب کہ بہت سے لوگ اس عظیم نعمت سے محروم ہیں، اگر ان نعمتوں کی قیمت کا ندازہ لگانا ہوتو ان لوگوں سے پوچھیےجو مذکورہ نعمتوں سے محروم ہیں، اللہ ہی نے ہمیں عقل صحت اور مال و اہل کی نعمتیں دیں، بلکہ پوری کائنات کو (جس میں سورج آسمان اور زمین اور تمام مخلوقات ہیں )ہمارے لیے مسخر فرمایا۔
’’اور اگر تم اللہ کی نعمتوں کا شمار کرنا چاہو تو تم اسے نہیں گن سکتے۔ بیشک اللہ بڑا بخشنے والا مہربان ہے۔‘‘ (النحل: 18)
اگر ہم گہرائی اور باریک بینی سے اللہ کی نعمتوں پر غور کریں تو معلوم ہوتا ہے کہ ایمان کے بعد صحت خدا کی عظیم نعمت ہے۔ اس نعمت سے لاپروائی برتنا مسلمان کے شایانِ شان نہیں۔ روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ صحت اللہ کی امانت ہے۔ لہٰذا اس امانت کی حفاظت کرنا ہر مسلمان کےلیےاس کے ذاتی فائدے کے علاوہ اس کا دینی فریضہ بھی بنتا ہے۔صحت کے بارے میں سگریٹ نوشی جیسی لاپروائی کرنا ایک لحاظ سے امانت میں خیانت کے مترادف ہوگا۔

صحت پر سگریٹ نوشی کے اثرات

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق دنیا بھر میں سالانہ ساٹھ لاکھ افراد سگریٹ نوشی سے ہونے والی بیماریوں میں مبتلا ہوکر ختم ہو جاتے ہیں۔ جن میں سے چھ لاکھ سے زیادہ افراد خود سگریٹ نوشی نہیں کرتے بلکہ سگریٹ نوشی کے ماحول میں موجود ہونے کے سبب اس کے دھوئیں کا شکار ہوجاتے ہیں۔ سگریٹ نوشی سے دل کے امراض اور پھیپھڑوں کے سرطان جیسی خطرناک بیماریاں ہوتی ہیں۔سگریٹ نوشی کرنے والا اپنی اوسط عمر سے پندرہ سال پہلے دنیا سے گزر جاتاہے۔
طبی ماہرین کے مطابق ایک سگریٹ انسان کی عمر آٹھ منٹ تک کم کر دیتی ہے، کیونکہ اس میں چار ہزار سے زائد نقصان دہ اجزاء موجود ہوتے ہیں۔ دل کی بیماریوں کے ساتھ ساتھ پھیپھڑے سانس اور خوراک کی نالی اور منہ سمیت کئی کینسر صرف سگریٹ نوشی کی وجہ سے ہوتے ہیں۔ان کے علاوہ دانت خراب ہوجاتے ہیں۔بالوں کی جڑوں تک خون نہیں پہنچ پاتا۔ نظر کمزور ہونے کا خدشہ۔جگر کی کئی بیماریوں کی وجہ سگریٹ نوشی بن سکتی ہے۔ اس میں موجود نکوٹین صحت کے لیے مضر ہے۔

No smoking Day:8 March 2023

سگریٹ نوشی انسانی معاشرے کی ایک بہت بڑی کمزوری ہے، اس کے  کئی جسمانی وذہنی نقصانات  ہیں،لیکن اس کے باوجود ایک بڑے طبقے میں  اس کا  استعمال مدتوں سے مختلف شکلوں میں جاری ہے ۔سگریٹ نوشی کے رحجان کوکم کرنے اور اس پر قابو پانے کے لیے سگریٹ نوشی کا دن ہر سال مارچ کے دوسرے بدھ کو منایا جاتا ہے، تاکہ ان سگریٹ نوشی کرنے والوں کی مدد کی جا سکے جو سگریٹ نوشی چھوڑنا چاہتے ہیں، اور روزمرہ کی زندگی میں سگریٹ نوشی کے صحت پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں بیداری پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ اس سال یہ 8 مارچ کو آتا ہے۔

سگریٹ نوشی کی وجہ سے بچوں کی اموات

اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے صحت کا تخمینہ ہے کہ دوسروں کی سگریٹ نوشی کے دھوئیں سے متاثر ہونے والے افراد یعنی غیر فعال تمباکو نوشی سے ہر برس 65 ہزار بچوں کی موت واقع ہوتی ہے۔ کسی دوسرے کے تمباکو کے دھوئیں سے متاثر ہونے والے بچوں کو بھی کان میں انفیکشن کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، جو ممکنہ طور پر سماعت میں کمی اور بہرے پن کا باعث بنتا ہے۔ان کے علاوہ بچوں میں دمہ کا امکان کافی زیادہ ہوتا ہے۔
پھیپھڑوں کی اس عام بیماری کا خطرہ ان بچوں میں زیادہ ہوتا ہے جن کے والد سگریٹ نوشی کے عادی ہوں۔یعنی کسی شخص کی سگریٹ نوشی کی وجہ سے اہل خانہ کو بھی مختلف بیماریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

سگریٹ نوشی اور اسلام

انسانی زندگی اللہ تعالی کا عطيہ اور اس کی نعمت ہے۔ اور اس کی حفاظت ہر شخص پر واجب ہے، اگر وہ اس کی ناقدری کرتےہوئےاسےضائع کرتا ہے تو يہ اس نعمت کےساتھ ناانصافی اوراللہ تعالیٰ سےبغاوت ہے، کيونکہ اللہ تعالی نے اس کی حفاظت کاحکم دينے کےساتھ ساتھ اس کے ضیاع پر وعيد سنائی ہے، اللہ تعالیٰ سورۃ النساء میں فرماتا ہے:
’’ اپنےآپ کو قتل نہ کرو۔ يقينًا اللہ تعالیٰ تم پر نہايت مہربان ہےاور جوشخص يہ سرکشی اور ظلم کرےگا، عنقريب ہم اس کوآگ ميں داخل کريں گے اور يہ اللہ پرآسان ہے۔‘‘
سورۃ البقرہ میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے :
’’اپنے آپ کو  ہلاکت ميں مت ڈالو۔‘‘
اللہ کےرسول صلی اللہ عليہ وسلم نےارشاد فرمايا:
ہرنشہ آورچيز حرام ہے۔
مذکورہ حديث نبوی ميں ايک قاعدہ بيان کردياگيا ہے، جس کی رو سے ہر وہ شےجس کے اندر نشہ ہو ياجو عقل ميں خرابی و نقص کاسبب بنے،حرام ہے۔ اس کانام چرس، تمباکو، بيڑی، سگريٹ، گٹُکا ياکچھ بھی رکھ ليں، کيوں کہ ان تمام کے اندر نشہ ہے۔ بار بار طلب ہونا ایک طرح سے لت، یا نشہ ہی ہوتا ہے۔  اللہ کے رسول صلی اللہ عليہ وسلم نے واضح طور پر ارشاد فرمايا ہے: ’’جس(نشہ آور) چيز کی زيادہ مقدار نشہ دے اس کی تھوڑی مقدار بھی حرام ہے۔‘‘

سگریٹ نوشی سے نجات ممکن ہے

سگریٹ نوشی سے چھٹکارا پانا تھوڑا سا مشکل امر ہے، لیکن ناممکن نہیں ہے۔چند ہفتوں کی کوشش ضروری ہے۔ پھلوں اور سبزیوں کا استعمال تمباکو نوش افراد کو سگریٹ سے پاک طرز زندگی بسر کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔پُرجوش سرگرمیوں کا حصہ بننا بھی دماغ کےReward یا انعام کا لالچ کرنے والے حصے کے لیے اسی طرح سکون کا باعث بنتا ہے جیسے نکوٹین۔ ایک تحقیق کے مطابق کسی نئے مشغلے کو اپنانے سے سگریٹ کی خواہش میں کمی آتی ہے۔

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مارچ ۲۰۲۳