اگست ٢٠٢٢

قارئین ! آج ھادیہ کا شمارہ نمبر 18 آپ کی نگاہوں کے حصار میں ہے۔ اس بات پر ہم رب تعالیٰ کا ہزار ہا شکر واحسان ادا کرتے ہیں۔ کسی کار خیر کا ارادہ کرنا پھر اسے عملی جامہ پہنانا،پابندیٔ وقت اور جملہ لوازمات کے ساتھ اس خیر سے مزید شعاعیں نکالنا اپنے آپ میں یہ ایک غیر معمولی عمل ہے، اور بات اگر آپ ھادیہ کی کریں تو یہ ایک ایساخوبصورت تاج ہے ،جسے صرف خواتین نے جڑا ہے ،اس کا ہر ہر نگینہ قیمتی ہے ،کیونکہ ہادیہ جن مقاصد کو لے کر اٹھا ہے وہ شمس النہار کی طرح عیاں ہیں، جو کہ خواتین سے تعلیم،خواتین سے تدبیر اور خواتین سے تعمیر ان اصولوں پر مبنی ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’لوگوں میں سے اللہ کے یہاں سب سے پسندیدہ وہ ہے جو انسانوں کے لیے نفع بخش ہو۔‘‘
اسی سلسلے میں ھادیہ کے ادارتی بورڈ ممبران نے ھادیہ سے مزید خیر پھیلانے کا ارادہ کیا، وہ یہ کہ ھادیہ ای میگزین کے ذریعہ ملک کی مختلف ریاستوں میں قرأت قرآن کے خواتین و طالبات میں مقابلے کرواۓ جائیں، پھر ان ریاستوں میں کامیاب ہونے والی خواتین و طالبات کے مقابلے ملکی سطح پر منعقد کیے جائیں۔
محترمہ عطیہ صدیقہ صاحبہ (آل انڈیا سیکریٹری جماعت اسلامی ھند وومنس ونگ،چیف ایڈیٹر ھادیہ ای میگزین)،محترمہ خان مبشرہ فردوس صاحبہ (ایڈیٹرھادیہ ای میگزین،وائس پرنسپل آف اقراء کالج آف آرٹس اینڈ سائنس ،رکن نمائندگان عالمہ،ایم اے،ایم ایڈ،پی ایچ ڈی ان ایجوکیشنل سائیکلوجی ،رائٹر اور سائیکلوجی کاؤنسلر) ڈاکٹر ناز نین سعادت
( فیملی کونسلنگ کوچچ،پی ایچ ڈی ان ماحولیاتی سائنس)ڈاکٹر تنویر فاطمہ ( پی ایچ ڈی ،سیکرٹری پی آر ان دہلی یونٹ)،محترمہ تسنیم فرزانہ
(میڈیا سیکرٹری ،بنگلور)، محترمہ بشریٰ ناہید( رائٹر،رکن نمائندگان مہاراشٹر) محترم رضی الاسلام ندوی صاحب (عالم فاضل ندوی، مرکزی سکریٹری اسلامی معاشرہ،رائٹر، مصنف ،مترجم، اسپیکر ،کونسلر اویئر ٹرسٹ) اور محترم مصدق مبین صاحب۔
ھادیہ کے ان تمام ادارتی بورڈ ممبران کی مشترکہ رائے سے خواتین و طالبات میں قرأ ت قرآن مقابلے کا فیصلہ لیا گیا۔ اس کام کو عملی جامہ پہنانے کے لئے قرأت مقابلہ انتظامیہ کمیٹی بنائی گئی جس کے ممبران درج ذیل ہیں :
محترمہ عطیہ صدیقہ صاحبہ،محترمہ خان مبشرہ فردوس صاحبہ ،محترمہ ڈاکٹر نازنین سعادت صاحبہ(فیمیلی کاونسلنگ کوچ، پی ایچ ڈی ان ماحولیاتی سائنس)،محترمہ ڈاکٹر تنویر فاطمہ صاحبہ (پی ایچ ڈی،ھادیہ ای میگزین ادارتی بورڈ اور سیکریٹری پی آر ان دہلی یونٹ)، محترمہ تسنیم فرزانہ صاحبہ( میڈیا سیکریٹری بنگلور بورڈ، ممبر ھادیہ)،محترمہ بشریٰ ناہید صاحبہ (رکن نمائندگان مہاراشٹر بورڈ ممبر رائیٹر) محترمہ امۃ الحسیب صاحبہ(ایم ایس سی بی ایڈ، رائیٹر کالمسٹ )،محترمہ خنساء سبحانی صاحبہ
( عالمہ ،فاضلہ ،حافظہ ازجامعۃ الفلاح،رائٹر ) محترمہ عمارہ فردوس صاحبہ
( عالمہ، فاضلہ جامعۃ البنات حیدرآباد، ایم اے، بی ایڈ،ریسرچ اسکالر، معلمہ، قرآن اکادمی حیدرآباد، رکن جماعت، رائٹر کالمسٹ)،محترمہ رابعہ فلاحی صاحبہ( عالمہ،فاضلہ جامعۃ الفلاح،رکن جماعت بھوپال ،معلمہ تجوید القرآن، فہم قران) محترمہ زیبا توفیق صاحبہ (عالمہ جامعۃ البنات حیدرآباد،سابقہ ناظمہ ناگپور، معلمہ قران فہمی)،محترمہ سعدیہ ندرت صاحبہ (بی ایس سی، جی آؤ ممبر پوسد،رائیٹر، کالمسٹ) شامل ہیں۔
یوں اس سلسلے کا پہلا قرآن قراءت مقابلہ ریاست راجستھان کے لئے آن لائن منعقد کیا گیا۔ کوآرڈنیٹر محترمہ نصرت خان شبیر صاحبہ، دہلی نے پورے جوش وخروش کے ساتھ اس مقابلے کے فراٰئض انجام دئیے۔ جس میں 64 امیدواروں نے حصہ لیا۔اس مقابلہ جاتی مشق کا دورانیہ 15تا 25 جون تھا۔اس قرأت مقابلے کے دو گروپ بنائے گئے۔پہلے گروپA میں 10 تا 18 سال کی طالبات کو لیا گیا اور دوسرے گروپ B میں 19 تا 30 سال کی خواتین کو شامل کیا گیا۔
15 جولائی کو اس قرأت مقابلے کی انعامی تقریب آن لائن منعقد کی گئی ۔ اس تقریب کا بے صبری سے امیدواروں کو انتظار تھا۔اس تقریب کی ابتدا کلام ربانی سے کی گئی، جسےمحترمہ شبنم مرزا نے پیش کیا۔افتتاحی کلمات خان مبشرہ فردوس صاحبہ کے تھے، جس میں انہوں نے ھادیہ ای میگزین کا خوبصورت اور جامع تعارف پیش کیا، انہوں نے ھادیہ ای میگزین کی نمایاں خصوصیات اور زمرہ جات کی خواندگی کروائی۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے فرمایا کہ ہادیہ ہم سب کا ہے، یہ کسی مخصوص گروہ یا فرد کا نہیں ہے بلکہ یہ خواتین کے لیے اور خواتین کے ذریعہ خواتین کی صلاحیتوں کو نکھارنے کا مضبوط پلیٹ فارم ہے۔ اپنے اس میگزین کو سبسکرائب کرنے کے لیے haadiya.inپر جائیں اور یہ اس پروگرام کی یوٹیوب لنکhttps://youtu.be/MlcGNOcC-Y0 ہے۔ اسی کے ساتھ محترمہ نے وجہ تقریب کو تفصیلاً بیان کیا۔
پروگرام کے دوسرے مرحلے میں ریڈرز کلب کے تحت چند شرکاء نے ھادیہ ای میگزین ماہ جولائی2022 ءکے شمارے پر اظہار خیال کیا۔جس میں محترمہ نازیہ جا ٹو صاحبہ نے محترمہ خنسا سبحانی صاحبہ کے درس قرآن پر اظہار خیال کیا۔جس میں انہوں نے قصۂ ابراہیمؑ کے اسباق کو بے حد واضح اور سلیس انداز میں بیان کیا۔
محترمہ انجم جاٹو صاحبہ نےماہ جولائی کے شمارے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ پورا شمارہ بہترین ہے۔انہوں نے محترمہ خان مبشرہ صاحبہ کے مضمون ’’یکسوئی،آزمائش اور قربانی :سیرت ابراہیم کی روشنی میں‘‘ پر رائےپیش کی۔انہوں نے فرمایا کہ ابراہیم علیہ السلام نے یکسوئی سے رب کو پایا،آزمائشوں میں کھرے اترے اور قربانی کی مثال قائم کی اور رب کے خلیل بن گئے۔ہمیں بھی اپنے دلوں کا جائزہ لے کر ان صفات سے خود کو مزین کرنے کی ضرورت ہے۔
اسی طرح محترمہ شاہین سرکھیل صاحبہ نے زمرہ گرلز پلانٹ سے محترمہ ادیبہ مسکان صاحبہ کے مضمون ’’عصر حاضر کے نام‘‘ پر خیالات کا اظہار کیا۔
محترمہ نے بھی ماہ جولائی کے شمارے کوسراہتےہوئے کہا کہ اس مضمون میں قلم کار نے امت کی حقیقی ذمہ داری اور کرنے کے کام کو بہترین انداز میں پیش کیا ہے، یہ مضمون ہمیں عصر حاضر میں جینے کا سلیقہ سکھا تا ہے۔
محترمہ روبینہ مقبول صاحبہ نے ’’اولاد کا مستقبل آپ کے ہاتھ‘‘ خان مبشرہ فردوس کے قیمتی مضمون پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ والدین اور اولاد کا رشتہ اولاد کی تربیت میں بے حد ضروری ہے۔ اسی طرح کم سن طالبات نے بھی ریڈرز کلب میں حصہ لیا۔عافیہ توصیف نے ھادیہ کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہ میگزین میری والدہ پڑھ کر سناتی ہیں۔ ھادیہ سے میں نے اب تک بہت کچھ سیکھا ہے ،اسی طرح پیاری عافیہ بھی بالواسطہ ہماری قاریہ کے طور پر متعارف ہوئیں۔
اس تقریب کا اگلا مرحلہ محترمہ عطیہ صدیقہ صاحبہ کے کلیدی خطاب کا تھا۔ ان کے الفاظ نے محفل کےرنگ و خوشبو میں اضافہ کیا، جب انہوں نے فرمایا کہ یہ قرأت مقابلے خواتین اور طالبات میں قرآن سے شغف پیدا کروانے ، ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور آگے بڑھانے کے لئے رکھے جا رہے ہیں۔نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: قرآن کو اپنی آوازوں سے مزین کیا کرو! ( ابن ماجہ) ہم دیکھتے ہیں کہ بچوں اور مرد حضرات کے لئے اس طرح کے پلیٹ فارمز کثیر تعداد میں میسر ہیں، لیکن خواتین اس ہنر میں طاق ہونے کے باوجود اپنا آپ منوانے سے قاصر رہ جاتی ہیں ۔ان عوامل کے پیش نظر اس قرأت مقابلے کو بے حد پذیرائی مل رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری یہ پہل خواتین و طالبات میں ایک صحت مند مشق قرآن کریم سے مضبوط تعلق کے حوالے سے کی گئی ہے-جس میں قرآن کریم کو حسن سے پڑھنا اور تجوید اور ترتیل کے قواعد پر ہنرمندی کے ساتھ دسترس حاصل کرنا وغیرہ شامل ہیں۔ساتھ ہی انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہم براہ راست قرآن کریم کی عربی سیکھنے پر بھی توجہ دیں۔انہوں نے مزید فرمایا کہ موجودہ دور سوشل میڈیا کا دور ہے۔معاشرے کا ہر فرد اس کے خیر و شر کی زد میں ہے۔ ہم سب اس بات سے اچھی طرح واقف ہیں کہ اگر آپ خیر کی جانب نہیں لپکیں گے تو شر خود بخود آپ کو اپنی گرفت میں لے لے گا، اور اسی شر سے بچنے کے لیے ہمیں ہر وقت سوشل میڈیا پر خیر کی جدوجہد لازمی ہے۔جی ہاں! ھادیہ ای میگزین اور اس کے ذریعہ کروایا جانے والا قر أت مقابلہ اسی خیر کی جانب پہل کی ایک کڑی ہے۔
اس کے بعد امیدواران کے انتظار کی گھڑیاں ختم ہوتی ہیں اور نتائج کا اعلان محترمہ قاضی زہرہ صاحبہ ھادیہ ای میگزین کی سب ایڈیٹر کے ذریعہ کیا جاتاہے۔چونکہ مقابلہ بڑا سخت تھا ۔ریاست راجستھان کے اس قرأت مقابلے میں جج صاحبان کی بھی قابل قدر کارکردگی رہی ۔ہر امیدوار نے قرآن کریم سے شغف کی دلیل اپنی خوبصورت آوازوں کے زیرو بم کے ساتھ دلنشین انداز میں پیش کی ۔امیدواران میں سے اول دوم اور سوم میں امتیاز کرنا دانتوں تلے پسینہ آنے کے مترادف تھا-اس منصفی کے کام کومحترمہ ایمن سکندر اعظم صاحبہ،محترمہ رابعہ سلطانہ فلاحی صاحبہ اندور، محترمہ شاہینہ صالحاتی صاحبہ بنگلور،محترمہ نصرت مظہرصاحبہ دہلی اورمحترمہ رقیہ صاحبہ نے انجام دیا۔
بہرحال گروپ A جو کہ 10 تا 18 سال کی طالبات پر مشتمل تھا جس میں بالترتیب ہدیٰ ترنم، اقرأ جاوید اور سحرش خان نے اول دوم اور سوم انعامات حاصل کیے-اور انہیں سرٹیفکیٹ کے علاوہ 1500,2000 اور1000روپے نقد رقم سے بھی نوازا گیا۔
اسی طرح گروپ B جو کہ 19تا 30 سال کی خواتین پر مشتمل تھا ،جس میں بالترتیب بشریٰ رفیق، سمیہ خانم اور ڈاکٹر اقرأشاربین ؛اول، دوم اور سوم کے مرتبے پر فائز ہوئیں ۔
انہیں بھی سرٹیفکیٹ کے ساتھ 1500,2000اور1000 روپے نقد رقم کے نذرانے پیش کیے گئے۔تمام امیدواران کو ای سر ٹیفکیٹ دیے گئے اور ہادیہ کے منتخب مضامین کے مجلے کی فراہمی کا وعدہ بھی کیا گیا۔
آخر میں ناظمہ حلقہ ٔراجستھان محترمہ روبینہ ابرار صاحبہ کے اظہار تشکر اور پر اثردعا کے ساتھ پروگرام کے اختتام کا اعلان اورانعام یافتہ امیدواران کے مسرور و شاداں سلام اور جزاک اللہ خیراً کی صداؤں سے کانوں میں رس گھلنے لگا ۔

Comments From Facebook

1 Comment

  1. عبدالعزیز شیخ

    ماشااللہ ،?

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اگست ٢٠٢٢