ھادیہ ای میگزین کی چیف ایڈیٹر محترمہ عطیہ صدیقہ صاحبہ، ایڈیٹر خان مبشرہ فردوس صاحبہ!
السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ
الحمدللہ میں نے ھادیہ ای میگزین کا مطالعہ کیا ،پڑھ کر بے حد خوشی ہوئی۔ اس کے ہر مضمون کو پڑھ کر ایک سبق ملتا ہے۔ سب سے زیادہ خوشی تو اس بات کی ہوئی ہے کہ اس کا ہر کام دین کے دائرے میں ہوتا ہے۔ میں نے زمرہ النور کے تحت درس قرآن اور درس حدیث کا مطالعہ کیا۔ درس قرآن ان خواتین کے لیے بے حد مفید ہے جو قرآن پاک کے معنی و مفہوم سمجھنا چاہتی ہیں۔ اس ماہ کے شمارے میں سورۃ البلد کی تفسیر کی گئی ہے۔ جو بہت آسان اور جامع انداز میں ہے۔ اگر ہر ماہ درس قرآن کے ذریعے ہی ہم قرآن پاک کی تفسیر سیکھیں تو مجھے لگتا ہے کہ یہ بہت آسان طریقہ ہوگا کسی بھی چیز کو سیکھنے کے لیے، ایک ماہ بہت ہے اگر ہم ہرماہ درس قرآن سے ترجمہ و تفسیر سیکھیں اور حفظ کرلیں تو بہت اچھا اور آسان ہوجائے گا۔
درس حدیث میں بھی محترمہ ماریہ سعید فلاحی صاحبہ نے بہت اچھے طریقے سے اور بہت ہی اہم موضوع ’’صلہ رحمی‘‘پر بیان کیا ہے۔ یہ موضوع بہت ہی زیادہ اہم ہے۔ جیسا کہ محترمہ نے بھی اس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ صلہ رحمی کی بنیاد مذہب پر نہیں بلکہ رشتہ و قرابت پر ہوتی ہے۔ رشتہ دار مسلم ہو یا غیر مسلم ،پیارے نبی ﷺ نے ان کے ساتھ حسن سلوک کا حکم دیا ہے۔ آج کے دور میں جب کہ قطع رحمی ہی ہر طرف نظر آتی ہے۔ یہ مضمون بہت ہی مفید ہے۔عکس ھادیہ کے تحت محترمہ خان مبشرہ فردوس صاحبہ کا مضمون ’’خواتین کا معاشی استحکام‘‘ کا مطالعہ کیا، بے حد پسند آیا کہ یہ مضمون ان خواتین کے لیے بے حد مفید ہے جو معاشی تنگی سے دوچار ہیں۔ جن کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، ان کے لیے اس آرٹیکل میں ایڈیٹر صاحبہ نے مختلف ذرائع معاش کی تجاویز پیش کی ہیں، جو بےحد کار آمد ہیں، ساتھ ہی انہوں نے اس کے تحت صحابیات رسول ﷺ کا ذکر کیا کہ عہد رسالت میں صحابیات بھی ذریعۂ معاش اختیار کرتی تھیں ،اور بہت سی صحابیات کاروبار کرتی تھیں اور بہت سی صحابیات طب کے پیشے سے بھی وابستہ تھیں۔ ان صحابیات کا تذکرہ خواتین کی ہمت افزائی اور حوصلہ افزائی کرتا ہے۔
جب بچوں کا صفحہ ’’نعمتوں کی قدر‘‘ جس کو محترمہ عائشہ عثمان صاحبہ نے تحریر کیا ہے، جب میں نے پڑھا تو معلوم ہوا کہ گویا یہ سب میری نظروں کے سامنے ایک پروگرام کی شکل میں ہورہا ہو۔ بہت ہی اچھے اور دلچسپ انداز سے انہوں نے بچوں کو نعمتوں کی قدر کرنا سکھلایا ہے۔ اس آرٹیکل کو بچوں کے اسکول اور مدرسے میں ہونے والے پروگرام میں بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔
مہہ جبین صدیقی کا شوبز سے حجاب اور اسلام کی طرف سفر پڑھ کر بے حد خوشی ہوئی، کیونکہ یہ ان خواتین کے لیےقابل عبرت ہے ،جو ڈراموں اور فلموں میں دلچسپی رکھتی ہیں، تاکہ وہ بھی ان کی طرح توبہ کریں اور اللہ کی طرف رجوع کریں۔
پس یہ میگزین خواتین کے لیے ایک ایسا میگزین ہے ،جو خواتین کے لیے دین و دنیا دونوں کی ترقی اور کامیابی کا باعث ہے،کیونکہ اس میں بتایا گیا ہے کہ ہمیں کس طرح اپنی زندگی اسلام کے طریقے پر چلتے ہوئے گزارنی چاہیے۔ سب سے اچھی بات جو مجھے اس میگزین کی لگی وہ یہ ہے کہ کوئی رسالہ یا کتاب جب ہم پڑھتے ہیں تو اس کو لے کر ہمیں بیٹھنا پڑتا ہے تو تھوڑا مشکل ہوجاتا ہے، اور آج کی اس بزی لائف میں تو یہ کبھی کبھی ناممکن بھی ہوجاتا ہے ،لیکن اس میگزین کی چونکہ آڈیو بھی دستیاب ہے، اس لیے بآسانی ہم اسے سن بھی سکتے ہیں اور یہ اس میگزین کی امتیازی خصوصیت ہے۔میں تو اس میگزین سے بے حد متأثر ہوئی اور ان شاء اللہ میں اس سے استفادہ کرتی رہوں گی اور دوسروں کو بھی اس سے استفادہ کرنے کا مشورہ دوں گی۔ اب آخر میں دعا کرتی ہوں کہ اللہ رب العزت ھادیہ ای میگزین سے جڑے تمام لوگوں کو جزائے خیر عطا فرمائے اور ان کی کوششوں اور کاوشوں کو کامیابی عطا فرمائے اور اس میگزین کو ترقیات سے نوازے۔ آمین
وعلیکم السلام
آپ کے مراسلے سے اندازا ہوا کہ آپ بہت توجہ سے ھادیہ کو پڑھتی ہیں ۔ آپ کا مراسلہ ھادیہ ٹیم کے لیے باعث ہمت افزائی ہے ۔
تعاون کےلیے شکریہ ۔
والسلام جزاک اللہ
ایڈیٹر ھادیہ ای۔میگزین
Comments From Facebook

0 Comments