۲۰۲۳ جنوری
زمرہ : ٹی ٹائم

ذلیل صاحب

معروف سندھی ادیب امر جلیل نے اسلام آباد میں ایک بنگالی باورچی رکھا۔ وہ مہمانوں کے سامنے کہتا :’’ذلیل صاحب! چائے لاؤں؟ذلیل صاحب! کچھ اور تو نہیں چاہیے؟‘‘جلیل صاحب نے بارہا سمجھایا کہ میں جلیل ہوں،ذلیل نہیں،لیکن باورچی باز نہ آیا۔
کسی اور بنگالی نے اس کا حل بتایا کہ چونکہ بنگالی ’’ج‘‘کی اآواز ’’ز‘‘نکالتے ہیں، اور ’’ز‘‘ کو ’’ج‘‘ پڑھتے ہیں اس لیے آپ اسے اپنا نام جلیل کی بجائے ’’ذلیل‘‘لکھ کر دیں،وہ درست تلفظ کرے گا۔
جب اسے نام ذال سے لکھ کر دیا تو اب باورچی نام بلاتے وقت کچھ تھوڑا طنزیہ سا کہا کرتا: ’’جلیل صاحب !چائے لاؤں؟‘‘
جلیل صاحب کہنے لگے: ’’اب ڈبل مسئلہ ہوگیا ہے، پہلے وہ مجھے ذلیل کہتا تھا اور جلیل سمجھتا تھا،لیکن اب وہ مجھے جلیل پکارتا ہے اور ذلیل سمجھتا ہے۔‘‘

مقدار

ذرا اندازہ کیجیے کہ لوگ اگر صرف وہ بولیں، جو وہ جانتے ہیں، تو خاموشی کی مقدار کتنی زیادہ ہوگی؟

کھیر

اس دن اس نے رسم کے مطابق اپنی پہلی کھیر بنائی،جو بالکل نہیں بن سکی۔دادی نے اسے برا شگون قرار دیا،امی نے بہت مایوسی سے مجھے دیکھا،میری بہن نے اسے اس کے ہاتھ میں ذائقے کی کمی کا احساس دلایا۔ابا نے بھی کھانے سے ہاتھ کھینچ لیا۔
میں نے اس کی طرف دیکھا۔اس کی آنکھوں کے کنارے بھیگ چکے تھے۔ ’’جب میں دودھ لایا تو وہ پھٹا ہوا تھا،اس لیے غلطی میری ہے۔‘‘ میں نے سب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا۔
سب کی شکایتوں کا رخ میری طرف ہو گیا۔ وہ نظریں نیچی کیےمسکرانے لگی۔اس کے انداز میں تشکر تھا،اور میں نے سوچا،اس گھر میں چھوٹی یابڑی بات پر کوئی اس کا ساتھ دے یا نہ دے،میں ہمیشہ اس کا ساتھ دوں گا۔ کھیر جیسی بھی بنی ہو،میں اس کو مسکرا کر دیکھوں گا۔ آج وہ پورے خاندان میں سب سے اچھی کھیر بتاتی ہے۔

ندا ایلی
مرسلہ:ایمن ثناء(اٹکی،رانچی،جھارکھنڈ)

مصروف لوگ

‏کچھ لوگ اتنے مصروف اور ساتھ ہی ساتھ کفایت شعار ہوتے ہیں کہ ان کےپاس پورا لفظ لکھنے کا وقت بھی نہیں ہوتا، اور نہ ہی وہ اپنی انرجی لفظ کے پورے حروف لکھ کر ضائع کرتے ہیں۔ایسے لوگ آپ کےفرینڈسرکل میں بھی ہوں گے۔ان کی قدر کرنی چاہیے۔یہی لوگ قوم کو بہت آگے لے کر جائیں گے۔
ان کی کوشش کے چند نمونے ملاحظہ فرمائیں:یہ Wait کی اسپیلنگ مکمل لکھنے پر وقت اور توانائی ضائع کرنا گناہ سمجھتے ہیں،یقیناً انہی کو تو وقت کی قدر کا پورا احساس ہوتا ہے۔ یہ بس w8 سے کام چلا لیتے ہیں۔بھئی!کام چل جاتا ہے ناں،تو کیا فرق پڑتا ہے اگر پورا لفظ لکھنے بغیر بھی بات سمجھ آ جائے۔
اسی طرح Great کو gr8،اور Fine کو f9،اس بھی آگے بڑھ کر
زبردست کو رومن میں zabar10 لکھنے والے ہی ملک کا اصل سرمایہ ہیں۔ ان کو پہچانیں اور ان کی قدر کریں!

بشارت حمید

پچیس لفظوں کی کہانی
شکر

’’شکر کرو! اب سماج مجھے نامرد اور تمہیں بانجھ کا طعنہ تو نہیں دے گاناں!‘‘
مردہ بچے کی پیدائش پر نڈھال بیوی کے سامنے شوہر بد بدایا۔

احمدبن نذر

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

۲۰۲۳ جنوری