اس شخص کی شان کا کیا کہنا! جس کا کہ ثنا خواں خالق ہو
وہ ذات تو برتر ہوگی ہی قرآن بھی جس پر ناطق ہو
دشمن ہی گریں گے منھ کے بل، یہ میرے خدا کا وعدہ ہے
اور ذکر بلند ہوگا اس کا خود رب بھی جس کا عاشق ہو
وہ صدق و صفا کا پیکر ہے، وا سب پہ حقیقت ہے اس کی
مرعوب نہ ہو کیونکر دشمن؟ کہ جس کا لقب ہی صادق ہو
ہوں شاہ و گدا سب اس پہ فدا، یہ رب نے شرف ان کو بخشا
کیوں دور نہ ہو سب تاریکی جب روئے منور شارق ہو
تم جتنا گرانا چاہو گے وہ اتنا ہی اوپر اٹھے گا
ہو شمع ہدایت گُل کیسے، خود ذات ہی جس کی فائق ہو
بے نام ہوئے اعدائے دیں، نابود ہوئے گستاخ رسول
اس ذات کا بگڑے کیا جس کا، الله محافظ، واثق ہو
۲۰۲۳ جنوری

زمرہ : سخن سراپا
۲۰۲۳ جنوری
0 Comments