۲۰۲۳ جنوری
السلام علیکم
ھادیہ کے تازہ شمارہ دسمبر 2022 ءکا مطالعہ کیا اور الحمدللہ تحریک اسلامی کے ترجمان میگزین نے اپنی انفرادیت اور افادیت دونوں سے متاثر کیا۔ٹائٹل کور ’’بدعنوانی اور استحصال :سماجی ناسور‘‘ حالات حاضرہ کی صحیح عکاسی کررہا ہے ۔اگلے ہی صفحہ پر سورۃ البقرہ کی آیت 188 کو رشوت اور بدعنوانی کے سلسلے میں قرآنی تعلیمات کو اجاگر کررہی ہے۔
میگزین میں شامل ڈاکٹر فاطمہ تنویر صاحبہ کا مضمون ’’بدعنوانی اور استحصال سماجی ناسور‘‘ اعداد و شمار کی روشنی میں بڑھتے ہوئے کرپشن اور گرتے ہوئے اخلاقی معیار کی تصویر کشی کررہاہے۔ مضمون کے آخر میں انھوں نے اس مسئلے کے خاتمےکےلیے اسلامی تعلیمات کی اہمیت کو بھی اچھی طرح پیش کیا ہے۔ادراک کے کالم میں ’’مدد چاہتی ہے حوا کی بیٹی‘‘ کے عنوان سے ایڈیٹر صاحبہ نے موجودہ سماج میں خواتین کے تحفظ کے مسائل اور ان کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم کو مختلف مثالوں کے ذریعہ بیان کیا ہے۔
شمارے میں شامل درس قرآن اور درس حدیث بھی بالترتیب ہمیں طلاق کے مسائل اور غلامی کے خاتمے کے لیے اسلام کی کوششوں سے روشناس کراتے ہیں۔اس شمارے کی جان مجھے گوشۂ مطالعہ لگا جس میں محترمہ خان مبشرہ فردوس صاحبہ نے محترم سعادت اللہ حسینی صاحب کی کتاب ’’ہندوتوا انتہا پسندی: نظریاتی کشمکش اور مسلمان‘‘ پر سیر حاصل تبصرہ کیا ہے، جس میں انہوں نے اس کتاب میں شامل سبھی ابواب کے اہم نکات کو اجاگر کیا ہے۔ صحت و صلاح کے تحت شامل مضمون ’’نمونیا‘‘ بھی معلومات میں خاطر خواہ اضافہ کرنے والا ہے۔ اسی طرح فوز و فلاح کے کالم میں شامل مضامین ایمان و یقین کو جلا بخشنے والے ہیں۔
ھادیہ ای میگزین کی اہم خوبی یہ ہے کہ اس میں انسانی زندگی کے سبھی گوشوں اور شعبوں سے متعلق مضامین شامل کیےجاتے ہیں ۔ سیاسی ، سماجی ، معاشی ، معاشرتی اور دینی و اخلاقی مضامین کے ساتھ ادب و تحقیق کے میدان میں بھی خواتین قلمکار اپنے علم و ہنر کے جوہر دکھاتی نظر آتی ہیں اور اس سلسلے ان کی مناسب رہ نمائی بھی کی جاتی ہے جو واقعتاً وقت کی اہم ضرورت بھی ہے۔
ھادیہ کی مقبولیت کی دوسری اہم وجہ اس کا فیملی میگزین ہونا بھی ہے۔ خواتین کا رسالہ ہوتے ہوئے اس میں شامل بچوں کا کالم سبھی کی توجہ اپنی طرف کھینچ لیتا ہے۔ اب یہ ہم سب بہنوں کی ذمہ داری ہے کہ اپنے بچوں کو اس کالم اور میگزین سے جوڑیں تاکہ ہدایت اور رہ نمائی کا یہ سلسلہ آگے بڑھے اور قافلۂ ھادیہ اپنی منزل کی جانب تیزی و استقامت کے ساتھ رواں دواں رہے۔(آمین)
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ برکاتہ
بہن صنوبر! آپ ھادیہ کا مطالعہ کرتی ہیں، آپ کے مراسلے سے علم ہوا ۔آپ نے اپنے پسندیدہ مضامین کا ذکر کیا، یہ بات ایک رائٹر کے لیے خوش آئند ہے کہ ذمہ دار قارئین ھادیہ کو میسر ہیں ۔
بچوں کے صفحے کے لیے رائے بھی قابل تحسین ہے ۔امید ہے آپ کا تعاون ھادیہ کے ساتھ جاری رہے گا۔
والسلام
ایڈیٹر ھادیہ ای۔میگزین
Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

۲۰۲۳ جنوری