گھروں کےدروازے کھول دو مہم

روہنی سنگھ سیاسی، سماجی اور ثقافتی موضوعات پر لکھتی ہیں۔ فری لانسنگ کے انتخاب سے پہلے وہ انڈین ایکسپریس، ڈیلی نیوز اینڈ اینالیسز (ڈی این اے) اور دی پوائنیر جیسے میڈیا اداروں سے وابستہ رہی ہیں۔فی الوقت وہ دی وائر اور DW وغیرہ کےلیے لکھ رہی ہیں۔

بھارت کی ایک مشہور و معروف یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں معروف صحافی سعید نقوی نے ایک بار سامعین سے سوال کیا کہ کتنے ہندو طالب علم یا اساتذہ کبھی کسی مسلم ساتھی کے گھر گئے ہیں یا قریب سے مسلمانوں کو جاننے کی کوشش کی ہے؟جواب میں چند ایک نے کہا کہ مسلمان گوشت کا سالن بہت اچھا پکاتے ہیں اور اچھی بریانی کھانے کےلیے وہ مسلم علاقوں میں جاتے ہیں۔ مسلمانوں کے بارے میں ان کی جانکاری بس اسی حد تک تھی۔ حد تو یہ ہے ایک ہی محلے اور سوسائٹی میں رہتے ہوئے بھی ایک دوسرے سے دور رہتے تھے۔کچھ ایسا ہی میرا بھی حال تھا۔
میری پیدائش اور پرورش ایک ایسے سکھ گھرانے میں ہوئی، جس نے ملک کی تقسیم کے دوران قتل عام کے منظر دیکھے۔ چونکہ میرے دادا اور نانا کو اپنی جائیداد، گھر وغیر ہ سب کچھ چھوڑ چھاڑ کر پاکستان سے بھارت آنا پڑا، اس لیےبھی ہمارے گھر میں مسلمانوں کے بارے میں کچھ کھنچاؤ سا تھا۔ ایک ایسا شکوہ، جو زبان پر تو نہ آتا تھا، مگر ہم ان کو اپنی ہجرت کا ذمہ دار ٹھہراتے تھے۔ میری دادی اپنے گھر میں خاص طور پر باورچی خانے میں مسلمان ملازم کو داخل ہونے کی اجازت نہیں دیتی تھیں۔اسکول میں میرے مسلمان ساتھی تھے،لیکن ان کے ساتھ میرا میل جول صرف کلاس تک ہی محدود رہتا تھا۔ مجھے کبھی ان کے گھر جانے کا موقع نہیں ملا۔
جب میں کالج جانے لگی اور آہستہ آہستہ خاندانی بندشوں سے آزادی حاصل کرتی ہوئی، نیز صحافت کے کیریئر کے دوران احباب کا دائرہ بڑھتا گیا، تو مسلمان ساتھیوں کو قریب سے جاننے اور پرکھنے کا موقع ملا۔معلوم ہوا کہ مسلمان روزانہ بریانی اور قورمہ نہیں کھاتے، روزمرہ کی زندگی میں وہ بھی ہماری طرح کا کھانا کھاتے ہیں۔ ان کے گھرو ں میں بھی مغربی طرز کا مہمان خانہ اور کھانے کی میز ہوتی ہے۔ وہ بھی ہماری طرح کتابیں پڑھتے ہیں اور ٹی وی دیکھتے ہیں اور انہیں موسیقی سے کوئی پرہیز نہیں ہے۔مسلمانوں کے بارے میں یہ بھی بتایا جاتا تھا کہ وہ آبادی بڑھانے کی مشین ہیں، ان کی چار چار بیویاں اور لا تعداد بچے ہوتے ہیں۔ اب پچھلی کئی دہائیوں سے میں نے تو اپنے دوستوں میں کوئی مسلمان شوہر چار بیویوں کے جلو میں نہیں دیکھا۔ وہ بھی بچوں کو اسکولوں میں ایڈمیشن دلانے کے لیے ایسے ہی خوار ہوتے ہیں، جیسے ہم ہوتے ہیں۔
اپنے ماضی میں جھانکتے ہوئے، میں اکثر محسوس کرتی ہوں کہ میں نے مسلمانوں کے بارے میں کتنی غلط فہمیاں پال رکھی تھیں اور ان کو حقیقت سمجھتی تھی۔ایسا لگتا ہے کثیر الجہتی اور کثیر المذاہب ملک ہونے کے باوجود بھارت میں لوگ، خصوصاً پڑھا لکھا اور اپنے آپ کو لبرل اور روشن خیال کہلوانے والا مڈل کلاس بھی ایک خول میں رہتا ہے۔ انتہا پسندوں کی بات ہی دوسری ہے۔ ایک دوسر ے کے بارے میں بھرم دل و دماغ میں سموئے ہوئے ہیں اور ان پر ہی یقین بھی کر تے آئے ہیں۔ ہم دہائیوں سے نسلی تفریق کی حالت میں جی رہے ہیں اور اس کو تسلیم بھی نہیں کرتے ہیں۔
اگست میں بھارت اور پاکستان کے ماہ آزادی کی مناسبت سے پچھلے ہفتے معروف فلم اداکارہ نندیتا داس، رتنا پاٹھک اور چند دیگر فراد نے جب ’’میرے گھر آ کر تو دیکھو‘‘ مہم شروع کی، تو مجھے لگا کہ یہ وقت کی انتہائی ضرورت ہے۔ دیگر کمیونٹی کے افراد کے لیے اپنے گھر کے دروازے کھولنا اور ان کو اپنے ساتھ کھانے پینے اور بات چیت میں شامل کرنا، یوم آزادی کی سال گرہ کے لئے بہترین تحفہ ہے۔اس مہم کے تحت ایک کمیونٹی کے افراد دوسری کمیونٹی کے افراد کو اپنے گھر دعوت پر بلائیں گے، ایک دوسرے کی ثقافت اور مماثلت کوسمجھنے کی کوشش کریں گے۔ یہ مہم اگلے سال جنوری تک جاری رہے گی، جس میں صرف ہندو، مسلمان یا سکھ ہی نہیں بلکہ خواجہ سرا بھی حصہ لیں گے۔
سما جی کارکن شبنم ہاشمی کہتی ہیںکہ 2017 ءمیں، انھوں نے ایسی ہی ایک مہم مغربی صوبہ گجرات میں چلائی تھی، تاکہ 2002 ءکے مسلم کُش فسادات کا زہر کسی حد تک زائل ہو۔ ان فسادات نے صوبہ میں ہندو اور مسلمانو ں کے درمیان ایک وسیع خلیج پیدا کر دی۔ ان کی اس مہم نے کافی حد تک فرقہ وارانہ ہم آہنگی دوبارہ قائم کرنے میں مدد کی۔ اس بار اس مہم کو ملک گیر سطح پر چلایا جائے گا۔
ایک دہائی قبل جب میں سکھ مذہبی مقامات دیکھنے کے لیے پاکستان کے دورے پر گئی تھی، تو مجھے ایک خوشگوار تجربہ ہوا۔ اسلام آباد کے جناح مارکیٹ میں مستند پاکستانی پنجابی کھانے کی تلاش میں بھٹک رہی تھی کہ میرے ہم عمر دو لڑکے میرے پاس آئے۔ ان کو اندازہ ہو گیا تھا کہ میں بھارتی مسافر ہوں۔ جب میں نے انھیںبتایا کہ میں ایک اچھا پاکستانی پنجابی ہوٹل تلاش کر رہی ہوں، تو انھوں نے مجھے اپنے گھر آنے کی دعوت دی۔ ہچکچاہٹ کے ساتھ میں نے دعوت قبول کی لیکن ا س دعوت نے وہ کام کر دکھایا، جو ایک درجن کتابیں پڑھ کر بھارت-پاکستان کے درمیان رواداری کے موضوع پر ہزار لیکچرز سن کر بھی نہیں ہو سکتا تھا۔ جہاں بھارت اور پاکستان آج کل آزادی کی 77ویں سال گرہ منا رہے ہیں، وہیں ضرورت اس بات کی ہے کہ جشن منانے کے علاوہ اپنے پڑوسیوں اور دیگر فرقوں کے افراد کے لیے اپنے گھروں کے دروازے کھول کر ان کو جاننے کے لیے وقت نکالیں۔میں یہی کچھ اس سال اگست میں کر رہی ہوں ،تاکہ جشن آزادی کا لطف دوبالا ہو۔ میں نہیں چاہتی کہ میری ہی طرح میرا بیٹا بھی کچھ ایسی ہی غلط فہمیاں پال کر بھرم یا مذہبی تعصب کا شکار ہو، جیسے کئی دہائی قبل میں تھی۔

٭ ٭ ٭

معلوم ہوا کہ مسلمان روزانہ بریانی اور قورمہ نہیں کھاتے، روزمرہ کی زندگی میں وہ بھی ہماری طرح کا کھانا کھاتے ہیں۔ ان کے گھرو ں میں بھی مغربی طرز کا مہمان خانہ اور کھانے کی میز ہوتی ہے۔ وہ بھی ہماری طرح کتابیں پڑھتے ہیں اور ٹی وی دیکھتے ہیں اور انہیں موسیقی سے کوئی پرہیز نہیں ہے۔مسلمانوں کے بارے میں یہ بھی بتایا جاتا تھا کہ وہ آبادی بڑھانے کی مشین ہیں، ان کی چار چار بیویاں اور لا تعداد بچے ہوتے ہیں۔ اب پچھلی کئی دہائیوں سے میں نے تو اپنے دوستوں میں کوئی مسلمان شوہر چار بیویوں کے جلو میں نہیں دیکھا۔ وہ بھی بچوں کو اسکولوں میں ایڈمیشن دلانے کے لیے ایسے ہی خوار ہوتے ہیں، جیسے ہم ہوتے ہیں۔

Comments From Facebook

3 Comments

  1. Asma Imtiyaz

    Shukriya Ruhini ji aapke ek chote se amlikam ne ek behtreen tajurba aur aur
    thought ko paida kiya .insha Allah we will do

    Reply
  2. Umm e Haaniya

    Rohiniji ke is article padh kar behad khushi Hui.In sha Allah is kaam ko aagey zarur badhaya jayega .

    Reply
  3. Ammar yaseer

    Alhumdulilah bhut achi soch hai hum bhi Inshallah is Tarah ki amal kare gye

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

ستمبر ۲۰۲۳