أَعُوذُ بِاللٰهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
بِسْمِ اللٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلطَّلَاقُ مَرَّتٰنِ ۖ فَاِمۡسَاكٌ ۢ بِمَعۡرُوۡفٍ اَوۡ تَسۡرِيۡحٌ ۢ بِاِحۡسَانٍ ؕوَلَا يَحِلُّ لَـکُمۡ اَنۡ تَاۡخُذُوۡا مِمَّآ اٰتَيۡتُمُوۡهُنَّ شَيۡــئًا اِلَّاۤ اَنۡ يَّخَافَآ اَ لَّا يُقِيۡمَا حُدُوۡدَ اللّٰهِؕ فَاِنۡ خِفۡتُمۡ اَ لَّا يُقِيۡمَا حُدُوۡدَ اللٰهِۙ فَلَا جُنَاحَ عَلَيۡهِمَا فِيۡمَا افۡتَدَتۡ بِهٖؕ تِلۡكَ حُدُوۡدُ اللٰهِ فَلَا تَعۡتَدُوۡهَا ۚ وَمَنۡ يَّتَعَدَّ حُدُوۡدَ اللٰهِ فَاُولٰٓئِكَ هُمُ الظّٰلِمُوۡنَ(سور ۃالبقرہ : 229)
(طلاق (رجعی) دو مرتبہ ہے ،پھر بھلائی کے ساتھ روک لینا ہے۔یا نیکی کے ساتھ چھوڑ دینا ہے۔ اور تمہارے لیے اس میں سے کچھ بھی لینا جائز نہیں ۔جو تم نے انہیں دیا ہے۔ مگر یہ کہ وہ دونوں ڈریں کہ وہ اللہ کی حدیں قائم نہیں رکھیں گے۔ پھر اگر تم ڈرو کہ وہ دونوں اللہ کی حدیں قائم نہیں رکھیں گے۔ تو ان دونوں پر اس میںکوئی گناہ نہیں جو عورت اپنی جان چھڑانے کے بدلے میں دے دے۔ یہ اللہ کی حدیں ہیں ۔ سو ان سے آگے مت بڑھو اور جو اللہ کی حدوں سے آگے بڑھے گا تو یہی لوگ ظالم ہیں۔)
اسلام ایک مکمل ضابطہ ٔحیات ہے۔ یہ زندگی کے ہر شعبے میں ہماری مکمل رہنمائی کرتا ہے۔ جس طرح اسلام نے نکاح کے معاملے میں فریقین کی رضامندی ضروری قرار دی ہے۔ اسی طرح نباہ نہ ہونے کی صورت میں علیحدگی کے لیے مرد کو طلاق کا اختیار دیا ہے، اور عورت کو خلع کا اختیار دیا ہے۔ طلاق خالص مرد کا حق ہے اور خلع خالص عورت کا حق ہے۔ طلاق کے بےجا اور غلط استعمال اور خلع کے بےجا مطالبے سے اسلام نے سختی سے منع کیا ہے۔چنانچہ حدیث میں آتا ہے کہ نبیٔ کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
ان ابغض الحلال الی اللہ الطلاق
(بے شک اللہ کے نزدیک حلال چیزوں میں سب سے نا پسندیدہ چیز طلاق ہے۔)(ابوداؤد ،کتاب الطلاق : 2178)
قرآن کریم نے جن احکام کو تفصیل سے بیان کیا ،ان میں طلاق اور خلع کے مسائل بھی ہیں ۔ آیات کی روشنی میں ان احکام کی تفصیل درج ذیل ہے:
اسلام سے پہلے یہ دستور تھا کہ خاوند جتنی چاہے طلاقیں دے دیتا اور پھر عدت میں رجوع کر لیتا ۔اس سے عورت کو سخت پریشانی ہوتی کہ طلاق دی ،عدت گزرنے کے قریب آئی تو رجوع کرلیا۔ پھر طلاق دے دی، اسی طرح عورتوں کو تنگ کرتے رہتے تھے،اور کئی کئی طلاقیں ہوجاتی تھیں۔پس اسلام نے حد بندی کردی کہ اس طرح کی طلاقیں صرف دو ہی ہیں۔لہٰذا، ایک یا دو طلاق کے بعد رجوع کرنے کا حق ہے۔ تیسری طلاق کے بعد رجوع کرنے کا حق نہیں رہے گا۔ رجوع کا حق صرف عدت کے اندر ہی ہے۔ اگر شوہر رجوع نہ کرے اور بیوی کی عدت پوری ہوجائے تو مکمل علیحدگی ہوجاتی ہے۔ اس کے بعد شوہر کو صرف اپنی مرضی سے رجوع کا حق باقی نہیں رہتا، بلکہ اگر بیوی کی بھی مرضی ہو تو نئے مہر کے ساتھ دوبارہ ان کا نکاح ہوسکتا ہے۔ اگر شوہر نے ایک طلاق دی تو آئندہ کے لیے شوہر کو دو طلاق کا اختیار ہوگا۔رجوع کے لیے شوہر کا زبان سے کہہ دینا یا لکھ کر بھیج دینا کہ میں نے رجوع کرلیا، کافی ہے۔ بیوی ساتھ ہو اور شوہر اس سے جنسی تعلق قائم کرلے تو اسے بھی رجوع مانا جائے گا۔
وَالۡمُطَلَّقٰتُ يَتَرَ بَّصۡنَ بِاَنۡفُسِهِنَّ ثَلٰثَةَ قُرُوۡٓءٍ ؕ
(اور طلاق دی ہوئی عورتیں تین حیض تک اپنے آپ کو روکے رکھیں۔)
(سورۃ البقرہ: 228)
نابالغ اور جن کو حیض آنا بند ہوگیا ہو، ان کی عدت تین قمری ماہ ہے، اور حاملہ کی عدت وضع حمل ہے۔
وَالّٰٓـىٴِۡ يَئِسۡنَ مِنَ الۡمَحِيۡضِ مِنۡ نِّسَآئِكُمۡ اِنِ ارۡتَبۡتُمۡ فَعِدَّتُهُنَّ ثَلٰثَةُ اَشۡهُرٍ وَّالّٰٓـىٴِۡ لَمۡ يَحِضۡنَ ؕ وَاُولَاتُ الۡاَحۡمَالِ اَجَلُهُنَّ اَنۡ يَّضَعۡنَ حَمۡلَهُنَّ ؕ وَمَنۡ يَّـتَّـقِ اللٰهَ يَجۡعَلْ لَّهٗ مِنۡ اَمۡرِهٖ یُسْرًا ۞(سورۃ الطلاق : 4)
(اور تمہاری عورتوں میں سے جن کو حیض کی امید نہیں رہی ،اگر تمھیں شبہ ہو تو ان کی عدت تین ماہ ہے، اور ان کی بھی جنھیں ابھی حیض نہیں آیا ،اور حمل والیوں کی عدت ان کے بچہ جننے تک ہے ۔اور جو اللہ سے ڈرتا ہے وہ اس کے کام آسان کر دیتا ہے۔)
فَاِمۡسَاكٌ ۢ بِمَعۡرُوۡفٍ اَوۡ تَسۡرِيۡحٌ ۢ بِاِحۡسَان
دو طلاق تک شوہر کو رجوع کا حق ہے ۔ تیسری طلاق کے ساتھ رجوع کا حق ختم ہوجاتا ہے۔فرمان خدا کے مطابق یا تو بیوی کو اچھے اعلی اور حسن معاشرت کے اصول پہ اپنی زوجیت میں رکھو یا پھر ظلم و زیادتی اور طعن و تشنیع کے بغیر اچھے باوقار انداز سے چھوڑ دو ۔بعض لوگ دو طلاق کے بعد رجوع کرکے بیوی کو نکاح میں روک لیتے ہیں تاکہ ان پر ظلم و زیادتی کریں ،مزید ستائیں۔ اسلام اس سے سختی سے منع کرتا ہے۔اللہ کا فرمان ہے کہ :
وَاِذَا طَلَّقۡتُمُ النِّسَآءَ فَبَلَغۡنَ اَجَلَهُنَّ فَاَمۡسِكُوۡهُنَّ بِمَعۡرُوۡفٍ اَوۡ سَرِّحُوۡهُنَّ بِمَعۡرُوۡفٍ ۖ وَلَا تُمۡسِكُوۡهُنَّ ضِرَارًا لِّتَعۡتَدُوۡا ۚ وَمَنۡ يَّفۡعَلۡ ذٰ لِكَ فَقَدۡ ظَلَمَ نَفۡسَهٗ ؕ وَلَا تَتَّخِذُوۡٓا اٰيٰتِ اللٰهِ هُزُوًا وَّاذۡكُرُوۡا نِعۡمَتَ اللهِ عَلَيۡكُمۡ وَمَآ اَنۡزَلَ عَلَيۡكُمۡ مِّنَ الۡكِتٰبِ وَالۡحِكۡمَةِ يَعِظُكُمۡ بِهٖؕ وَاتَّقُوا اللٰهَ وَاعۡلَمُوۡٓا اَنَّ اللٰهَ بِكُلِّ شَىۡءٍ عَلِيۡمٌ ۞(سورۃالبقرہ : 231)
(اور جب تم عورتوں کو طلاق دو اور وہ اپنی (عدت کی اختتامی )مدت تک پہنچ جائیں تو اس وقت انھیں اچھے طریقے سے روک لو یا پھر اچھے طریقے سے چھوڑ دو اور انھیں نقصان پہنچانے کے لیے نہ روک لو، تاکہ تم ان پر زیادتی کرو اور جو ایسا کرے تو اس نے اپنی جان پر ظلم کیا اور اللہ کی آیتوں کا مذاق نہ بناؤ اور اپنے اوپر اللہ کا احسان یاد کرو۔اور اس نے جو کتاب اور حکمت تم پر اتاری ہے اس کے ذریعے سے وہ تمہیں نصیحت فرماتا ہے اور اللہ سے ڈرتے رہو اور جان رکھو کہ اللہ سب کچھ جاننے والا ہے)
وَلَا يَحِلُّ لَـکُمۡ اَنۡ تَاۡخُذُوۡا مِمَّآ اٰتَيۡتُمُوۡهُنَّ شَيۡــئًا
یہاں بوقت طلاق عورت سے مال لینے کا مسئلہ بیان کیا جارہا ہے۔شوہر کو حکم ہےکہ اپنا دیا ہوا مہر واپس نہ لے ۔ یہ بات اخلاقی اصول کے بھی خلاف ہےکہ شوہر دی ہوئی چیز کو واپس لے۔مولانا مودودی رحمۃ اللہ علیہ اس آیت کی تفسیر میں لکھتے ہیں :
’’یعنی مہر اور وہ زیور اور کپڑے جو شوہر اپنی بیوی کو دے چکا ہو۔ ان میں سے کوئی چیز بھی واپس مانگنے کا اسے حق نہیں ہے۔ یہ بات ویسے بھی اسلام کے اخلاقی اصولوں کی ضد ہے کہ کوئی شخص کسی ایسی چیز کو جسے وہ دوسرے شخص کو ہبہ یا ہدیہ کے طور پر دے چکا ہو ،واپس مانگے ۔اس ذلیل حرکت کو حدیث میں اس کتے سے تشبیہ دی گئی ہے ،جو اپنی ہی قے کو خود چاٹ لے،مگر خصوصیت کے ساتھ ایک شوہر کے لیے تو یہ بہت ہی شرمناک ہےکہ وہ طلاق دے کر رخصت کرتے وقت اپنی بیوی سے وہ سب کچھ رکھوالینا چاہے جو اس نے خود کبھی اسے دیا تھا۔ اس کےبرعکس اسلام نے یہ اخلاق سکھایا کہ آدمی جس عورت کو طلاق دے ،اسے رخصت کرتے وقت کچھ نہ کچھ دے کر رخصت کرے۔ جیسا کہ آگے آیت 241میں ارشاد فرمایا گیا ہے۔‘‘(تفہیم القرآن، صفحہ : 175)
اسی طرح سورۂ نساء میں اللہ تعالی کا فرمان ہے:
وَاِنۡ اَرَدتُّمُ اسۡتِبۡدَالَ زَوۡجٍ مَّكَانَ زَوۡجٍ ۙ وَّاٰتَيۡتُمۡ اِحۡدٰٮهُنَّ قِنۡطَارًا فَلَا تَاۡخُذُوۡا مِنۡهُ شَيۡــئًا ؕ اَ تَاۡخُذُوۡنَهٗ بُهۡتَانًا وَّاِثۡمًا مُّبِيۡنًا ۞
(اگر تم ایک بیوی کے بدلے دوسری بدلنا چاہو اور اسے (بیوی کو) ڈھیروں مال دے چکے ہو تو اس میں سے کچھ واپس نہ لو ۔کیا اسے واپس لوگے جھوٹ باندھ کر اور کھلے گناہ سے؟) (سورۃ النساء: 20)
اسی طرح اگر بیوی اپنے ازدواجی زندگی کو کسی وجہ سے ختم کرنا چاہے تو اسلام نے اسےاپنا فیصلہ لینے کا قانونی حق دیا۔اللہ کا فرمان ہے:
اِلَّاۤ اَنۡ يَّخَافَآ اَ لَّا يُقِيۡمَا حُدُوۡدَ اللٰهِؕ فَاِنۡ خِفۡتُمۡ اَ لَّا يُقِيۡمَا حُدُوۡدَ اللٰهِۙ فَلَا جُنَاحَ عَلَيۡهِمَا فِيۡمَا افۡتَدَتۡ بِهٖ
(سوائے اس صورت کے جب زوجین کو خوف محسوس ہو کہ وہ ایک ساتھ رہ کر اللہ کے حدود کو قائم نہیں رکھ سکتے ،(یعنی خاوند اور بیوی اپنے اپنے فرائض کو جو حسن معاشرت اور صحبت سے متعلق ہے ،ادا نہیں کرسکتے ۔)تو اس صورت میں جائز ہےکہ عورت اپنے شوہر کو کچھ دے دلا کر اس سے طلاق حاصل کر لے۔)
شریعت کی اصطلاح میں اسے خلع کہتے ہیں۔ خلع کے بے جا مطالبے سے اسلام نے سختی سے منع کیا ہے۔یہ نباہ نہ ہونے اور شرعی حدود قائم نہ رکھنے کی صورت میں آخری حل ہے۔حدیث میں آتا ہےکہ :
قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم : ایما امرأۃ سالت زوجھا طلاقا من غیر بأس فحرام علیھا رائحۃ الجنۃ
(نبیٔ کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہےکہ جو عورت بغیر کسی مجبوری کے اپنے شوہر سے طلاق کا مطالبہ کرے تو اس پر جنت کی خوشبو حرام ہے۔
(سنن ابی داؤد ،باب الخلع)
صلح کی ممکنہ کوشش کے باوجود اگر عورت خلع کا مطالبہ کرے تو شوہر کو نہ دینی لحاظ سے نہ اخلاقی لحاظ سے یہ زیب دیتا ہےکہ وہ اس مطالبے کے باوجود اس کو بیوی بنائے رکھنے پر مصر ہو۔عورت مرد سے خلع لے اور خلع میں شوہر کو اس کا مہر واپس کرے ۔ اس سلسلے میں ابن عباسؓ سے مروی حدیث ہے ۔وہ کہتے ہیں کہ :
ثابت بن قیسؓ کی بیوی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئیں اور عرض کیا کہ اے اللہ کے رسول!( صلی اللہ علیہ وسلم ) مجھے ثابت کے دین اور اخلاق کی وجہ سے کوئی شکایت نہیں ،لیکن میں ان کے ساتھ گزارا نہیں کرسکتی ۔نبیٔ کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس پر فرمایا کہ پھر کیا تم ان کا باغ واپس کرسکتی ہو؟ جو انھوں نے تم کو مہر میں دیا تھا ۔انھوں نے کہا جی ہاں ۔نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ثابت بن قیس رضی اللہ تعالی عنه سے فرمایا کہ باغ قبول کرلو، اور طلاق دے دو۔
(صحیح البخاری : 5273)
جب خلع کرلیں تو طلاق بائن واقع ہوجائے گی۔ خلع کا صحیح طریقہ یہ ہےکہ شوہر بیوی کے مطالبے پر ایک طلاق دے۔اس سے ایک طلاق بائن واقع ہوجائے گی۔ اس کے بعد رجوع کا موقع تو نہیں رہتا ،تاہم دونوں کی مرضی سے نیا نکاح کبھی بھی ہوسکتا ہے۔ اس کے لیے عدت مکمل ہونے کا انتظار کرنا ضروری نہیں، بلکہ دوران عدت بھی از سر نو نکاح نئے مہر کے ساتھ ہوسکتا ہے۔ مولانا مودودی رحمۃاللہ علیہ خلع کے متعلق لکھتے ہیں :
’’خلع کی صورت میں جو طلاق دی جاتی ہے۔ وہ رجعی نہیں ہے بلکہ بائنہ ہے۔ چونکہ عورت نے معاوضہ دے کر اس طلاق کو گویا خریدا ہے۔ اس لیے شوہر کو یہ حق باقی نہیں رہتا کہ اس طلاق سے رجوع کرسکے۔البتہ اگر یہی مردوعورت پھر ایک دوسرے سے راضی ہوجائیں اور دوبارہ نکاح کرنا چاہیں تو ایسا کرنا ان کے لیے بالکل جائز ہے۔‘‘(تفہیم القرآن ،صفحہ : 176)
خلع کی عد ت جمہور کے نزدیک عدتِ طلاق بائن ہے ۔تو جس طرح عام طلاق کی عدت تین ماہواریاں ہیں۔ (بشرطیکہ خاتون کو ماہواری آتی ہو) خلع کی عدت بھی جمہور کے نزدیک تین ماہواریاں ہی ہیں۔ بالغ نہ ہونے اور حیض نہ آنے کی صورت میں تین قمری ماہ اور خاتون کے حاملہ ہونے کی صورت میں وضع حمل ہے۔بعض صحابہ رضی اللہ تعالی عنہم ،تابعین اور فقہاء رحمہم اللہ کے نزدیک خلع کی عدت ایک ماہ ہے۔ ان حضرات کی دلیل حضرت ابن عباسؓسے مروی یہ حدیث ہےکہ جب ثابت بن قیسؓ کی بیوی نے ان سے خلع لیا تو اللہ کے رسول نے ان کی عدت ایک حیض قرار دی ۔(یعنی کہ ایک ماہ) (ابوداؤد: 2229 ،ترمذی : 1185)
تِلۡكَ حُدُوۡدُ اللٰهِ فَلَا تَعۡتَدُوۡهَا ۚ وَمَنۡ يَّتَعَدَّ حُدُوۡدَ اللٰهِ فَاُولٰٓئِكَ هُمُ الظّٰلِمُوۡنَ
اللہ نے طلاق اور خلع کے معاملے میں حد بندی کردی ہے۔ بس اس سے تجاوز نہ کرنا۔ اس سلسلے میں سیدنا ابو ثعلبہ الخثنی جرثوم بن ناشر رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی حدیث ہے، وہ کہتے ہیں کہ نبی ٔکریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
بے شک اللہ تعالیٰ نے کچھ امور فرض قرار دئیے ہیں ۔پس انھیں ضائع نہ کرنا،کچھ امور کی حد بندی فرمادی ہے پس اس سے تجاوز اختیار نہ کرنا ،کچھ اشیاء کو حرام قرار دیا ہے پس انھیں پامال نہ کرنا اور کچھ اشیاء سے خاموشی اختیار فرمائی ہے ،بھول کر نہیں بلکہ تمہارے ساتھ رحمت کا برتاؤ کرتے ہوئے ،پس انھیں کریدنے کی کوشش نہ کرنا ۔(دار قطنی ،جلد: 4،صفحہ: 185)
اور جو شخص ان حدود سے تجاوز کرے تو یہی لوگ ظالم ہیں۔ شرعی احکام اور اس کی حدود اللہ نے لوگوں کے فائدے کے لیے وضاحت سے بیان کیا ہے۔ ان حدود سے تجاوز معاشرے میں بد امنی ،تلخی و فساد کا سبب بن سکتا ہے ۔اور آخرت میں درد ناک عذاب کا مستحق ہوسکتا ہے۔ اللہ کا فرمان ہے :
وَ مَنْ یَّعْصِ اللٰهَ وَ رَسُوْلَهٗ وَ یَتَعَدَّ حُدُوْدَهٗ یُدْخِلْهُ نَارًا خَالِدًا فِیْهَا ۪- وَ لَهٗ عَذَابٌ مُّهِیْنٌ۠
(اور جو شخص اللہ اور اس کے رسول کی نافرمانی کرے اور اس کی حدوں سے نکل جائے، اللہ اسے آگ میں ڈال دے گا۔ جس میں وہ ہمیشہ رہے گا اور اس کے لیے ذلت کا عذاب ہے۔ اسلام شوہر اور بیوی دونوں کو ایک دوسرے سے متعلق حسن اخلاق کی تعلیم دیتا ہے، رشتوں کے حقوق ادا کرنا سکھاتا ہے، ایک دوسرے کا ہمدم و ہمدرد بننے کی تربیت کرتا ہے۔ وہ انھیں طلاق اور خلع کا حق تو دیتا ہے لیکن اس پر ابھارتا نہیں ہے، بلکہ آپسی مسائل کو حل کرلینے پر ابھارتا ہے اور اس کے رہنما خطوط سے آگاہ کرتا ہے۔ ان حقوق کا استعمال اخیر مرحلہ جب رشتے اس قدر بوجھ بن جائیں کہ جدائی کے علاوہ سبیل نہ بچے۔اللہ تعالیٰ ہمیں قرآن پر عمل کی توفیق دے ۔آ مین۔وما توفیقی الا باللہ۔
0 Comments