میری پیاری پھوپھی!
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
سب سے پہلے تو میں اللہ سبحانہ و تعالیٰ کی بے حد شکر گزار ہوں کہ اس پاک ہستی نے مجھے بےحد شفیق اور باشعور والدین کی بیٹی بنایا اور ساتھ ہی آپ جیسی باشعور پھوپھی عطا کی ہے ۔ آپ نے اپنے خط میں میرے ان سوالات کا جواب دے دیا جو اکثر میرے دل و دماغ میں اچھلتے رہتے تھے ۔
آپ کے خیالات و احساسات نے میرے دل میں ایک قسم کی ٹھنڈک اتار دی ہے۔ آپ کے تحفے (ھادیہ ای۔ میگزین لنک)کو میں نے بہت شوق سے کھولا اور اس میں ڈوبتی چلی گئی۔آپ کے اس محبت بھرے تحفے کو میں نے اپنی قرآن کلاس کی ساتھیوں کو بھی پیش کیا ۔وہ تمام بھی اس سے مستفید ہو رہی ہیں۔اس انمول تحفے کے لیے میں دل کی گہرائی سے آپ کی مشکور ہوں ۔جزاک اللہ خیراً کثیراً ۔
آپ نے نبی ﷺ کی جو حدیث بتائی کہ ’’دودھ پلانے والی ماں سرحد پر تعینات فوجی کی مانند ہے، ‘‘اس نے مجھے بہت متأثر کیا اور میں سوچ میں پڑ گئی کہ ماں اس سے بھی زیادہ کوئی چوکنا،الرٹ اور دباؤ میں ہو سکتا ہے؟
آج ہم نے اپنے بچوں کو آن لائن کلاسز کے نام پر لیپ ٹاپ اور موبائل ان کے ہاتھ میں تھما دیے ہیں۔اگر آج ہمارے پیارے نبیﷺ ہوتے تو ہمارے بارے میں کیا کہتے !
ہم ماؤں کو اپنے بچوں پرچیل کی نظر رکھنی ہوگی ۔ایک ذرا سی غلط کلک ان کی دنیا و آخرت کی تباہی کا سامان بن سکتا ہے ۔ بے شک یہ درد اور خوف کا احساس صرف تعلیم یافتہ ماں نہیں کر سکتی، بلکہ اس کے لیے دین کا شعور رکھنے والی ماں کی ضرورت ہے ۔تب ہی کہیں جا کر اس کیچڑ اور دَل دَل سے ہماری نسلیں کنول بن کر نکلیں گی ۔
اس کوشش میں جدوجہد کرتی ھادیہ ہماری اور ہماری آنے والی نسلوں کی رہنمائی کا ذریعہ بنے۔ اللہ کرے ہماری اولادیں حضرت ابراہیمؑ جیسا قلب سلیم ،حضرت یوسفؑ جیسے محسن وپاک دامن اورحضرت نوحؑ جیسے ناصح امین اورحضرت ایوبؓ جیسے صبار وشکوربنیں۔ ہماری بیٹیاں جنت کی سردار حضرت فاطمہؓ،حضرت خدیجہؓ او حضرت مریمؑ اور آسیہ جیسی نیک سیرت بنیں۔
والسلام
آپ کی بھتیجی غزالہ تزئین
بھتیجی اور پھوپھی یہ کمبنیشن کی کوئی خاص وجہ؟