جولائی ٢٠٢٢
زمرہ : النور

ابو حازم کہتے ہیں کہ میں نے حضرت ابوہریرہ ؓکو کہتے ہوئے سنا کہ میں نے اللہ کے رسول ﷺ کو یہ کہتے ہوئے سنا:

مَنْ حَجَّ لِلَهِ فَلَمْ يَرْفُثْ، وَلَمْ يَفْسُقْ، رَجَعَ كَيَوْمِ وَلَدَتْهُ أُمُّه (صحیح بخاری، حدیث نمبر: ۱۵۲۱)

’’جس نے اللہ کے لیے حج کیا، اور اس نے کوئی بے حیائی کی بات نہیں کی اور کوئی گناہ کا کام نہیں کیا، وہ اس حالت میں واپس آئے گا،جس حالت میں اس کی ماں نے اسے جنا تھا۔‘‘
یہ حدیث قرآن مجید کی ایک آیت سے ماخوذ ہے، وہ آیت یہ ہے:

الْحَجُّ أَشْهُرٌ مَعْلُومَاتٌ فَمَنْ فَرَضَ فِيهِنَّ الْحَجَّ فَلَا رَفَثَ وَلَا فُسُوقَ وَلَا جِدَالَ فِي الْحَجِّ [البقرة:۱۹۷]

’’حج کے متعین مہینے ہیں، تو جو ان میں حج کا ارادہ کرلے تو وہ جان لے کہ حج میں بے حیائی کی باتیں، گناہ کے کام اور لڑائی جھگڑا نہیں ہے۔‘‘

اس حدیث سے ہمیں کئی اہم باتیں معلوم ہوتی ہیں۔
ایک بات یہ کہ عبادت اللہ کے لیے ہونی چاہیے۔ حج بہت بڑی عبادت ہے، اس کی توفیق ملنا بڑی خوش نصیبی کی بات ہے، لیکن حج کا سفر اسی وقت اللہ کے یہاں مقبول ہوگا جب وہ خالص اللہ کی رضا کے لیے کیا جائے۔
دوسری بات یہ کہ حج کے ذریعے انسان کو پاکی حاصل ہوتی ہے۔ اس کی روح پاک و صاف ہوجاتی ہے۔جس طرح ایک نوزائیدہ بچہ بالکل معصوم اور پاکیزہ ہوتا ہے اسی طرح سے وہ پاک و صاف ہوجاتا ہے۔
تیسری بات یہ کہ انسان کو پاکی اسی وقت حاصل ہوتی ہے جب وہ گندی باتوں اور گناہ کے کاموں سے دور رہے، اگر کوئی شخص گندی باتوں اور گناہ کے کاموں سے دور نہیں رہتا تو حج جیسی پاکیزگی بخش عبادت سے بھی اسے پاکیزگی نہیں مل سکتی ہے۔
چوتھی بات یہ کہ عبادت صرف ثواب حاصل کرنے کی خاطر نہیں ہوتی ہے بلکہ اس کے ذریعے اپنے نفس کا تزکیہ بھی مقصود ہوتا ہے۔ نماز روزہ زکات حج وغیرہ تمام عبادتوں سے نفس کا تزکیہ ہوتا ہے۔
یہ حدیث بتاتی ہے کہ اللہ کو وہ بندے پسند ہیں جو اپنی اصلاح کی فکر کرتے ہیں اوربرے اخلاق سے پاک ہوکر اچھے اخلاق سے آراستہ ہونا چاہتے ہیں۔ ایک مومن کی یہی تمنا ہونی چاہیے کہ وہ اتنی ہی پاکیزہ زندگی گزارے جتنی پاکیزہ زندگی اسے اللہ نے پیدائش کے وقت عطا کی تھی۔
اگر حج کے لیے جانے والے اس حدیث کو اپنی گرہ میں باندھ کر گھر سے نکلیں تو ان کا یہ سفر زندگی کا سب سے اہم موڑ ثابت ہوگا اور وہ واقعی خوش نصیب قرار پائیں گے۔

ویڈیو :

آڈیو:

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

جولائی ٢٠٢٢