قاری کی رائے
محترمہ ایڈیٹر صاحبہ! السلام علیکم و رحمت اللہ وبرکاتہ الحمداللہ ھادیہ ای- میگزین کے ذریعہ قارئین میں نئی بیداری و شعور اُجاگر ہوا ہے۔ یہ میگزین دینی اور دنیاوی معلومات کا منبع ہے جو اردو زبان میں شائع ہونے والا پہلا میگزین ہے، جو اپنے اندر ہمہ اقسام کے معلومات سموئے ہوئے ہے۔ جیسے تحقیقی و اصلاحی، فقہی، عقیدہ، معاشرتی، معاشی، اخلاقی، سیاسی، عدل و انصاف اور شرم و حیا وغیرہ۔ حجاب، جو مسلمان خواتین کی پہچان ہے، ایک فطری محافظ ہے، سماج میں پاکیزگی اور حادثات سے بچنے کا ذریعہ بھی ہے، مع امثال سمجھایا گیا ہے۔ ازدواجی زندگی کی خوشگواری اور خوشگوار ماحول میں بچوں کی پرورش، قریبی رشتوں کی اہمیت وافادیت کو شرعی حدود میں رہتے ہوئے نبھانے کے گُر بتائے گئے ہیں۔ سوال و جواب کے ذریعے ثمر آور مشوروں سے نوازا گیا ہے۔ محترم محمد رضی الاسلام ندوی صاحب کا مضمون بہ عنوان’خدا کرے کہ جوانی تیری رہے بے داغ‘ پر سیر حاصل معلومات بہم پہنچائی گئیں ہیں، جو کمال درجے کا قابل تحسین و تقلید کارنامہ ہے۔ خاص طور پر حیا پر توجہ مرکوز کروائی گئی ہے، جس کی دورِ حاضر کے پُر آشوب دور میں شدید ضرورت ہے۔ قرآنی آیات کے حوالوں سے اولاد کی پرورش کرنے کے لیے ترغیب دلائی گئ ہے۔ ’سماجی سرگرمیاں ۔ایک تعارف‘ کے سلسلے میں عرض ہے کہ محترمہ خالدہ پروین صاحبہ جو منکسرالمزاج، مشفقانہ رویہ، عوام کی بے لوث خدمت گزار اور آہنی ارادوں کی مالک ہیں، قابل تحسین و تقلید ہیں۔ مضمون ’تصور حقوق انسانی اور اسلام ‘میں یہ سمجھایا گیا کہ اسلام ،اُخوت و محبت اور مساوات کا درس دینے والا مذہب ہے، جو تقویٰ اختیار کرنے کی تلقین اور نیک اعمال، جیسے بھلائی کا حکم دینے اور برائی سے روکنے کا حکم دیتا ہے۔ مضمون ’انسانی حقوق اور اسلام ‘کے عنوان کے تحت یہ بتلایا گیا کہ حضورﷺ کی بعثت سے انسانی حقوق کا تصور اور تحفظ کو اُجاگر کیا گیا ہے۔ آپؐنے انسانی حقوق کی صحیح اساس انسانیت کو عطا فرمائی، جس کو عمل کے ذریعہ آپؐ اور صحابہ کرامؓ اجمعین نے پیش کیا۔ تجاویز ۱۔ اُمہات المومنینؓ اور صحابیاتؓ کی حالاتِ زندگی و کارناموں پر مبنی مضامین شائع کیے جائیں۔ ۲۔غزوات پر مبنی مضامین ہوں، جن میں صحابیات بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا کرتی تھیں۔ ۳۔بدعات و شرک سے برأت کے تعلق سے کچھ نکات ہوں۔ ۴۔حرمت والے مہینوں کی تاریخی اہمیت و حیثیت سے روشناس کروایا جائے۔ الحمداللہ ہم نے تقریباً تیس سے چالیس لوگوں تک اس میگزین کا تعارف کروایا ہے۔ یہ ایک ادنی سی کوشش کی گئی ہے، اللہ تعالیٰ شرف قبولیت بخشے۔
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ ماشاء اللہ آپ ھادیہ ای- میگزین کا بغور مطالعہ کرتی ہیں، نہ صرف مطالعہ بلکہ اس کو اور کیسے بہتر بنایا جائے، اس بارے میں غور بھی کرتی ہیں۔ آپ نے لوگوں میں ھادیہ ای- میگزین کا تعارف کروایا ہے۔ جزاک اللہ خیراً۔اسی طرح دوسروں کو بھی ترغیب دیجیے کہ وہ بھی اپنے حلقۂ احباب اور رشتہ داروں تک اس کا تعارف کروائیں۔

ایڈیٹر ھادیہ ای ۔میگزین

Comments From Facebook

1 Comment

  1. فاریہ

    السلام علیکم ! میں ایک لکھاری ہوں اپنے مضامین اس سائیٹ پر پبلش کروانا چاہتی ہوں کیا آپ مجھے سپورٹ کریں گے؟

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مارچ ٢٠٢٢