خاندانی زندگی کے استحکام کے لیے ضروری ہے کہ دولہا اور دلہن کو ایک تربیتی کورس سے گزارا جائے ۔آج کل معمولی سےمعمولی کام بھی ٹریننگ کے بغیر نہیں کیے جاتے۔ عقد نکاح تو ایک بہت بڑا کام ہے۔ اس کے ذریعے سماج کا نہایت اہم ادارہ یعنی خاندان وجود میں آتا ہے۔ ایک کم عمر اور ناتجربہ کار لڑکی اور ایک نوجوان لڑکامل کر ایک ایسے ادارے کا نظام سنبھال رہے ہوتے ہیں جس کی معاشرے میں بڑی اہمیت ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ اُن کو تربیت کے عمل سے گزارا جائے۔آج کل دیگر غیر مسلم سماجوں میںاس طرح کے کورسیز اور شادی سے قبل کونسلنگ و ٹریننگ کا رواج عام ہوچکا ہے۔
اسلام انسانی زندگی کے سلسلے میں بہت تفصیلی رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ علماء نے لکھا ہے کہ اگر آپ کوئی کام کر رہے ہیں تو اس کام سے متعلق شریعت کا علم فرض ہو جاتا ہے۔ اس لحاظ سے ازدواجی زندگی کے آغاز سے پہلے اس سے متعلق ، شریعت کی تعلیمات کو جاننا فرض ہے اور یہ سماج کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کا مناسب انتظام کرے۔ اس لیے ضروری ہے کہ شادی سے قبل کونسلنگ کا مستحکم نظام ہمارے یہاں بھی رائج ہو۔
لڑکیوں کے لیے، شادی سے قبل کونسلنگ میں درج ذیل امورکا احاطہ کیا جاتا ہے۔
سب سے پہلے لڑکیوں کو ازدواجی زندگی کے اسلامی احکام بتائےجاتے ہیں اور انہیں بتایا جاتا ہے کہ یہ اللہ اور اس کے رسول ﷺکے احکام ہیں۔
کونسلنگ کی تکنیکوں کا استعمال کرتے ہوئے ان کے لاشعور کی صحیح تربیت کی جاتی ہے۔ان غلط تصورات اور مفروضوں کو ان کے لاشعور سے مٹایا جاتا ہے، جو ان کی ازدواجی زندگی کی خوشگواری میں رکاوٹ پیدا کرسکتے ہیں۔
ازدواجی زندگی کی ایک اہم ضرورت کمیونیکیشن ہے۔ شادی شدہ زندگی کے بہت سے مسائل ناقص کمیونیکیشن کی وجہ سے پیدا ہوتے ہیں ۔ اس کورس میں کمیونیکیشن کے اصول بتائے جاتے ہیں اور اس کی ٹریننگ دی جاتی ہے۔
کامیاب زندگی کے لیے جذباتی ذہانت کی بڑی ضرورت ہوتی ۔ اگر دولہا اور دلہن کو جذباتی ذہانت کے مختصر کورسز سے گزارا جائے تو یہ ان کے لیے بہت مفید ہوتا ہے اور لڑکیاں اپنے شوہر کے اور دیگر سسرالی رشتے داروں کے جذبات کا خیال رکھ کر، اپنے جذبات پر مناسب کنٹرول رکھ کر خوشگوار زندگی کی راہ ہموار کرسکتے ہیں۔
اس طرح شادی شدہ زندگی ،زندگی کا ایک بہت ہی اہم مرحلہ ہے۔ یہ ایک لڑکی کی زندگی کا خوبصورت ترین موڑ ہوتا ہے جس پر اسے محبت کرنے والے شریک زندگی کا حاصل ہوتا ہے۔نئے رشتے بنتے ہیں اور نیا خاندان وجود میں آتا ہے۔ لیکن یہ خوبصورت مرحلہ ، لڑکی کے نازک کاندھوں پر بہت سی ذمے داریاں بھی ڈالتا ہے اور بہت سے چیلنج بھی لاتا ہے۔ ان ذمے داریوں کو بحسن و خوبی ادا کرنے کی صلاحیت پیدا ہوجائے تو زندگی انتہائی پر لطف اور حسین و جمیل ہوجاتی ہے اور نیا گھر دنیا میں جنت کا نمونہ بن جاتا ہے ۔
اس کورس کا مقصد اور ہدف ، نکاح کے رشتے میں بندھنے والی ہر لڑکی کو اس مقصد کے لیے تیار کرنا ہے تاکہ ہر گھر ازدواجی سکون اور مودت و رحمت کا گہوارہ بنے۔ ہر بچے کو اپنی افزائش کے لیے جنت نشان گھر میسر آئے اور بالآخر پورا معاشرہ صحت مند ہوجائے۔
مکمل گفتگو سننے کے لیے نیچے کلک کریں
0 Comments