نومبر٢٠٢٢

کلامِ الٰہی کتابِ ہدایت
منزّل من اللہ طریقِ عبادت
بصارت نظامِ عدالت بصیرت
منظم شفاء اور پیغامِ رحمت
یہی سیدھا رستہ یہی راہِ جنت
ہمارا ہے محور اسی کی اقامت

خدا کی نظر میں حقیقت یہی ہے
ضمانت یہی ہے صداقت یہی ہے
یہی فضل و احساں فضیلت یہی ہے
اسی میں ہے فرحت حفاظت یہی ہے
رضائے الٰہی یہی ہے بشارت
ہمارا ہے محور اسی کی اقامت

ہدایت کا سامان فرقان بھی ہے
ہماری بھی پہچان، ایمان بھی ہے
چلے گا جو اس پر وہ ذیشان بھی ہے
خدا کا مکمل یہ فرمان بھی ہے
مبارک حقیقت طریقت شریعت
ہمارا ہے محور اسی کی اقامت

جو ذرّے تھے وہ کہکشاں ہوگئے ہیں
ستمگر یہاں مہرباں ہوگئے ہیں
جو پتھر تھے جنت نشاں ہوگئے ہیں
کڑی دھوپ میں سائباں ہو گئے ہیں
فصاحت بلاغت شفاعت حلاو ت
ہمارا ہےمحور اسی کی اقامت

تری زندگانی کی تعمیراس میں
کہ پوشیدہ قوموں کی تقدیر اس میں
مکمل ہدایت کی تاثیر اس میں
حقیقت میں جنت کی تبشیر اس میں
کرامت شہادت پیام شجاعت
ہمارا ہے محور اسی کی اقامت

غموں سے جو عالم تڑپنے لگا تھا
تو پھر ابر رحمت برسنے لگا تھا
صداؤں سے شیطان ڈرنے لگا تھا
کہ باطل کا خرمن بکھرنے لگا تھا
یہی نسخۂ کیمیاءِ ہدایت
ہمارا ہے محور اسی کی اقامت

سمندر کے دھارے بدل ڈالے سارے
یہ اخلاق و کردار بھی ہیں سنوارے
بلایا زمانے کو ہانکے پکارے
امیر اور بے کس بھی کیا بے سہارے
اسی میں ہے بخشش اسی میں ہے جنت
ہمارا ہے محور اسی کی اقامت

رکھا اس نے دنیا کا نقشہ بدل کر
کہ ظلمت کے ماروں کا حلیہ بدل کر
گلستاں بنایا ہے صحرا بدل کر
بروں کو بنایا ہے اچھا بدل کر
تلاوت میں ایمان کی ہے حرارت
ہمارا ہے محور اسی کی اقامت

ویڈیو :

آڈیو:

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نومبر٢٠٢٢