۲۰۲۲ ستمبر
ھادیہ ای میگزین کی شروعات اسلامی معاشرہ کی تعمیر ِنو کی جانب ایک انقلابی قدم کہا جائےتو بے جا نہ ہوگا۔ تعلیم، تدبیر اور تعمیر؛ماہنامہ ھادیہ کےاس نعرہ سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہادیہ ای میگزین نے تعلیم اور تدبیر کے ذریعہ اسلامی معاشرہ کی تعمیر ِنو کاایک اہم اور حساس بیڑہ اٹھایا ہے ۔ میگزین کی شروعات کے پس پردہ کار فرما خیالات اور شخصیات یقیناً قابل ِ تعریف ہیں ۔جن کی کاوشوں نے ایک ایسے ہمہ جہت میگزین کی داغ بیل ڈالی، جس کے ذریعہ اسلامی معاشرے ،خصوصاً خواتین میں تعلیم وتربیت کے ساتھ ساتھ سیاسی ، سماجی اور مذہبی شعور کی بیداری ممکن ہوپائے گی ۔
ماہنامہ ھادیہ ای میگزین کے مختلف زمروں پر روشنی ڈالی جائے تو ایسا لگتا ہے کہ ھادیہ ای میگزین کےہرگوشہ سے علم او ر تعلیم کی کرنیں پھوٹ رہی ہیں ۔میگزین کی اشاعت میں سب سے عمدہ پہلو درس ِقرآن اور درسِ حدیث کے ذریعہ قرآن اور احادیث کی تعلیمات سے خواتین اور اسلامی معاشرے کو روشناس کروانا ہے۔ درس قرآن اور درسِ حدیث کے النور نامی زمرے سے ظاہرہوتا ہے کہ اس کے ذریعہ قرآن اور احادیث کے نورسے معاشرے میں چھائی تاریکی کو دورکرنے کے اقدامات کیے جارہے ہیں ۔
ھادیہ میگزین کےشماروں میں شامل عکس ھادیہ ،سخن سراپا، گوشۂ مطالعہ، فوز و فلاح ،گرلز پلانٹ، صحت و صلاح ،حقائق مع اعداد و شمار، خواتین کی معاشرتی الجھنیں،کیس اسٹڈی،ای استاد، معمار جہاں تو ہے ، بولتی تصویریں ، اولاد کا مستقبل آپ کے ہاتھ ،تعلیم و روزگار، سیاسی منظر نامہ ،ادبی فن پارے،تدابیر و تراکیب ،خبر پر نظر،بچوںکا صفحہ، ننھے آرٹسٹ اور بہنیں پوچھتی ہیں؛ جیسے عنوانات کے تحت قلمبند تمام مضامین اور اس میں شامل مسائل و موضوعات ،مسلم خواتین کی رہنمائی اور رہبری کی جانب ایک اہم سنگ میل ہیں۔ میگزین میں سماج کے ہر گوشہ سے خواتین کو متعارف کروانےکی سعی کی گئی ہے جوکہ بدلتے دور کی ایک اہم ضرورت ہے ۔
مذہبی، قانونی، سیاسی، سماجی اور ادبی نقطۂ نظر سے مطالعہ کا ذوق وشوق رکھنے والے ہرفرد کی تشنگی دور کرنے میں یہ میگزین معاون ہے ۔’’رائیگانی کا ماتم کیوں ؟ صبح نو ہے منتظر ‘‘کے عنوان سےا گست شمارے کے اداریہ میں شامل ایک ایک لفظ ہمارے بزرگوں کے لئےحوصلہ بخش ہے۔اداریہ میں جو مثالیں پیش کی گئیں اس سے یقیناً ہمارے بزرگوں کو ایک نیا حوصلہ اور ہمت عطاء ہوئی ہے۔ موبائل پکڑتی نسلوں کو انگلی پکڑ کر مسجد لے جانے کی تجویز نہایت مفید اورعمدہ ہے۔ خاص طور پر ایکی گائی یعنی مقصد زندگی نامی جاپان کی کتاب کا تذکرہ ہمارے بزرگوں کے لئے حوصلہ بخش ہے ۔ جس میں جاپان کے ایک ایسے شہر کا تذکرہ کیاگیا ہے جہاں افراد نوے سال تک ریٹائرڈ یعنی سبکدوش نہیں ہوتے ۔وہاں تھک کر بیٹھ جانے کا کوئی تصور نہیں ہے۔ وجہ یہی کہ اپنا پسندیدہ کام کرتےہیں اور کرتے چلے جاتے ہیں ۔ سوچ توانا ہوتو خیالات وصحت سبھی توانا ہوں گے ۔
اداریہ میں قلمبند تیرہ تجاویز بزرگوں کے ذریعہ نئی نسل اور بہتر معاشرے کی تعمیر میں سو فیصد کار آمد ہیں۔گذشتہ ڈیڑھ سال کے عرصہ سے بلاوقفہ جاری ھادیہ ای میگزین کی ای نشر یات پر میں ای میگزین کی ترتیب اورنشریات میں شامل ہر فر دکو مبارک باد دیتی ہوں ،اور امید کرتی ہوں کہ اس ای میگزین کو ہارڈ کاپی یعنی کتابی شکل میں ہرگھر میں دستیاب کروایا جائے،تاکہ اس کے مطالعہ میں مزید آسانی ہو اورکتابی شکل کی نفع بخش صورت میں نئی نسل بھی میگزین سے بہرہ ور ہو ۔
اللہ رب العزت کی بارگاہ میں دعاء گو ہوں کہ وہ اس میگزین کے ذریعہ کی جانے والی کاوشوںکو قبول فرمائے ،اور اس میگزین کی نشر و اشاعت میں آسانیاںپیدا فرمائے ۔ اس میگزین کو عالمی سطح پر مقبولیت اورشہرت حاصل ہو۔ ای میگزین کے ساتھ ساتھ ہارڈکاپی یعنی کتابی شکل کی اشاعت میں آسانیاں پیدا فرمائے۔ میگزین کی ہارڈ کاپی کو بھی شہرۂ آفاق شہرت حاصل ہو ۔ اس میگزین کے ذریعہ نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا کے کونے کونےمیں اسلامی تعلیمات کی شمع روشن ہو ۔ آنے والی نسلوں کے لئے یہ میگزین مشعل ِ راہ ثابت ہو ۔ یہ میگزین ہماری بہنوں کو اپنے اخلاق و کردار سنوارنے میںمعاون ثابت ہو ۔آمین یارب العالمین
وعلیکم السلام
اللہ آپ کو اجر عطا کرے کہ نہ صرف آپ نے ھادیہ کا مطالعہ کیا ۔ھادیہ کو پرنٹ کرنے کی تجویز دلیل کے ساتھ پیش کیا ۔
آپ کی تجویز کو ھادیہ ٹیم تک پہنچادیا ہے اللہ آسانی فرمائے ۔البتہ ھادیہ کے منتخب مضامین کا مجلہ عنقریب پرنٹ ہوکر آجائے گا ۔
تاکہ ہم اپنے قارئین کے مزاج کو سمجھ سکیں ۔آپ کا تعاون اس سلسلے میں سب سے اھم ہے ۔
شکرا جزیلا

ایڈیٹر ھادیہ ای- میگزین

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

۲۰۲۲ ستمبر